• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لو َجہاد: کتنی حقیقت، کتنا فسانہ اور کتنا پروپیگنڈہ ؟

Updated: November 08, 2024, 3:46 PM IST | Maulana Khalid Saifullah Rahmani | Mumbai

سب جانتے ہیں کہ اسے جتنا بڑا مسئلہ بتایا جارہا ہے، اُتنا ہے نہیں۔ اس کے باوجود مسلم معاشرہ کو احتیاط کرنی چاہئے اور اسلامی نظریہ کو سمجھنا چاہئےکہ کیا درست ہے اور کیا نادرست۔

There should be maximum harmony between the two parties in the marriage relationship. Photo: INN.
رشتۂ نکاح میں دونوں فریق کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی ہونی چاہئے۔ تصویر: آئی این این۔

اللہ تعالیٰ نے انسان کی فطرت کچھ ایسی رکھی ہے کہ وہ محبت کا بھوکا ہے؛ اسی لئے اسے خوشی کے ماحول میں ایسے لوگوں کی جستجو ہوتی ہے جو اس کی مسرت میں شریک ہوسکیں یہ شرکت اس کی خوشی کو دو بالا کردیتی ہے۔ اسی طرح کسی انیس و غمخوار کی موجودگی اس کے غم کو ہلکا کرنے کا باعث بنتی ہے، یہ محبت اسے اکثر ایسے رشتوں سے حاصل ہوتی ہے جو فطری ہیں اورجس میں اس کے اختیار کو کوئی دخل نہیں اورایک رشتہ ایسا بھی ہے جس کو انسان اپنی پسند اوراختیار سے وجود میں لاتا ہے، یہ ہے رشتۂ نکاح۔ نکاح کے بندھن میں بندھنے والے مرد وعورت کا ایک خاندان، ایک علاقہ اور ایک زبان سے وابستہ ہونا ضروری نہیں بہت سی دفعہ بالکل اجنبی لوگوں کے درمیان رشتہ طے پاتا ہے؛ لیکن یہ رشتہ ایسی محبت و اُلفت کو جنم دیتا ہے جس کی گہرائی اکثر اوقات دوسرے تمام رشتوں سے بڑھ جاتی ہے، پرانے رشتے اس نئے رشتے کے مقابلہ میں ہیچ ہوجاتے ہیں۔ یہ رشتہ یوں بھی اہم ہوتا ہے کہ دونوں فریق کا مستقبل بڑی حد تک موت تک ایک دوسرے سے جڑا ہوتا ہے، یہ ایک دوسرے کے ذریعہ ماں باپ بنتے ہیں اور باہمی تعاون کے ساتھ اپنے جگر پاروں کی پرورش کرتے ہیں ایک زمانہ تک وہ خود ایک دوسرے کے لئے سنہرے خواب کی حیثیت رکھتے تھے اور اب دونوں مل کر اپنی آئندہ نسل کے لئے خواب دیکھتے ہیں ۔ 
اسی لئے رشتۂ نکاح میں دونوں فریق کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی ہونی چاہئے، یہ ہم آہنگی رشتوں کو پائیدار بناتی ہے۔ جو لوگ وقتی طورپر کسی پر دل پھینک دیتے ہیں اور اس بنیاد پر ازدواجی رشتہ سے بندھتے ہیں عموماً ان کے درمیان تعلق میں استحکام باقی نہیں رہتا۔ ہم آہنگی کیلئے اِک ضروری شرط فکر و عقیدہ کی موافقت بھی ہے، سوچئے کہ اگر ایک شخص اللہ کو ایک مانتا ہو اور اللہ کے سوا کسی کے سامنے اپنی پیشانی رکھنے کو سب سے بڑا جرم تصور کرتا ہو اس سے اس شخص کے ساتھ چوبیس گھنٹے کی زندگی میں کیسے موافقت ہوسکتی ہے جو اللہ کےعلاوہ اور بھی مخلوقات کا پجاری ہو، جب دونوں کے مذہبی تہوار آئیں گے تو اگر وہ اپنے نظریہ میں سنجیدہ اورسچا ہو تو کیا ان کے درمیان نزاع پیدا نہیں ہوگا ؟ جب اولاد کی تعلیم و تربیت اور ان کی مذہبی وابستگی کا مسئلہ آئے گا تو کیا آپس میں کھینچ تان کی نوبت نہیں آئیگی؟ یقیناً آئیگی؛ اسی لئے اسلام میں جو چیزیں نکاح میں رکاوٹ مانی گئی ہیں جن کو فقہ کی اصطلاح میں موانع نکاح کہا جاتا ہے، ان میں ایک اختلاف ِدین ہے یعنی لڑکا لڑکی کا الگ مذاہب سے ہونا۔ 
اس کی تفصیلات کو تین نکات میں سمیٹا جاسکتا ہے اول یہ کہ مسلمان لڑکی کا نکاح کسی بھی غیر مسلم لڑکے سے نہیں ہوسکتا اور اس کی وجہ ظاہر ہے کہ ایک عورت کیلئے مخالف ماحول میں اپنے ایمان کی حفاظت دشوار ہوجائے گی۔ دوسرے: کسی مسلمان مرد کا نکاح اہل کتاب عورت کے علاوہ کسی بھی غیر مسلم عورت سے نہیں ہوسکتا ظاہر ہے اس میں ہندو خواتین بھی شامل ہیں تیسرے: مسلمان مرد کا نکاح اہل کتاب یعنی یہودی اور عیسائی عورت سے ہوسکتا ہے؛ لیکن اس سلسلہ میں دو باتیں پیش نظر رہنی چاہئیں ایک یہ کہ یہودی اور عیسائی ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس نے حکومت کے مردم شماری کے خانہ میں اپنے ساتھ یہودی یا عیسائی لکھا ہو، جیساکہ آج کل اہل مغرب کا حال ہے؛ بلکہ ضروری ہے کہ وہ حقیقتاً یہودی اور عیسائی ہو، یعنی خدا پر، نبوت پر، الہامی کتاب پر اورآخرت کے نظام پر ایمان رکھتی ہو، دوسرے اگرچہ یہودی اور عیسائی خواتین سے نکاح کی گنجائش ہے؛ لیکن یہ بھی کراہت سے خالی نہیں۔ سیدنا حضرت عمر فاروقؓ نے جب یہ بات سنی کہ شام کے علاقہ میں مسلمان مرد یہودی اور عیسائی عورتوں سے نکاح کررہے ہیں تو اس کو سختی سے منع کیا، اس کی دو مصلحتیں بالکل واضح ہیں پہلی مصلحت یہ ہے کہ اس سے مسلم خاندانوں میں غیر اسلامی افکار اور اجنبی ثقافت کے گھس آنے کا اندیشہ ہے، دوسری مصلحت یہ ہے کہ سیاسی اوردفاعی اعتبار سے مسلمانوں کے حرم میں ایسی خواتین کا آنا نہایت نقصاندہ ہے۔ جنرل اکبر خان نے سیرت نبویؐ پر اپنی کتاب ’’حدیث ِدفاع‘‘ میں اس پر بڑی چشم کشا گفتگو کی ہے۔ ۱۹۶۷ء کی جنگ میں اسرائیل کی کامیابی اور مصر و شام کی پسپائی کا بنیادی سبب یہی ہوا کہ بڑے بڑے کمانڈروں کی بیویاں عیسائی اور یہودی تھیں اور سارے جنگی راز لمحہ بہ لمحہ اسرائیل تک پہنچ رہے تھے افسوس کہ عربوں کی آنکھ اب تک نہیں کھلی مصر کے موجودہ ڈکٹیٹرسیسی کی ماں یہودی تھی، یہاں تک کہ اس کا ماموں طویل عرصہ تک اسرائیل کا وزیر تعلیم رہا، اسی طرح شاہ اُردن کی بیوی عیسائی ہے، یاسر عرفات مرحوم کی بیوی کا بھی یہی حال تھا، اید یہی طرز عمل ہے جس نے مسلم ملکوں کو ایسا کمزور کردیا ہے کہ وہ یہودی اور عیسائی طاقتوں سے آنکھ ملانے اور ان کے سامنے زبانِ احتجاج کھولنے کی بھی ہمت نہیں پاتے ؛ اس لئے کوئی شبہ نہیں کہ حضرت عمرؓ نے مسلمانوں کو جو تنبیہ فرمائی تھی، وہ ان کی فراست ایمانی اور گہری بصیرت پر مبنی تھی۔ 
بہرحال اس میں تو کوئی دو رائے ہے ہی نہیں کہ مشرک مرد سے مسلمان عورت کا یامشرک عورت سے مسلم مرد کا نکاح نہیں ہوسکتا، افسوس کہ اس روشن حقیقت کے باوجود اس وقت فرقہ پرست طاقتوں نے ’’لو َ جہاد‘‘ کا افسانہ چھیڑ رکھا ہے، اگر اسلام اس کا قائل ہوتا اورمسلمان نکاح کو اشاعت ِاسلام کا ذریعہ بنانا چاہتے تو غیر مسلم اقوام سے نکاح کی ممانعت نہیں کی گئی ہوتی؛ بلکہ اس کی حوصلہ افزائی کی جاتی، جیساکہ آج کل عیسائی دنیا میں کی جاتی ہے؛ بلکہ اسلام میں تو یہ بات بھی پسندیدہ نہیں ہے کہ کوئی مرد یا عورت اس لئے اسلام قبول کرے کہ اس کی فلاں شخص سے شادی ہوجائے، اور اللہ تعالیٰ کی رضا اور ہدایت کو حاصل کرنا اس کا مقصد نہ ہو۔ عہد نبوی میں مکہ فتح ہونے سے پہلے تک مدینہ منورہ ہجرت کر نے کی بات واجب قرار دی گئی تھی، ایک صاحب اسلام قبول کرچکے تھے؛ لیکن وطن سے جو فطری محبت ہوتی ہے، اس کی وجہ سے ان کا دل ہجرت کرنے پر آمادہ نہیں تھا؛ لیکن وہ جن خاتون سے نکاح کرنا چاہتے تھے ان خاتون نے شرط لگا دی کہ اس کیلئے ہجرت کرنی ہوگی، بالآخر انہوں نے ہجرت کی۔ رسولؐ اللہ کو یہ بات پسند نہیں آئی؛ چنانچہ آپؐ نے ارشاد فرمایا کہ عمل کی قبولیت اور اس پر اجر و ثواب کا مدار نیت پر ہے ’’إنما الأعمال بالنیات‘‘ جس کی نیت اللہ اور رسول کی خوشنودی حاصل کرنا ہوگا، اس کی ہجرت اللہ اور رسول کی طرف سمجھی جائے گی، یعنی اللہ تعالیٰ اس کو اجر عطا فرمائیں گے، اور جس کی ہجرت نکاح یا کسی دنیاوی غرض کے لئے ہو، اس کی ہجرت قابل اجر و ثواب نہیں ہے۔ تو اگر کوئی شخص دل کی آمادگی کے ساتھ اسلام قبول نہ کرے، صرف اس لئے مسلمان ہوجائے کہ فلاں لڑکے یا لڑکی سے میری شادی ہوجائے تو اندیشہ ہے کہ اس کو کما حقہ اجر و ثواب نہ ملے اور اگر وہ اسی کیفیت پر قائم رہے تو یہ ایک طرح کا نفاق ہوگا اور عجب نہیں کہ آخرت میں اس کا ظاہری ایمان اس کے منہ پر مار دیا جائے۔ 
ہندوستان میں مسلمانوں نے عام طور پر ہمیشہ حلال و حرام کی سرحدوں کو باقی رکھا ہے اور معتبر اوردین دار مسلمانوں نے کبھی غیر مسلم لڑکیوں کو بحیثیت منکوحہ اپنانے کی کوشش نہیں کی، بعض لوگ جودھا بائی سے اکبر کی شادی کا ذکر کرتے ہیں ؛ لیکن یہ شادی راجپوتوں کی رضامندی؛ بلکہ رغبت کی بنیاد پر ہوئی تھی اور اکبر کوئی عالم یا دین دار مسلمان نہیں تھا کہ اس کے عمل کو مسلمانوں کے سر تھوپا جائے، حقیقت یہ ہے کہ اگر کوئی لڑکا یا لڑکی اپنے ضمیر کی آواز پر کسی مذہب کو قبول کرلے اور اپنے ہم مذہب سے نکاح کرنا چاہے تو ہمارے ملک کا قانون اس کی اجازت دیتا ہے اور اس کو تبدیلی ٔمذہب کیلئے ہونے والی شادی نہیں کہا جاسکتا، اور اگر موجودہ مخلوط ماحول میں کوئی اپنی پسند کی بناء پر دوسرے مذہب کی لڑکی یا لڑکے سے رشتہ کرتا ہے تو اس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں اور کم سے کم ہندوستان میں ایسے واقعات بہت پہلے سے ہوتے آئے ہیں اور اب بھی ہورہے ہیں۔ 
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جس فرقہ پرست گروہ نے اس وقت اس افسانہ کو رائی سے پہاڑ بنادیا ہے، ان کے گھروں میں ایسے واقعات زیادہ پیش آئے ہیں جن کی بچیوں کی شادیاں مسلمان گھروں میں ہوئی ہیں۔ ان سے اکثر لوگوں کی واقفیت ہے اس لئے تفصیل میں جانا ضروری معلوم نہیں ہوتا مگر اس کے برخلاف مثالیں بھی موجود ہیں کہ بعض غیر مسلم مردوں نے مسلمان عورتوں سے شادی رچائی ہے اورایسی مثال بھی موجود ہے کہ بعض دفعہ عشق کے متوالے عاشق نے شادی کیلئے اسلام قبول کر لیا، غرض کہ ایسی شادیاں مذہب کی اشاعت کے جذبہ سے نہیں ہوتیں ؛ بلکہ نفسانی جذبات کے تحت ہوتی ہیں اس میں ہندو مسلم کا کوئی امتیاز نہیں ایسے واقعات کو ’’لَو جہاد‘‘ کا نام دینا جھوٹ اور دھوکہ کی بنیاد پر اپنا سیاسی قد اونچا کرنے کی کوشش ہے۔ 
علماء اور خطباء کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ مسلمانوں کی نئی نسل کو نکاح کے سلسلہ میں اسلامی تصورات سے واقف کرائیں اور ایسے واقعات کو روکنے کی کوشش کریں جن میں ایک مسلمان لڑکا ایک غیر مسلم لڑکی کو بیاہ کر لے آتا ہے، یا مسلمان لڑکی غیر مسلم لڑکے کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں بندھ جاتی ہے کہ اس سے مسلم معاشرہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ شریعت کی نگاہ میں یہ نکاح ہے ہی نہیں اور اس سے معاشرہ کا امن بھی درہم برہم ہوتا ہے، ہاں اگر کوئی ہندو لڑکا یا لڑکی واقعی صدقِ دل سے اسلام قبول کرلے تو یقیناً شرعی طریقہ پر مسلمان لڑکے اور لڑکی کو اس سے نکاح کرنا چاہیے اور اسے اپنے خاندان کا حصہ بنانا چاہئے، یہ شریعت کا حکم بھی ہے اور ہمارے ملک کا قانون بھی واضح طور پر اس کی اجازت دیتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK