Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ماہِ مبارک اس طرح گزاریئے!

Updated: March 03, 2025, 3:53 PM IST | Maulana Muhammad Yusuf Islahi | Mumbai

تراویح کی نماز خشوع خضوع اور ذوق و شوق کے ساتھ پڑھئے اور جوں توں ۲۰؍رکعت کی گنتی پوری نہ کیجئے بلکہ نماز کو نماز کی طرح پڑھئے تاکہ آپ کی زندگی پر اس کا اثر پڑے اور خدا سے تعلق مضبوط ہو۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

۱)  رمضان میں عبادات سے خصوصی شغف پیدا کیجئے۔ فرض نمازوں کے علاوہ نوافل کا بھی خصوصی اہتمام کیجئے اور زیادہ سے زیادہ نیکی کمانے کے لئے کمربستہ ہو جایئے۔ یہ عظمت و برکت والا مہینہ خدا کی خصوصی عنایت اور رحمت کا مہینہ ہے۔ 
۲)  پورے مہینے کے روزے نہایت ذوق و شوق اور اہتمام کے ساتھ رکھئے اور اگر کبھی مرض کی شدت یا شرعی عذر کی بنا پر روزے نہ رکھ سکیں، تب بھی احترامِ رمضان میں کھلم کھلا کھانے سے سختی کے ساتھ پرہیز کیجئے اور اس طرح رہئے کہ گویا آپ روزے سے ہیں۔ 
۳)  تلاوتِ قرآن کا خصوصی اہتمام کیجئے۔ اس مہینے کو قرآنِ پاک سے خصوصی مناسبت ہے۔ قرآنِ پاک اسی مہینے میں نازل ہوا اور دوسری آسمانی کتابیں بھی اسی مہینے میں نازل ہوئیں … اس لیے اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ قرآن پاک پڑھنے کی کوشش کیجئے۔ حضرت جبرئیل ؑ ہر سال رمضان میں نبیؐ کو پورا قرآن سناتے اور سنتے تھے، اور آخری سال آپ نے رمضان میں نبیؐ کے ساتھ دو بار دَور فرمایا۔ 
۴)  قرآن پاک ٹھہر ٹھہر کر اور سمجھ سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کیجئے۔ کثرتِ تلاوت کے ساتھ ساتھ سمجھنے اور اثر لینے کا بھی خاص خیال رکھئے۔ 
۵)  تراویح میں پورا قرآن سننے کا اہتمام کیجئے۔ ایک بار رمضان میں پورا قرآنِ پاک سننا مسنون ہے۔ 
۶)  تراویح کی نماز خشوع خضوع اور ذوق و شوق کے ساتھ پڑھئے اور جوں توں ۲۰؍رکعت کی گنتی پوری نہ کیجئے بلکہ نماز کو نماز کی طرح پڑھیے تاکہ آپ کی زندگی پر اس کا اثر پڑے اور خدا سے تعلق مضبوط ہو۔ خدا توفیق دے تو تہجد کا بھی اہتمام کیجئے۔ 
۷)  صدقہ اور خیرات کیجئے۔ غریبوں، بیوائوں اور یتیموں کی خبرگیری کیجئے اور ناداروں کی سحری اور افطار کا اہتمام کیجئے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ’’یہ مواسات کا مہینہ ہے‘‘ یعنی غریبوں اور حاجت مندوں کے ساتھ ہمدردی کا مہینہ ہے۔ ہمدردی سے مراد مالی ہمدردی بھی ہے اور زبانی ہمدردی بھی۔ ان کے ساتھ گفتار اور سلوک میں نرمی برتیے۔ ملازمین کو سہولتیں دیجئے اور مالی اعانت کیجئے۔ 
۸)  شب قدر میں زیادہ سے زیادہ نوافل کا اہتمام کیجئے اور قرآن کی تلاوت کیجئے۔ اس رات کی اہمیت یہ ہے کہ اس رات میں قرآن نازل ہوا۔ 
 حدیث میں ہے کہ شب قدر رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے کوئی رات ہوتی ہے۔ اِن راتوں میں اس دعا کا تذکرہ ملتا ہے:(ترجمہ)’’خدایا! تو بہت ہی زیادہ معاف فرمانے والا ہے کیونکہ معاف کرنا تجھے پسند ہے، پس تو مجھے معاف فرما دے۔ ‘‘ (حصن حصین)
۹)  رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کیجئے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری ۱۰؍ دنوں میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔ 
۱۰)  رمضان میں لوگوں کے ساتھ نہایت نرمی اور شفقت کا سلوک کیجئے۔ ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیجیے اور فراخ دلی کے ساتھ اُن کی ضرورتیں پوری کیجئے اور گھر والوں کے ساتھ بھی رحمت اور فیاضی کا برتائو کیجئے۔ 
۱۱) نہایت عاجزی اور ذوق و شوق کے ساتھ زیادہ دعائیں کیجئے۔ درمنشور میں ہے کہ جب رمضان کا مبارک مہینہ آتا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا رنگ بدل جاتا تھا اور نماز میں اضافہ ہو جاتا تھا اور دعا میں بہت عاجزی فرماتے تھے اور خوف بہت زیادہ غالب ہوجاتا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK