Inquilab Logo

رمضان ڈائری(۳):جب ان والدین کے سروں پرسورج کی روشنی کوماند کردینے والا تاج سجایا جائیگا

Updated: March 25, 2023, 10:53 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ماہ رمضان المبارک اپنی تمام برکتوں ، رحمتوں، سعادتوں اور مغفرت کے ساتھ امتِ مسلمہ پرسایہ فگن ہے۔

photo;INN
تصویر :آئی این این

ماہ رمضان المبارک اپنی تمام برکتوں ، رحمتوں،  سعادتوں اور مغفرت کے ساتھ امتِ مسلمہ پرسایہ فگن ہے۔ اس ماہ مبارک میں ہر  خاص وعام کے معمولات بدل گئے ہیں اورہر ایک کی کوشش ہے کہ وہ اپنے دامن میںزیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹے اوراپنے خالق و مالک کوراضی کرے۔ رمضان المبارک کاآج دوسرا دن ہے ۔ مساجد کی رونق دوبالا ہے، مصلیان کی کثرت ہے ۔ بندگانِ خدا عبادتِ الٰہی اور اس کی یاد میںمحو ہیں ، گویا سال بھر کی’’ من چاہی ‘‘کو’’رب چاہی‘‘ میں بدلنے کےلئے کوشاں ہیں۔تراویح سے فارغ ہوکر لوکل ٹرین کے ذریعے گھر کی جانب روانگی کے وقت ٹرین کے ڈبے میںبیٹھے چند لوگوں پرنگاہ پڑی ، ان میں سے کچھ کے ہاتھ میںچھوٹی سائز والا قرآن کریم کاپارہ تھا اورکچھ موبائل پرتلاوتِ کلام اللہ میں مصروف تھے۔ قطع نظراس سے کہ کچھ لوگ غیر رمضان میںبھی اس مبارک عمل میںمصروف دکھائی دیتے ہیں لیکن رمضان المبار ک میں ٹرین میں اس روحانی منظر میں اضافہ ہوجاتا ہے۔اللہ کے بندے تلاش ِ معاش میںمصروف رہنے کے بعد یہ نہیںچاہتے کہ سفرکاوقت بھی یاد ِ الٰہی سے خالی گزرے۔ عبدالرحمٰن چیلیا سے بات چیت ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ ہوٹل میںکام کاج کے بعد وقت کم ملتا ہے۔ ممبئی سینٹرل سے جوگیشوری تک ۳۵؍۴۰؍منٹ لگتے ہیں ، اس میں تلاوت کا اچھا موقع مل جاتاہے ۔اس لئے کوشش ہوتی ہے کہ سفر کایہ وقت ادھر ادھر کی باتوںکے بجائے یادِ الٰہی میںگزر جائے ۔
 ٹرین سے اترنے کےبعد مالونی گیٹ نمبر۷؍انجمن جامع مسجد کے قریب پہنچا یہاںزمزم ہوٹل اورشالیمار ہوٹل اندر باہر لوگوں سے آباد تھا۔ کچھ لوگ محوِ گفتگو تھے توکچھ پولیس بیٹ چوکی کے پاس موجودہ حالات اورمہنگائی پرتبادلۂ خیال کررہے تھے۔ یہاں انجمن جامع مسجد کے صدر محمداجمل خان ،جمیل تعلقدار اوران کے رفقاء سے ملاقات ہوئی۔ انہوںنےماہ رمضان کی مبارکباد دی ۔کچھ مسلم مسائل اورمہنگائی وغیرہ پربات چیت کرنے کےساتھ رمضان المبارک کے تعلق سے پولیس کمشنر کی جانب سے بلائی گئی میٹنگ کو موضوع بحث بنائے ہوئے تھے ۔ انہوںنے اس دوران مسلم قوم کی اس نفسیات کا خاص طور پرذکر کیا جو واقعی سوچنے پر مجبور کرتی ہے ۔ ان کے مطابق میٹنگ کے دوران وہ پولیس کمشنر سے بات چیت کررہے تھے کہ اسی اثناء چند لوگوں نے ٹوکا کہ سرپلیز! ایک فوٹو ہوجائے ۔ وہ لوگ اس بات کے متمنی تھے کہ وہ کمشنر صاحب کوشال اڑھائیں۔  یہ میٹنگ کمشنر نے ماہ رمضان  میںدرپیش مسائل کو مختلف شعبوں کے افسران کی موجودگی میںسن کرحل کرنے کیلئے پیر کو بلائی تھی ،ان مسائل پربات چیت بھی ہوئی لیکن ’صاحب !ایک فوٹو ہوجائے کی ’التجا‘ نے کمشنرصاحب پر جونقش مرتب کیا ہوگا اسے سمجھنامشکل نہیں ہے۔ خدا جانے ہم خوشامد کی اس بیماری سے کب صحت یاب ہوں گے؟
 وہاں سے گیٹ نمبر ۵؍کی مارکیٹ کی جانب کارخ کیا تودیکھا کہ نیو سلیمان عثمان مٹھائی والے عبیراحمدچودھری اوران کے برادر خرد بڑی کڑھائی صاف کررہے ہیں۔پوچھنے پرکہاکہ نیکیوں کے موسم ِبہارکا خاص آئٹم مالپوہ کابھی موسم آگیا ،اس کی تیاری کررہے ہیں۔ افطار سے سحری تک یہ آئٹم خوب بکتا ہے ،اس لئے اس پرخاص دھیان دینا ہوتا ہے۔یہیں کچھ فاصلے پرمسجد علی کی جانب آتے ہوئے حافظ معیداحمدخان اوران کے دوست پرنگاہ پڑی، وہ ۱۵؍روزہ تراویح میں سامع ہیں، ابھی کم عمر ہیںاس لئے سماعت کررہے ہیں۔ انہوں نے اپنا معمول بتایا کہ رمضان المبارک سے قبل وہ ڈھائی پارہ کا دورکررہے تھے ،ماہ مبارک میں مزیدمحنت کرکے سماعت کرتے ہیں ۔ 
  اس حافظ قرآن کی خوش بختی کا اندازہ کیجئے کہ ابھی بالغ نہیںہوا ہے اور تراویح میںدوپارہ کی سماعت کررہا ہے۔ چونکہ ابھی شعور کی پختگی نہیںہے اس لئے ا س کم عمر حافظ کوشاید یہ احساس نہیں ہے کہ رب کائنات کے فضل سے انہوںنے کیسی لازوال نعمت حاصل کی ہے ۔ اس کا انہیں صحیح اندازہ اس وقت ہوگا جب میدان حشر میں خالق کائنات کی جانب سے ان کے والدین کے سروں پروہ انتہائی روشن تاج سجایا جائے گا جس کی روشنی کے آگے دنیا کے سورج کی روشنی پھیکی ہوگی ۔ حافظ ِ قرآن سے کہا جائے گا کہ تلاوت کرتے جاؤ اور جنت کے بالاخانے پرچڑھتے جاؤ ،قرآن کی جو آخری آیت ہوگی وہی جنت میں تمہارا ٹھکانہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK