’کفالت پروگرام‘ کے ذریعہ پچھلے ۸؍ سال سےذات ،نسل اور مذہب کی پروا کئے بغیر پسماندہ گھرانے کے بچوں کی تعلیمی ترقی کیلئےمدد فراہم کی جارہی ہے۔
EPAPER
Updated: February 06, 2025, 2:43 PM IST | Agency | Mumbai
’کفالت پروگرام‘ کے ذریعہ پچھلے ۸؍ سال سےذات ،نسل اور مذہب کی پروا کئے بغیر پسماندہ گھرانے کے بچوں کی تعلیمی ترقی کیلئےمدد فراہم کی جارہی ہے۔
میراروڈ میں پروفیشنل سالیڈاریٹی فورم ( پی ایس ایف ) ۲۰۱۷ ء سے مسلسل معاشی طور پر پریشان خاندان کے طلبہ کو اسکول فیس کی ادائیگی کے ذریعے ان کے حصول علم میں تعاون کر رہا ہے۔ پی ایس ایف کے ذریعے ہر سال مالی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ گزشتہ آٹھ سالوں میں پی ایس ایف نے ۳۰۰؍طلبہ کو تعلیمی امداد دی۔ پی ایس ایف ممبئی کے صدر نوید انجم جو کہ خود ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں نے انقلاب کو بتایاکہ’’ پروفیشنل سالیڈاریٹی فورم اعلیٰ تعلیم یافتہ باشعور اور سرکاری و نجی کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر فائز تنظیم ہے جن میں اکثریت مسلمانوں کی ہے، ہماری تنظیم کا قیام ۲۰۱۷ء میں آیا اور روز اوّل سے ہی ہم تعلیم کے میدان میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان میں تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے طلبہ میں تعلیمی وظائف کی تقسیم کریئر گائیڈنس اور بے روزگار نوجوانوں کو باہنر بنانا اور حصول روزگار میں تعاون کرنا شامل ہے۔ ‘‘
انہوں نے مزید تفصیل فراہم کرتے ہوے کہا کہ’’ نیکی کی باسکٹ ہمارا ایک پروجیکٹ ہے جس کے تحت ہم ۵۰۰؍ غریب خاندانوں کو ماہانہ راشن دیتے ہیں، بڑی تعداد میں لوگ ہمارے قافلے میں شامل ہیں، اپنے اراکین کے مالی تعاون کے علاؤہ بڑے پیمانے پر زکوٰۃ و صدقات اور عطیات کی وصولی کے ذریعے ہم فلاحی کام انجام دیتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ’’ میراروڈ میں بھی ہم اسلامک سینٹر کے اشتراک سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں یوں تو ہر سال تعلیمی امداد کے لئے بہت ساری درخواستیں موصول ہوتیں ہیں مگر ہم ان کی چھان بین کرتے ہیں اور اس کام کی غرض سے ہم گھروں کا سروے کرتے ہیں اور مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف جاری کرتے ہیں ، مدد کا یہ سلسلہ اعلیٰ جماعتوں تک جاری رہتا ہے۔ ‘‘
کفالت چائلڈ ایجوکیشن پروگرام کا مقصد بتاتے ہوئے پی ایس ایف کے صدر نوید انجم نے کہاکہ ’’ اس پروگرام کا مقصد تعلیم کے ذریعے زندگیوں میں تبدیلی لانا ہے یہ پی ایس ایف کا اہم اقدام ہے یہ پروگرام مالی طور پر پسماندہ گھرانے کے بچوں کے لئے معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرتا ہے قطع نظر ان کی ذات، نسل اور مذہب ان کی مدد کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا پی ایس ایف مضبوط اسٹریٹجک وژن کے ساتھ اپنے اثر کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لئے دیگر رضا کار تنظیموں کے ساتھ تعاون کرتا ہے یہ فورم پیشہ ور افراد کی حوصلہ افزائی اور با اختیار بناتا ہے جس سے وہ انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے ہمدردی اور دیانتداری کیساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں ہمارا مقصد تعلیمی کارکردگی کو عمدہ بنانا اور صنعتوں کیلئے ماہرین کی فراہمی کرنا ہے اضافی مہارتوں اور قابلیت کو پروان چڑھانے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا، پیشہ ور افراد کی روحانی رہنمائی کرنا اور انہیں مقصد زندگی سے روشناس کرانا اور انہیں کمیونٹی کی خدمت کیلئے تیار کرنا ہےماہرین کو اپنا وقت، اپنی صلاحیت و مہارت سماج کیلئے وقف کرنے اور اپنا مالی تعاون دینے کیلئے آمادہ کرنا ہے۔