• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مشکلات اور آزمائش کا سامنا ہے؟ سیرت ِ نبویؐ کا مطالعہ کیجئے

Updated: September 13, 2024, 3:04 PM IST | Mudassir Ahmad Qasmi

نیک اور اچھے لوگوں پر جو حالات آتے ہیں وہ وقتی ہوتے ہیں اور وقت گزرنے کیساتھ درست ہو جاتے ہیں لیکن اسکے لئے انہیں صبر اور جہد مسلسل کو لازم پکڑنا ہوتا ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ہر مسلمان اس بات سے دلی اطمینان محسوس کرتا ہے کہ وہ عقیدہ توحید کا علمبردار اور نبی اکرم ﷺ کے خاتم نبوت ہونے کا دل سے قائل ہے۔ ایمان کی ان مضبوط بنیادوں کوحرز جاں بنانے کے بعد مسلمان اس عارضی دنیا میں ایک پر کیف زندگی گزارتا ہے اور آخرت میں ناقابل بیان و تصور انعامات کی توقع کرتا ہے۔ ایسا اس وجہ سے ہوتا ہے کہ یہ وعدۂ خداوندی کے مطابق ایک سچے مسلمان کا حق ہے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’مرد ہو یا عورت، اگر مسلمان ہوتو جو بھی نیک عمل کرے گا، ہم اس کی زندگی اچھی طرح بسر کرائیں گے اور ہم ان کو ان کے اچھے کاموں کا اجر ضرور عطا فرمائینگے۔ ‘‘ (النحل:۹۷)
اس پس منظر کو سامنے رکھتے ہوئے ہی کچھ مسلمان اس وقت سوچ میں پڑجاتے ہیں اور پریشانی محسوس کرتے ہیں جب وہ انفرادی یا اجتماعی طور پر کسی بھی اعتبار سے حالات کا شکار ہوتے ہیں۔ حالانکہ یہ اللہ رب العزت کی حکمت کاملہ کا حصہ ہے کہ وہ اپنے ماننے والوں اورنیک بندوں کو کبھی کبھار آزمائش میں مبتلا فر ما دیتے ہیں۔ چنانچہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے امت کے ساتھ سابقہ انبیاء اور ان کے پیرو کاروں کی پوری تاریخ ناگفتہ بہ حالات اور آزمائشوں سے بھری پڑی ہے۔ اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں تھا کہ وہ برگزیدہ بندے ناکام یا راندہ درگاہ تھے بلکہ ناکام اور راندۂ درگاہ تو وہ بد بخت تھے جنہوں نے انہیں ستایا اور ان پر مظالم ڈھائے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کی قوم بنی اسرائیل کے ساتھ فرعون کے ظلم و جبر کی خوفناک داستان قرآن مجید میں مذکور ہے اور اس کشمکش کے نتیجے کا علم بھی ہمیں قرآن سے ہوتا ہے کہ جہاں فرعون اور اس کے ماننے والےبھیانک انجام کو پہنچے وہیں حضرت موسیٰ علیہ السلام اور ان کے پیروکار بامراد ہوئے۔ چنانچہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی زبانی قرآن مجید میں اس نتیجے کو کچھ یوں بیان کیا گیا ہے: ’’اور (وہ وقت یاد کیجئے) جب موسٰی (علیہ السلام) نے اپنی قوم سے کہا: تم اپنے اوپر اللہ کے (اس) انعام کو یاد کرو جب اس نے تمہیں آلِ فرعون سے نجات دی جو تمہیں سخت عذاب پہنچاتے تھے اور تمہارے لڑکوں کو ذبح کر ڈالتے تھے اور تمہاری عورتوں کو زندہ چھوڑ دیتے تھے، اور اس میں تمہارے رب کی جانب سے بڑی بھاری آزمائش تھی۔ ‘‘ (ابراہیم:۶)

یہ بھی پڑھئے:صالح معاشرہ کی تشکیل کیلئے ہر شعبۂ حیات میں اخلاقیات کی پابندی ضروری ہے

اس آیت میں جہاں حضرت موسیٰ علیہ السلام اور بنی اسرائیل کی کامیابی کا ذکر ہے وہیں قرآن مجید کی ایک اور آیت میں فرعون کی ناکامی اور ہلاکت کا تذکرہ بھی صاف طور پر مذکور ہے: ’’وہ وقت بھی یاد کرو کہ جب ہم نے تمہارے لئے سمندر کو شق کردیا، پھر تم کو بچالیا اور فرعون کے لوگوں کو ڈبو دیا، تم (اس منظر کو اپنی آنکھوں سے ) دیکھ رہے تھے۔ ‘‘ (البقرہ:۵۰)
اس سیاق و سباق میں جب ہم نبی ٔرحمت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمارے سامنے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اللہ رب العزت کے سب سے محبوب نبیؐ اور آپؐ کی امت کو دشمنوں نے اس طرح مشق ستم بنایا کہ اس کی مثال تاریخ انسانی میں کہیں اور نہیں ملتی۔ اس اندوہناک رویہ پر مسلمانوں کو دلاسہ دینے کے لئے ذیل کی آیت نازل ہوئی:
’’( مسلمانو ! ) کیا تمہارا خیال ہے کہ تم ان آزمائشوں سے گزرے بغیر جنت میں داخل ہوجاؤ گے، جن سے تم سے پہلے کی اُمتیں گزر چکی ہیں ؟ ان کو تنگی اور سختی پیش آئی اور وہ ہلا ڈالے گئے؛ یہاں تک کہ رسول اور ان کے ساتھ ایمان لانے والے بول اٹھے کہ کب ﷲ کی مدد آئے گی؟(ان سے کہا گیا ) سن لو ! یقیناً ﷲ کی مدد قریب ہے۔ ‘‘ (البقرہ:۲۱۴)
اوپر کی وضاحت سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ نیک اور اچھے لوگوں پر جو حالات آتے ہیں وہ وقتی ہوتے ہیں اوروقت گزرنے کے ساتھ درست ہو جاتے ہیں لیکن اس کیلئے انہیں صبر اور جہد مسلسل کو لازم پکڑنا ہوتا ہے۔ محسن انسانیت نبی کریمؐ کی عملی زندگی سے ہم یہ بات بآسانی سمجھ سکتے ہیں کہ نبیؐ اکرم، آپؐ اور آپؐ کےاصحاب کو ستانے اور اسلام کو مٹانے کی خو اہش رکھنے والے خود مٹ گئے۔ اس کے برخلاف آپؐ، آپؐ کے اصحاب اور اسلام کا نام اب بھی زندہ ہے اور قیامت تک زندہ رہے گا۔ 
 آج کے مسلمان اگر حالات میں کامیابی کے فلسفے کو سمجھ گئے اور ایمان پر مضبوطی سے قائم رہے تو انہیں آگے بڑھنے اور کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ہمیں یہی پیغام اس آیت میں دیا گیا ہے: ’’اور تم ہمت نہ ہارو اور نہ غم کرو اور تم ہی غالب آؤ گے اگر تم (کامل) ایمان رکھتے ہو۔‘‘ (آل عمران:۱۳۹

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK