Inquilab Logo

فلاح کیلئے نصیحت ضروری ہے

Updated: June 09, 2023, 12:05 PM IST | Mudassar Ahmad Qasmi | Mumbai

ایک خوبصورت سماج کی تشکیل کے لئے جس طرح سماج کے ہر فرد کا فعال اور متحرک ہونا ضروری ہے، اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ سماج میں ایک طبقہ ایسا ہو جو فعال بنے رہنے کی تحریک کو تازہ دم رکھے۔

We cannot save ourselves by blaming the new generation
نئی نسل کو موردِ الزام ٹھہرا کر ہم اپنا دامن نہیں بچا سکتے

ایک خوبصورت سماج کی تشکیل کے لئے جس طرح سماج کے ہر فرد کا فعال اور متحرک ہونا ضروری ہے، اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ سماج میں ایک طبقہ ایسا ہو جو فعال بنے رہنے کی تحریک کو تازہ دم رکھے۔اس وجہ سے کہ انسان کی کیفیت ہمیشہ یکساں نہیں ہوتی؛ کبھی وہ خوب فعال اور متحرک ہوتا ہے اور کبھی سست پڑجاتا ہے، یہی وہ موقع ہوتا ہے جب سماجی مصلحین کی یہ ذمہ داری ہو جاتی ہے کہ وہ سست پڑتے لوگوں کی روح میں چستی کی ہوا بھریں اور انہیں غیرفعال اور ناکارہ ہونے سے بچالیں۔
 جب ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کی زندگی کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں اس بات کا بخوبی علم ہوجاتا ہے کہ متحرک رہنے اور رکھنے کی صفت ان کے اندر بدرجہ ٔ  اتم پائی جاتی تھی۔ چنانچہ ان کی اکثر مجلسیں اور ملاقاتیں صرف اس وجہ سے ہوتی تھیں کہ زندگی کی حرارت برقرار رہے تاکہ انسانیت کی کامیابی و ترقی کی تاریخ رقم ہوتی رہے۔ فعال رہنے اور رکھنے کی اس تحریک میں ایمان کو مرکزی مقام حاصل تھا، چنانچہ ان کی یہ کوشش رہتی تھی کہ زندگی کے تمام شعبوں کو زندہ رکھنے کے لئے ایمان کی لوَ کو مدھم نہ پڑنے دیا جائے۔ لہٰذا بخا ری شریف کی ایک روایت کے مطابق صحابۂ کرامؓ کا یہ ایک مستقل مشغلہ تھا کہ وہ ایک دوسرے کو ایمان تازہ کرنے کیلئے مل بیٹھنے کی دعوت دیا کرتے تھے۔ اس حوالے سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ قول ہمارے لئے دعوت فکر و عمل ہے، عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بے شک ایمان تم میں سے کسی شخص کے سینے میں اسی طرح بوسیدہ ہوجاتاہے، جس طرح (پرانا) کپڑا بوسیدہ ہوجاتا ہے، پس تم اللہ سے سوال کیا کرو کہ وہ تمہارے دلوں میں ایمان کی تجدید کر دے۔“ (مستدرک حاکم)
صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین ایمان کے تعلق سے فعال و متحرک رہنے اور رکھنے کی کوشش کے بعد زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی فعال و متحرک رہنے اور رکھنے کی جد و جہد کیا کرتے تھے۔یہاں سے یہ نکتہ بھی نکل کر آتا ہے کہ اگر ایمان میں حرارت ہے تو اس حرارت کا اثر زندگی کے دیگر شعبوں پر بھی یقینی پڑےگا۔ تاریخ گواہ ہے کہ صحابہ کرامؓ نے نہ صرف حصول علم میں فعالیت کا مظاہرہ کیا بلکہ تبلیغ دین سے لے کر خدمت خلق تک اور معیشت سے لے کر  معاشرت تک زندگی کا بھر پور ثبوت پیش فرمایا۔ یہی وہ مصروفیت تھی جس کی وجہ سے ان کی زندگی میں منفی رجحانات، بے عملی اور  مقصدیت سے دوری کے کوئی آثار نظر نہیں آتے۔
مذکورہ پس منظر کے آئینے میں جب ہم اپنی زندگی کا جائزہ لیتے ہیں تو یہ پاتے ہیں کہ عمومی طور پر اکثر لوگ اور خصوصی طور پر نسل نو زندگی کے اکثر شعبوں اور موقعوں میں غیر فعال و غیر متحرک نظر آتی ہے۔اگر حقیقت کا اعتراف کر لیا جائے تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ انہیں سہل پسندی کی بیماری لگ گئی ہے۔ جدید اصطلاح میں اسے ’’کمفرٹ زون‘‘  میں جانا کہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی کامیابی کے حصول کے لئے کمفرٹ زون سے باہر نکلنا یعنی سہل پسندی کے مرض سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ 
جیسا کہ ہم نے مضمون کے شروع ہی میں یہ واضح کردیا تھا کہ مصلحین کے لئے سماج کے افراد کو فعال و متحرک رکھنا بہت اہم ہے، اس لئے یہ تحقیق بھی ضروری ہے کہ کہیں ذمہ داران اس تعلق سے غفلت کے شکار تو نہیں ہیں۔ اگر ایسا ہے تو انہیں اس قرآنی آیت پر ضرور غور کرنا چاہئے جس میں آپ ﷺکو مخاطب کر کے فرمایا گیا ہے:’’اور آپ نصیحت کرتے رہیں، بیشک نصیحت مومنوں کو فائدہ دیتی ہے۔‘‘ (الذاریات:۵۵) ظاہر ہے کہ دنیا کے عظیم ترین مصلح کو جب یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ لوگوں کو سمجھاتے رہیں کیونکہ فعال و متحرک رکھنے کا یہ سب سے بنیادی آلہ ہے، تو ہماری بھی یہ ذمہ داری ہے کہ افہام و تفہیم کا سلسلہ قائم اور جاری رکھیں، بصورت دیگر نسل نو کی تباہی کے ذمہ دار ہم بھی ہوں گے۔ 
 ہمیں یہ غور کرنا ہے کہ نسل نو کو مثبت معنی میں فعال و متحرک رکھنے کیلئے ہمارے پاس کیا منصوبے ہیں اور ہم ان منصوبوں کو کس حد تک عملی جامہ پہنا رہے ہیں؟   صورت حال یہ ہے کہ انفرادی و اجتماعی کوششوں کے بجائے ہمارا کام محض نسل نو کو کوسنا اور اس کی غلطیوں پر واویلا مچانے کا رہ گیا ہے۔ کبھی ہم یہ کہتے ہیں کہ انہیں موبا ئل کی لت لگ گئی ہے اور کبھی یہ کہتے ہیں کہ یہ خود سر ہو گئے ہیں اور بڑوں کی بات نہیں مانتے۔ سوال یہ ہے کہ ہم نے انہیں موبائل کا کیا متبادل دیا ہے یا انہیں فرمانبردار بنانے کیلئے کیا جتن کئے ہیں؟ اس کا ہمارے پاس معقول جواب نہیں ہے۔ اسلئے ہمیں سر جوڑ کر بیٹھنا  اور نسل نو کو فعال و متحرک رکھنے کیلئے مؤثر منصوبہ بنانے کے ساتھ اس پر عمل در آمد کو یقینی بنانا ہے، نہیں تو ہمارا حال بھی تباہ ہوگا اور مستقبل بھی تاریک۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK