Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

آج رائلز اور نائٹ رائیڈرس کے درمیان گھمسان

Updated: March 26, 2025, 9:35 AM IST | Guwahati

آئی پی ایل کے ۱۸؍ ویں سیزن میں دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں۔ دونوں ٹیمیں پہلی کامیابی کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

آسام میں گوہاٹی کے برساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے اہم چھٹے میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے خلاف  راجستھان رائلز (آر آر) پر آئندہ میچوں میں قائم رہنے کیلئے  زبردست دباؤ ہو گا ۔ آر آر کی خراب گیند بازی پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ 
حیدرآباد کی جانب سے آئی پی ایل کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور۲۸۶؍ رن بنانے  کے بعد  راجستھان کواپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پچھلے میچ کے دوران جوفرا آرچر اور مہیش تھیکشنا کی قیادت میں ان کا بولنگ اٹیک متاثر کرنے میں ناکام رہا تھا۔ بدھ کو  کے کے آر کے خلاف میچ میں ان کی گیند بازی  راجستھان  کیلئے  پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
راجستھان رائلز ٹیم کو ٹورنامنٹ میں سب سے مضبوط اسپن اٹیک رکھنے والی کے کے آر ٹیم کے خلاف زندہ رہنے کیلئے  بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔  اجنکیا رہانے کی زیرقیادت کے کے آر نے بھی اپنی مہم کا آغاز رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) سے شکست کے ساتھ کیا  تاہم، وہ سنیل نارائن اور ورون چکرورتی کی اسپن جوڑی کی بدولت  اگلے مقابلے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرنے کے لئے میدان پر  اتریں گے۔ گوہاٹی کی پچ روایتی طور پر اسپنرس کے لئے مددگار ہے اوریہ پچ اسپنرس کیلئے  بہترین ہوگی۔ کے کے آر کے اسپنر اس پچ کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سابق کرکٹرس نے دھونی کی اسٹمپنگ کی تعریف کی

کے کے آر اور آر آر دونوں نے اس آئی پی ایل سیزن میں ابھی تک اپنا کھاتہ نہیں کھولا ہے اور دونوں ٹیموں پر جیت کیلئے  نفسیاتی دباؤ رہے گا۔ آنے والے میچ کا نتیجہ دونوں ٹیموں کیلئے  باقی سیزن میں  برقرار  رہنے کے لئے دروازے کھول سکتا ہے۔ گزشتہ میچ میں ٹیم کے کپتان سنجو سیمسن کی شاندار کارکردگی کے بعد اس میچ مین ان سے ٹھوس شروعات کی امید کی جائے گی۔ یشسوی جیسوال اور دھرو جوریل بلے سے اہم شراکت کریں گے اور پچھلے میچ میں خراب کارکردگی کے بعد سب کی نظریں ریان پراگ پر بھی ہوں گی۔
کولکاتا کے اوپنر کوئنٹن ڈی کاک ایک دھماکہ خیز آغاز فراہم کرنے کے خواہاں ہوں گے جبکہ اجنکیا رہانے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ وینکٹیش ایّر، رنکو سنگھ اور آندرے رسل جیسے مڈل آرڈر بلے بازوں سے آخری میچ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد اچھی کارکردگی کی امید کی جارہی ہے۔  بدھ  کے میچ میں ٹاس فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔ ٹیمیں اس گراؤنڈ پر ہدف کا تعاقب کرنا پسند کرتی ہیں۔ بہتر بیٹنگ کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے یہ میچ ہائی اسکورنگ مقابلہ ہونے کی امید ہے  تاہم بولرس  کو مخالف ٹیم کو روکنے کیلئے  اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنی ہوگی۔

راجستھان رائلز اور کولکاتا نائٹ رائیڈرس کا مقابلہ  

آئی پی ایل میں راجستھان رائلز اور کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے درمیان اب تک کل۳۰؍ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ ان میچوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا ہے۔ راجستھان رائلز نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف۱۴؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔۱۴؍ میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ ۲؍ میچوں کا فیصلہ نہیں ہوا۔
اگر گوہاٹی کے برساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو یہاں راجستھان اور کولکاتا کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا۔ گزشتہ سیزن میں کھیلے گئے اس میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔
برساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں اب تک کل۴؍ آئی پی ایل میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ ان میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے ۲؍ میچ جیتے ہیں جبکہ ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم ایک بار جیت چکی ہے جبکہ ایک میچ کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK