گزشتہ روز اس ڈائری نگار نے مینارہ مسجد اور محمد علی روڈ کا دورہ کرنے کے بعد جو منظرنامہ پیش کیا تھا، وہ آج بدل گیا ہے۔
EPAPER
Updated: March 05, 2025, 3:31 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
گزشتہ روز اس ڈائری نگار نے مینارہ مسجد اور محمد علی روڈ کا دورہ کرنے کے بعد جو منظرنامہ پیش کیا تھا، وہ آج بدل گیا ہے۔
گزشتہ روز اس ڈائری نگار نے مینارہ مسجد اور محمد علی روڈ کا دورہ کرنے کے بعد جو منظرنامہ پیش کیا تھا، وہ آج بدل گیا ہے۔ مینارہ مسجد کے مقامی کاروباریوں، سماجی کارکن، ایم ایل اے امین پٹیل، اعلیٰ پولیس اور بی ایم سی افسران کےمابین ہونےوالی میٹنگ میں رمضان المبارک میں مینارہ مسجد اور محمد علی روڈ کےعلاقے میں کاروبار کرنےکی اجازت ملنے سے یہاں کے تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اجازت ملنے کےبعد دکانداروں نے دکانوں کےآگے منڈپ بنانےاور لائٹنگ وغیرہ کا کام شروع کر دیاہے۔
مقامی رکن اسمبلی امین پٹیل نے پیرکو سائوتھ زون کے ایڈیشنل پولیس کمشنراویناش دیشمکھ، دیگر اعلیٰ پولیس افسران اور بی ایم سی کے ذمہ داران سے میٹنگ کر کے معمول کےمطابق مینارہ مسجداوراطراف کےعلاقوں میں رمضان المبارک میں لگنےوالی عارضی دکانوں، اسٹالوں او ر باکڑے والوں کو کاروبار شروع کرنےکی اجازت حاصل کرلی ہے۔ پولیس نے ضروری احتیاطی تدابیر مثلاً جو لوگ سڑک پر کھانے پینےکی اشیاء پکاتےہیں، انہیں خاص طورپر آگ سے محفوظ رہنےکیلئے احتیاطی آلات رکھنے، بیرونِ ممبئی سے آکر دھندہ کرنےوالوں کے شناختی دستاویزات جمع کرنے اور عوام کی آمد و رفت کا خیال رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی دکانداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سامان کی قیمتوں کا بورڈ ضرورلگائیں تاکہ صارفین کےساتھ کسی طرح کی دھوکہ دہی نہ ہو۔ امسال رمضان المبارک کے پہلے ۲؍دن مینارہ مسجد اور اطراف کےعلاقوں میں ایک بجے رات تک دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن مذکورہ میٹنگ کےبعد صبح ۴؍بجے تک کاروبار کرنےکی اجازت دی گئی ہےجس سے دکانداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
رمضان المبارک میں اسماعیل حبیب مسجد کےقریب ۱۰؍سال سے سیخ کباب کی دکان لگانےوالے فریداحمد کےمطابق بی ایم سی اور محکمہ ٔ پولیس سے دکان لگانے کی اجازت نہیں مل رہی تھی جس سے ہماری پریشانی بڑھ گئی تھی، سمجھ میں نہیں آرہاتھاکہ رمضان میں کاروبار کیسے ہوگالیکن ایم ایل اے امین پٹیل اور مقامی سماجی کارکنوں کی کوشش سے احتیاطی تدابیر کے ساتھحسب معمول کاروبار کی اجازت مل گئی ہے، ہم ان لوگوں کےشکر گزار ہیں۔
اسی علاقہ میں افطاری کے سامان کی دکان لگانےوالے پرویز کوراڈیا نےبتایاکہ ’’ بی ایم سی نے یہاں کی سڑکوں پر پٹا لگایاہے جس کےآگے جاکر ہمیں دھندہ کرنےکی اجازت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ سموسہ، بھجیہ اور دیگر آئٹم بنانےکیلئے گیس وغیرہ کااستعمال کرنےمیں احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے اس کا بھی ہم پوراخیال رکھیں گے۔ ہمیں دھندہ کرنےکی اجازت مل گئی یہ ہمارے لئے بڑی خوشی کی بات ہے۔ دیگر دکاندار بھی اپنی دکانوں کے آگے منڈپ بنارہے ہیں، لائٹنگ وغیرہ کاکام بھی جاری ہے۔ اُمید ہےکہ ایک دو دنوں میں معمول کےمطابق یہاں کی رونقیں لوٹ آئیں گی۔
مانڈوی پوسٹ آفس کےقریب کاسمیٹک کے سامان کی چھپری لگانے والے شبیر منصوری اورمقامی سماجی کارکن امین پاریکھ نے بھی پولیس اور شہری انتظامیہ کے فیصلہ کاخیرمقدم کرتےہوئے کہاہےکہ منگل سےمینارہ مسجداور اطراف کے علاقوں کی چہل پہل بڑھ گئی ہے۔ اُمید ہےکہ جلد ہی روایت کے مطابق یہاں افطار سے سحری تک جشن کا ماحول ہوگا۔