Inquilab Logo Happiest Places to Work

جمعۃ الوداع: تنبیہ ہے ، ہر شخص کے لئے

Updated: March 28, 2025, 11:08 AM IST | Mumbai

اپنا جائزہ لیں کہ ماہِ مقدس کےمقصد کوہم نے کس حد تک پورا کیا اور اپنے ایمان کو کس حد تک پختہ کیا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

 آج جمعۃ الوداع ہے،  ماہ مبارک کا الوداعی جمعہ۔ یہ ہم سے رخصت ہوا چاہتا ہے، ایک نئی زندگی کی نوید سناتے ہوئے، زندگی کے نئے اہداف مقر کرتے ہوئے، زندگی کی شاہراہ پر نئے نئے راستے کھولتے ہوئے یہ ہم سے رخصتی چاہتا ہے۔ وہ مہینہ جس میں ایک نفل فرص کے برابر ثواب پاتا ہو اور ایک فرض ستر فرائض کے درجے تک جا پہنچتا ہو، یوں سمجھئے کہ لوہا سونے کے داموں اور تولہ بھر سونا من بھر سونے کے داموں بکتا ہو، تو پھر اس دن کی جانے والی مستحب نیکیوں اور نفل عبادات پر ہی کیا کچھ نہ ملتا ہو ، جب کہ فرائض و واجبات پر ملنے والے اجر و ثواب کی نہ تو حد ہے نہ حساب۔
اور جب یہی دن (جمعہ) رمضان المبارک کے آخری عشرے میں آئے، جو جہنم سے آزادی اور چھٹکارے کا عشرہ ہے، جس میں بندوں پر بے انتہا بارانِ رحمت ہوتی ہے، جس میں لیلۃ القدر جیسی رات ہوتی ہے جو ہزار مہینوں کی عبادت سے بہتر ہے، جس میں اللہ کے بندے اللہ کے در پر ڈیرہ جمائے (اعتکاف کرکے) قرب خداوندی حاصل کرتے ہوں اور اپنی خطاؤں کو معاف کرانے میں مشغول ہوتے ہیں تو اس کی قدر و منزلت کا کیا کہنا۔

یہ بھی پڑھئے: دسویں محراب سنارہے ہیں انجینئرحافظ شفیق بارودگر

یہ دن پورے ہفتے کی عید ہے ، اس دن تمام مسلمان مرکزی مساجد میں جمع ہوکر جمعہ کی نماز ادا کرتے اور اجتماعیت کا مظاہرہ کرتے ہیں ۔ یہ دن تمام امتوں کو پیش کیا گیا لیکن بعض اقوام نے اپنے لئے ہفتے کا دن اور بعض نے اتوار کے دن کو مخصوص کر لیا۔ ہمارے ہاں بھی جمعۃ المبارک کا دن رفتہ رفتہ عام دنوں کی طرح ہوتا جارہا ہے، بہت سے لوگ جو صرف جمعہ کے دن ہی اہتمام سے نماز کے لئے حاضر ہوا کرتے تھے، وہ اب جمعہ کے دن بھی مسجدوںمیں دکھائی نہیں دیتے ۔ حالانکہ رمضان المبارک کا آخری جمعہ ہمیں شدت سے یہ احساس دلاتا ہے کہ وہ ماہ مقدس جو اپنے جلو میں ہزاروں رحمتیں اور برکتیں لے کر آیا تھا، اب رخصت ہورہا ہے۔ نہ معلوم اس کے بعد آئندہ سال یہ ماہ مبارک میسر ہو یا نہ ہو۔ زندگی کی ضمانت کوئی نہیں دے سکتا۔ کتنے ہی لوگ گزشتہ سال ماہ مبارک میں اس صفحہ ٔ ہستی پر موجود تھے مگر آج وہ موجود نہیں۔ موت ہر وقت انسان کے پیچھے لگی ہوئی ہے، جب مقررہ وقت آجاتا ہے تو پھر مہلت نہیں ملتی اور انسان موت کی آغوش میں پناہ لینے پر مجبور ہوجاتا ہے۔ پھر اس کا عمل منقطع ہوجاتا ہے ، وہ اپنے لئے کوئی نیک عمل انجام نہیں دے سکتا، ہاں جس نے ایسے نیک اعمال اپنی زندگی میں کئے ہوں جو اس کے لئے صدقہ جاریہ ہوں ان کا ثواب مرنے کے بعد بھی اسے ملتا رہے گا۔
بہت ہی خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں اس ماہ مبارک اور اس میں طاعت و عبادت کا موقع نصیب ہوا اور انہوں نے ان قیمتی اوقات کو ضائع ہونے سے بچالیا، روزہ رکھ کر، تلاوت کرکے ، روزہ اور قرآن کو اپنے حق میں شفاعت و سفارش کرنے والا بنالیا۔ عبادت سے رحمت و مغفرت کے طلبگار ہوئے ، لیلۃ القدر کی تلاش میں راتوں کو زندہ کیا، تو اَب یہ مہینہ جس میں فرض کا ثواب ستر فرضوں کے برابر اور نفل کا ثواب فرض کے برابر ملتا ہے، جس میں سرکش شیاطین کو قید کردیا جاتا ہے اور ندا دینے والا ندا دیتا ہے کہ اے خیر کے طلبگار! آگے  بڑھ… صبر اور خیرخواہی کا یہ مہینہ رخصت ہورہا ہے۔
یہ آخر لمحات اور خصوصی ماہِ مبارک کا آخری جمعہ ہمیں احساس دلا رہا ہے کہ اپنا محاسبہ کرو اور اپنے اعمال کا جائزہ لو۔اس مہینے میں کیا کمایا، کیا گنوایا ، اللہ کی رضامندی حاصل کی یا اس بددعا کے مصداق بنے جس میں حضرت جبریل علیہ السلام نے اس شخص کو ہلاکت و تباہی کی بددعا دی جو رمضان المبارک کا مہینہ پائے اور اپنی مغفرت نہ کرائے اور حضور ﷺ نے اس پر آمین کہی۔
جمعۃ الوداع میں جمعہ کی نماز کے روح پرور اجتماع میں عالم اسلام کے اتحاد اور اتفاق اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دعائیں کریں، اپنے آپ کو ٹٹولیں کہ رمضان تو رخصت ہورہا ہے، ہم نے اس مہینے میں کیا روحانی ترقی کی، ہمارے اندر کیا تبدیلی آئی، ہمارے ایمان میں کتنی پختگی آئی؟ ہم نے روزے کے مقصدکس حد تک پورے کئے، رحمت کے عشرے میں کتنی رحمتیں سمیٹیں، زغفرت کے عشرے میں کتنی معافی مانگی، جہنم سے چھٹکارے کے عشرے میں جہنم سے بچنے کی کتنی کوشش کی، لیلۃ القدر کی تلاش میں کتنی محنت کی؟ اپنی اور اپنے گھر والوں کی اصلاح کی کتنی فکر کی؟ جمعہ الوداع تنبیہ ہے ، ہر شخص کے لئے اب بھی وقت ہے ، جو کرنا ہے کر گزرو، نہیں معلوم کہ پھر وقت ملے نہ ملے!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK