Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

انٹرنیٹ کے عہد میں رائج چند الفاظ اور مفاہیم

Updated: February 28, 2025, 2:02 PM IST | Shamim Tariq | Mumbai

سوشل میڈیا نے زبان اور اس کے لفظوں کے استعمال میں بنیادی تبدیلیاں کی ہیں۔ ان کالموں میں چند الفاظ اور ان کے بدلتے مفہوم کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا ہے۔

Photo: INN
تصویر:آئی این این

کھیلنے اور کھلواڑ کرنے میں  فرق ہے اس لئے یہ تو کہہ سکتے ہیں  کہ ہر زبان کا ادیب اس زبان کے الفاظ سے کھیلتا ہے، یہ نہیں  کہہ سکتے کہ کھلواڑ کرتا ہے ایسا کرنے والے بھی ہوتے ہیں  مگر وہ ادیب نہیں  ہوتے۔ زندہ زبان ہونے کے سبب اُردو میں  بھی نئے الفاظ یا پرانے الفاظ نئے معنی میں  استعمال ہوتے رہتے ہیں ، نئی اصطلاحات وجود میں  آتی ہیں ۔ کمپیوٹر لٹریسی ایک نئی اصطلاح یا ترکیب ہے جو کمپیوٹر کا استعمال جاننے والوں  کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ ٹیلی ویژن اور دیگر الیکٹرانک میڈیا کی عمومیت کے سبب ایک ثقافت کا دوسری ثقافت پر اور اسی طرح ایک زبان کا دوسری زبان پر اثر بھی مرتب ہورہا ہے۔ سوشل میڈیا نے بھی زبان اور اس کے لفظوں  کے استعمال میں  بنیادی تبدیلیاں  کی ہیں  مثلاً اسمارٹ فون پر گھنٹوں  گفتگو کرنے والے عام بول چال میں  استعمال ہونے والے لفظوں  کا درست اور بے تکلف استعمال کرتے ہیں ۔ یہ ’سلینگ‘ کہلاتا ہے۔ Slang کا اصل مطلب فحش اور بازاری گفتگو ہے مگر سوشل میڈیا پر فراٹے دار گفتگو کو بھی سلینگ کہتے ہیں ۔ شائستہ گفتگو کرتے ہوئے جن لفظوں  سے اجتناب کیا جاتا ہے سلینگ میں  وہ الفاظ بھی استعمال ہوتے ہیں ۔ ۲۰۲۴ء میں  جو الفاظ سلینگ کے زمرے میں  رکھے گئے یا جن کے استعمال میں  بہت زیادہ اضافہ ہوا وہ یہ ہیں ۔ ڈی میور (Demure) کا مطلب سنجیدہ اور متین ہے مگر عموماً اس کا استعمال کم گو اور شرمیلی لڑکیوں  یا خواتین کیلئے کیا جاتا ہے۔
 Mogging کا مطلب جسمانی طور پر اپنے حریف سے بہتر نظر آنا ہے مگر سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے اس لفظ کو کئی معنی میں  استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح کسی چیز یا خیال کو فرسودہ یا خراب کہنا ہو تو اس کو چیوگی (Cheugy) کہتے ہیں ۔ ڈی لو لو (Delulu) انگریزی کے لفظ Delusional کا مخفف ہے مگر اس سے خیالی یا فرضی دنیا میں  رہنے والے شخص کو مراد لیتے ہیں ۔ ادھر کچھ عرصے سے مونگیری لال بھی اسی مفہوم کو ادا کرتا ہے۔ ’مونگیری لال کے سپنے‘ کے نام سے کئی سیریل بھی بنے تھے جس میں  ایسا ہی ایک شخص دکھایا گیا تھا جو اپنے ہی سپنوں  میں  گم رہتا ہے۔ پوکی (Pookie) بہترین دوست کو کہتے ہیں ۔ انٹرنیٹ پر اسکا چلن عام ہوگیا ہے۔ بے تکلف دوست کو اسی لفظ سے پکارا جانے لگا ہے۔ جین (Gene) حیاتیات کی سائنس ہے اور اسرارِ حیات کی گرہوں  کو کھولتا ہے۔ میٹ رڈلی (Mat Ridley) نے کچھ عرصہ قبل اسی موضوع پر ایک کتاب لکھی تھی جس کی سب سے بڑی خوبی انداز نگارش میں  اس کی خوبصورتی تھی۔ یہ کتاب ۲۳؍ ابواب پر مشتمل ہے۔ مصنف نے پہلے باب میں  جینیٹک سائنس کی تاریخ بیان کی ہے اور پھر وہ ایک ایک کرکے ’کروموزومس‘ کے بارے میں  بتاتے چلے گئے ہیں ۔ تاریخ کے علاوہ انہوں  نے یہ بھی بتایا ہے کہ ’کروموزومس۔۴‘ کو قسمت کیوں  کہتے ہیں ؟ ان کا کہنا ہے کہ اس ’کروموزوم‘ میں  ایک ایسی جین ہے جو کچھ بیماریوں  کو جنم دے سکتی ہے۔ انہوں  نے مختلف جین کے آپسی رشتوں  پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ انہوں  نے یہ بھی بتانے کی کوشش کی ہے کہ جین کن چیزوں  سے مؤثر اور کن چیزوں  یا عوامل سے غیر مؤثر ہوتا ہے۔ کروموزوم۔۴؍ کے بارے میں  ان کا کہنا ہے کہ یہی جین ہے جس کو Wolf-Hirschhorn Syndrome نامی بیماری کا سبب مانا گیا ہے۔ اسی بیماری کے ضمن میں  وہ اس سوال پر بھی بحث کرتے ہوئے نظر آتے ہیں  کہ کیا جین کسی یا بعض بیماریوں  کا سبب بنتے ہیں  اور جواب بھی دیتے ہیں  کہ یہ بیماری بہت کم لوگوں  کو ہوتی ہے لیکن اس کی وجہ سے انسان کی موت کم عمر میں  ہی ہونے لگتی ہے۔ مستقبل میں  جینیٹک سائنس کے انسانی زندگی پر اثرات کتنے زیادہ ہونگے اسکا احساس دلائے ہیں  یہ کتاب بہت کامیاب ہے۔
 بیج فلیگ (Beige Flag) اس شخص کو کہتے ہیں  جو ضروری کام خاص طور سے معاملات عشق کو انجام دینا بھول جاتا ہو مگر اس ترکیب کا استعمال وسیع تر معنی میں  بھی کیا جاتا ہے۔ ایسے اشخاص سے سابقہ ہر شخص کا پڑتا ہے۔ مشہور سائنسداں  آئن اسٹائن کے بارے میں  مشہور ہے کہ ایک بار ریل پر سوار تھا کہ ٹکٹ چیکر نے ٹکٹ طلب کیا۔ وہ ٹکٹ تلاش کرنے لگا جو نہیں  ملا۔ ٹکٹ چیکر اس کو پہچانتا تھا اس لئے ہنستا ہوا آگے بڑھ گیا۔ واپس ہوا تب بھی آئن اسٹائن جھک کر ٹکٹ تلاش کر رہا تھا۔ ٹکٹ چیکر نے کہا میں  نے تو آپ کو ٹکٹ دینے پر مجبور نہیں  کیا تھا مگر آپ ٹکٹ کیلئے اب بھی پریشان ہیں ۔ اس نے جواب دیا کہ مَیں  ٹکٹ اس لئے تلاش کر رہا ہوں  کہ معلوم کرسکوں  کہ مجھے جانا کہاں  ہے؟ ایسے واقعات ہمارے اردگرد کے لوگوں  کو تو کیا خود ہمیں  بھی پیش آتے رہتے ہیں  لیکن کبھی کبھی۔

یہ بھی پڑھئے : بہار میں تقابلی سیاست کیا گل کھلائے گی؟

 بریٹ (Brat) اس شخص کو کہتے ہیں  بدسلوکی اور بدزبانی کے سبب کوئی اس کو پسند نہ کرتا مگر انٹرنیٹ کی دنیا میں  جین زی نے اس کو ایک مثبت لفظ بنا دیا ہے۔ انٹرنیٹ میں  اس لفظ کو اس طرح استعمال کیا جاتا ہے کہ بریٹ شرمندہ ہونے کے بجائے فخر محسوس کرتے ہیں ۔ رومن امپائر کی تاریخ ابھی بھلائی نہیں  گئی ہے۔ کچھ دوسرے امپائر بھی تاریخ کا حصہ ہیں ۔ اُردو اور ہندی میں  Imperialism کا ترجمہ عظیم سلطنت یا سامراج کیا جاتا ہے جو وسیع تر حلقے میں  سمجھا جاتا ہے۔ مفہوم کے اعتبار سے غیر ملک، رقبہ، علاقہ یا قوم و جماعت پر فوجی، اقتصادی، تہذیبی تسلط جمایا جانا سامراج کہلاتا ہے۔ انیسوی صدی کی یورپی سامراجی طاقتوں  نے تو حرب و ضرب، صنعتکاری اور سائنس و ٹیکنالوجی میں  اپنی برتری کے سبب یورپ و ایشیاء کے کئی ملکوں  پر قبضہ کر لیا تھا۔ سامراج کے مقاصد سیاسی بھی ہوتے ہیں  اور اقتصادی و فوجی بھی۔ مگر انٹرنیٹ میں  اس سے وہ مفہوم مراد نہیں  ہے جو قدیم زمانے سے ہمارے ذہنوں  میں  محفوظ ہے بلکہ اس کا نیا مفہوم خاص طور سے جو ۲۰۲۴ء میں  رائج ہوا ہے یہ ہے کہ کوئی بات کسی کے ذہن سے نکل نہیں  رہی ہے اور وہ مسلسل اسکے ہی بارے میں  سوچ رہا ہے۔
 ان مثالوں  سے واضح ہوجاتا ہے کہ انٹرنیٹ کے عہد میں  ہماری زبان بھی بدل رہی ہے اور زبان پر ایسے الفاظ اور ان کے مفاہیم چڑھے ہوئے ہیں  جو پہلے نہیں  تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK