Inquilab Logo Happiest Places to Work

معاشیانہ: جبلی اِفیکٹ؛ صارفین کی تفریح، اے آئی کی تربیت

Updated: April 06, 2025, 12:50 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

’اوپن اے آئی‘ کے مالک اور سی ای او سیم آلٹ مین کے مطابق ایک ہفتے میں جبلی کے سبب چیٹ جی پی ٹی کے ہفتہ وار فعال صارفین کی تعداد ۱۵۰؍ ملین ہوگئی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

جاپانی ہدایتکار اور فلمساز ہایاؤمیازاکینے ۱۵؍ جون ۱۹۸۵ء کواپنے تین ساتھیوں کے ساتھ مل کر’اسٹوڈیو جبلی‘ (Studio Ghibli) کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ جاپان کی اینی میشن کمپنی ہے جو کارٹونز اور اینی میٹڈ فلمیں بناتی ہے۔ ۴۰؍ سال کے عرصے میں اس نے سیکڑوں بہترین فلمیں بنائی ہیں۔ بقول صارفین، اس کمپنی کے اینی میشن کی خاص بات یہ ہے کہ اس سے تصویریں اور ویڈیوز انتہائی پُرکشش اور ’کیوٹ‘ (Cute) بن جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس خاص اِفیکٹ کو’جبلی اِفیکٹ‘ (Ghibli Effect)کا نام دیا گیا۔ یہ آرٹ جاپان کی سڑکوں پر پروان چڑھا۔ اس اِفیکٹ میں مہارت رکھنے والے فنکار مصوری کا ایسا نمونہ پیش کرتے تھے کہ وہ کارٹون اور حقیقی شکل کا امتزاج ہوتا۔ یہ تصویریں انتہائی دلچسپ اور پُرکشش ہوتی تھیں جنہیں لوگ فریم میں لگاکر محفوظ کرلیتے تھے۔ جبلی آرٹسٹ، گاہک کی مانگ کی مناسبت سے نمونہ تیار کرتا تھا۔ یہ چند منٹوں سے گھنٹوں میں تیار ہوتا تھا۔ لوگ جبلی تصویریں بنوانے کیلئے خاص طور پر جاپان کا سفر کرتے تھے مگر اب ٹیکنالوجی کے دور نے اسے اس قدر آسان بنادیا ہے کہ آپ چاہے دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، چیٹ جی پی ٹی کھولئے، جس تصویر کو جبلی افیکٹ دینا ہے، اَپ لوڈ کردیجئے، اور پھر محض ۲؍ سیکنڈ میں جبلی افیکٹ والی آپ کی تصویر سامنے ہوگی۔ 
چیٹ جی پی ٹی کی پیرنٹ کمپنی ’اوپن اے آئی‘ نے بمشکل ۱۰؍ سے ۱۵؍ دن قبل ’جبلی افیکٹ‘ متعارف کروایا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اس قدر مشہور ہوا کہ محض چند دنوں میں چیٹ جی پی ٹی کی ویب سائٹ اور ایپ کے استعمال میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔ گزشتہ پیر کو کمپنی کے مالک اور سی ای او سیم آلٹ مین نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں جبلی کے سبب چیٹ جی پی ٹی کے ہفتہ وار فعال صارفین کی تعداد ۱۵۰؍ ملین ہوگئی ہے جبکہ ایک گھنٹہ میں اوسطاً ایک ملین افراد جبلی کا استعمال کررہے ہیں۔ دنیا بھر میں چیٹ جی پی بیک وقت اتنے لوگوں نے استعمال کیا کہ سائٹ اور ایپ کریش ہوگئے اور کمپنی کو جبلی فیچر کے استعمال کو’محدود‘ کرنا پڑا۔ ۲۰۱۶ء میں جب میازاکی سے ’جبلی‘ کو ٹیکنالوجی میں شامل کرنے کے متعلق پوچھا گیا تھا تو انہوں نے کہا تھا کہ ’’مَیں اپنا کام ٹیکنالوجی کی نذر کبھی نہیں کروں گا۔ ‘‘ یہ واضح نہیں ہے کہ اوپن اے آئی نے ان کے ’جبلی‘ افیکٹ کو ان کی اجازت سے استعمال کیا ہے یا نہیں۔ اس ضمن میں دونوں ہی جانب خاموشی ہے۔ جبلی افیکٹ کے پورے عمل میں چیٹ جی پی ٹی کو یقینی طور پر خوب منافع ہورہا ہے مگر اس کے اعدادوشمار ابھی دستیاب نہیں ہیں۔ 
سوشل میڈیا پر جبلی تصویریں بنانا بھلے ہی ٹرینڈ میں ہے مگر اس کے نقصانات کی طرف کم لوگ ہی توجہ دے رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں جب بھی کوئی چیز آپ کو مفت دستیاب ہو تو نیٹ فلکس کی دستاویزی فلم ’دی سوشل ڈائیلما‘ کا یہ فقرہ ہمیشہ یاد رکھئے کہ ’’اِف یو آر ناٹ پیئنگ فار دی پروڈکٹ، یو آر دی پروڈکٹ‘‘ (اگر آپ کسی شے کیلئے ادائیگی نہیں کررہے ہیں، یا آپ کو یہ شے مفت دستیاب ہے تو سمجھ لیجئے کہ پروڈکٹ (شے) آپ ہیں )۔ آپ ایک ایسی کمپنی اور نہ جانے کتنے لاکھوں لوگوں تک اپنے ڈیٹا کی رسائی کو آسان بنارہے ہیں جن کے آپ ناموں اور وجود تک سے واقف نہیں ہیں۔ آپ ’فن‘ (Fun) کیلئے اپنی ذاتی تصویریں انٹرنیٹ کی دنیا میں عام کر رہے ہیں۔ کیا اوپن اے آئی آپ کو اس بات کی گیارنٹی دے رہا ہے کہ وہ آپ کے ڈیٹا کا غلط استعمال نہیں کرے گا؟ جی نہیں۔ ایسی کوئی گیارنٹی نہیں ہے۔ انٹرنیٹ کی دنیا میں ایسی گیارنٹی کوئی بھی کمپنی نہیں دیتی اور نہ ہی کبھی دے گی۔ بزنس انسائیڈر کی ایک رپورٹ کے مطابق ۹۰؍ فیصد سے زائد صارف ’ٹرمز اینڈ کنڈیشنز‘ (شرائط و ضوابط) کو پڑھے بغیر ’آئی اَگری‘ کا بٹن دباتے ہیں اور ایپ انسٹال کرلیتے ہیں۔ آپ جبلی افیکٹ کیلئے بمشکل چند مرحلوں میں چیٹ جی پی ٹی سائن اَپ کررہے ہیں۔ ایسے میں سوال قائم کیجئے کہ کیا ڈارک ویب پر کام کرنے والے لاکھوں افراد آپ کے ڈیٹا یا اسمارٹ فون تک نہیں پہنچ سکتے؟ کیا آپ کا ڈیٹا مختلف یا غلط کاموں کیلئے استعمال نہیں ہوسکتا؟ اور سب سے اہم یہ کہ ’آرٹی فیشیل انٹیلی جنس‘ (مصنوعی ذہانت، اے آئی) کو مزید طاقتور بنانے اور اس کی تربیت کیلئے آپ کا ڈیٹا استعمال ہورہا ہے۔ 
رائٹرس کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جب اوپن اے آئی سے جبلی کے ذریعے جمع کئے جانے والے ڈیٹا اور اس کے ذریعے اے آئی کو ٹریننگ دینے کے متعلق سوال کیا گیا تو کمپنی خاموش رہی۔ کیا یہ خاموشی اس جانب اشارہ ہے کہ اسے موصول ہونے والی کروڑوں تصویروں کو اے آئی کو مزید اسمارٹ، مستحکم اور طاقتور بنانے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے؟ ہوسکتا ہے کہ آئندہ چند مہینوں یا برسوں میں ہم اے آئی کی ایسی شکل دیکھیں جس کی ٹریننگ میں صارفین نے اپنی ذاتی تصویریں جمع کروائی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK