۲۰۲۲ء میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز کے دوسرے سیزن میں طاہر راج بھسین،شویتا ترپاٹھی، آنچل سنگھ اور سوربھ شکلا کی عمدہ اداکاری۔
EPAPER
Updated: December 01, 2024, 12:53 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
۲۰۲۲ء میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز کے دوسرے سیزن میں طاہر راج بھسین،شویتا ترپاٹھی، آنچل سنگھ اور سوربھ شکلا کی عمدہ اداکاری۔
یہ کالی کالی آنکھیں ۲(Yeh Kaali Kaali Ankhein 2)
اسٹریمنگ ایپ :نیٹ فلکس(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:طاہر راج بھسین، شویتا ترپاٹھی، آنچل سنگھ، سوربھ شکلا، ارونودے سنگھ، ورون بدولا، گرمیت چودھری
ڈائریکٹر:سدھارتھ سین گپتا
رائٹر:سدھارتھ سین گپتا
پروڈیوسر:سدھارتھ سین گپتا، جیوتی ساگر، کرشما پنویلکر، زہیب علی، وشاکھا جوشی، دھارمک ماتھر، پرسنتھ کمار چندرن
موسیقی:انوج دنایت، شیوم سین گپتا
ایڈیٹنگ:راجیش پانڈے، خوشبو شکلا
سنیماٹوگرافی: مرلی کرشنا، مرزی پگڑی والا، راہل چوہان
کاسٹنگ:روی آہوجا، شیوم گپتا، انمول آہوجا
ریٹنگ: ***
جب بھی پرجوش محبت کی کہانی کا ذکر ہوتا ہے تو سب سے پہلے جو چیز ذہن میں آتی ہےتو وہ فلم ڈر کےشاہ رخ خان ہیں۔ انہیں شاہ رخ خان کی ایک اور فلم ’بازیگر‘کاگانا ’یہ کالی کالی آنکھیں ‘ ہے۔ اسی عنوان کے ساتھ ایک ویب سیریز۲۰۲۲ءمیں ریلیز ہوئی تھی جس کا دوسرا سیزن اب آچکاہے۔ نئے سیزن کی کہانی بھی جذباتی محبت پر مبنی ہےجس میں محبت، فریب، ایکشن اور جذبات جیسے تمام مصالحے موجودہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ یہاں ک ک کرن کہتا ہواعاشق نہیں بلکہ کالی کالی آنکھوں میں قید کرنے والی محبوبہ ہے۔
سیریز کی کہانی
دوسرے سیزن میں، کہانی پچھلے سیزن سے آگےجاری رہتی ہے، جہاں وکرانت(طاہر راج بھسین)کازبردستی گلے پڑی ہوئی اپنی بیوی پوروا اوستھی (آنچل سنگھ) کو مارنے کا منصوبہ ناکام ہو جاتا ہےکیونکہ اس کا کنٹریکٹ کلر(کرائے کا قاتل)جالان (ارونودے سنگھ) اسے دھوکہ دے کرپوروا کو مارنے کے بجائےاغوا کرلیتاہے اور ۱۰۰؍کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرتاہے۔ وکرانت کی واحد خواہش ہے کہ پوروا کبھی واپس نہ آئے اور وہ اپنی محبت شکھا (شویتا ترپاٹھی شرما)کے ساتھ ایک چھوٹی سی دنیا بسا سکے۔ تاہم اس کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم ہوتی نظر نہیں آرہی ہیں۔
جب شکھا کی شادی ایک پولیس افسر سے ہو جاتی ہے، وہ بھی مسلسل اس خوف میں رہتی ہے کہ پوروا کے گینگسٹر باپ اکھیراج (سوربھ شکلا) کو پتہ چل جائے گاکہ اغوا میں اس کا بھی ہاتھ ہے۔ یہاں، ۲؍ اور کردار کہانی میں داخل ہوتے ہیں۔ شیرپا ورون بدولا، اکھیراج کاپرانا دشمن، جالان کو اکھیراج کو مارنے اور پوروا کو بحفاظت اس کےحوالے کرنے کے لیے ایک ہزارکروڑکی پیشکش کرتا ہے۔ یہاں، پوروا سے یک طرفہ محبت کرنے والاجیمز بانڈ نما دوست گرو گرمیت چودھری بھی اسے بچانے آجاتاہے۔ ایسے میں پوروا زندہ رہےگی یا نہیں ؟ کیا وکرانت اپنے مقصد میں کامیاب ہوگا؟ ہمیں یہ سب باتیں سیریز دیکھنے کے بعد ہی معلوم ہوسکیں گی؟
ہدایت کاری
مصنف اور ہدایت کار سدھارتھ سین گپتا نے کہانی کو دلچسپ رکھنےکے لیے بہت سارے موڑشامل کیے ہیں، جس سے کہانی میں دلچسپی برقرار رہتی ہے۔ اس بار کہانی کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے جو یوپی سے دہلی، اتراکھنڈ، لندن، نیپال تک پہنچتا ہے۔ اتراکھنڈ میں پھیلی برف کی وادیوں میں دھواں دھار ایکشن مناظر دلکش نظر آتے ہیں۔ کہانی تیز رفتاری سے آگے بڑھتی ہے، پس منظر کی موسیقی کے ساتھ جوش و خروش جاری رہتا ہے۔ اس کے باوجود بلی اور چوہے کے کھیل میں کافی وقت گزرجاتا ہے۔ جیسے ہی کہانی میں نئے انکشافات کے ساتھ مزہ آنےلگتا ہے، اسے اگلے سیزن کے لیے محفوظ کر لیا جاتا ہے۔ اسی وقت، پوروا اور ادھیراج، جو سیریز کے سب سے دلچسپ کردار ہیں، کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ پوروا ۶؍ میں سے۴؍ ایپی سوڈمیں قید میں ہی رہتی ہے۔
اداکاری
اس کے باوجود جب بھی پوروا بنی آنچل سنگھ کو موقع ملتا ہے، وہ اپنی طاقت دکھانے میں ناکام نہیں ہوتیں۔ اداکاری کی بات کریں تو طاہر راج بھسین نے بھی بہت اچھا کام کیا ہے۔ پوروا سے جان چھڑانے کی تڑپ، کسی بھی وقت راز کے کھل جانے کا خوف، قسمت کے ہاتھوں بار بار ہارنے کی مایوسی، یہ سب اس کے چہرے، تاثرات اور آنکھوں سے ٹپک رہے تھے۔
اس کے علاوہ گرمیت چودھری نے بھی زبردست انٹری دی ہے۔ وہ اسکرین پر بہت خوبصورت لگ رہی ہے۔ ان کے علاوہ برجیندر کلا، ارونودے سنگھ، شویتا ترپاٹھی شرما بھی اپنےکرداروں کے ساتھ انصاف کرتےہیں۔ ہاں، ۱۲؍ویں فیل میں شاندارپرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے اننت جوشی کو چند مناظر تک محدود رکھنا عجیب بات ہے۔ جبکہ ورون بدولا کو کچھ خاص کرنے کا موقع نہیں ملا۔
نتیجہ
اگر آپ مسالہ فلموں کے پرستار ہیں، تو محبت اور دھوکہ دہی کی یہ پرجوش کہانی مایوس نہیں کرے گی۔