Inquilab Logo

ٹرکی سینٹرل:اندھیری میں انڈین اورٹرکش پکوانوں کا فیوژن

Updated: June 09, 2023, 12:41 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

ترکی مصنوعات سے مزین اس ریستوراں میں ویج اور نوابی پکوان بھی پیش کئے جاتے ہیں، خالص ٹرکش ڈشیز آزمانے کیلئے یہ اچھا متبادل ہے

To attract customers, Turki Central is modeled after Turki architecture. Image: inquilab
گاہکوں کو متوجہ کرنے کیلئے ٹرکی سینٹرل کوترکی طرز تعمیرکا نمونہ بنایا گیا ہے۔ تصویر: انقلاب

شہر و مضافات میں ترکی پکوانوں والے متعدد ہوٹل اور ریستوراں ہیں لیکن چند ہی ایسے ہیں جہاں درست ترکیب سےترکی پکوان بنائے جاتےہیں۔ ان ریستورانوں میں ایک ’’ٹرکی سینٹرل‘‘ ہے۔گزشتہ ۲؍ برسوں میں اپنے لذیذ اور خوشبودار پکوانوں کے سبب یہ ریستوراں اندھیری ہی نہیں آس پاس کے علاقوں میںبھی کافی شہرت حاصل کرچکا ہے۔ وسئی ویرار کے علاوہ پونے سے بھی لوگ اس ایک منزلہ ریستوراں میں ترکی، نوابی اور ہندوستانی پکوانوں کا لطف اٹھانےآتےہیں۔ یہاں کی خاص بات یہ ہے کہ نوابی اور ہندوستانی پکوانوں میں بھی ترکش ذائقہ کی آمیزش ہوتی ہے۔ 
 ٹرکی سینٹرل میں عربی اور ترکی مصنوعات اور نوادرات سجائی گئی ہیں۔ زرد، نیلا ، سیاہ اور سنہری رنگ ریستوراں کو جاذبیت بخشتا ہے۔ جن برتنوںمیں کھانا پیش کیاجاتا ہے، وہ ترکی طرز کے ہوتے ہیں۔ اسی طرح کھاناکھانے کے بعد اگر آپ ’’ویٹ ٹشو‘‘استعمال نہیں کرنا چاہتے تو ویٹر صراحی سے آپ کے ہاتھ دھلاتا ہے۔


 یہاں ویج پکوان بھی بنائے جاتے ہیں اس لئے ویج کے شوقین بھی بلا جھجک ترکی اسٹائل میں بنے ویج پکوان کھاسکتے ہیں۔ ریستوراں کامینو۴؍ حصوں پرمشتمل ہے: ٹرکش، انڈین، نوابی اور ویج۔ ڈشیز کے نیچے چند سطور میں یہ بھی وضاحت کی جاتی ہے کہ پکوان کس طرح بنایا جائے گا اور اس میں کون کون سے اجزاء ڈالے جائیںگے لہٰذا اگر آپ ترکی پکوانوں کے نام نہیں جانتے اور انہیں آزمانا چاہتے ہیں تو وضاحت پڑھ کر آرڈرکرسکتے ہیں۔ مینو میں ڈیزرٹس، ماک ٹیلز اور مشروبات کے بھی کئی آپشن ہیں۔
انقلاب کا تجربہ


 ہم نے نان ویج آپشن سے ٹرکش اور نوابی پکوان آزمائےٹرکش مسالوں اور دہی میںمیرینیٹ کئے گئے چکن کے چھوٹےٹکڑوں کو کوئلوں پر بھوناجاتا ہے جس سے مرمرا استنبول تکہ کا ذائقہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ اگر اسے کوئلے پر نہ بھوناگیا تو اس کا ذائقہ محسوس ہی نہیں ہوگا ۔ 
 چکن پیشاوری تکہ میں بون لیس چکن کو کریم اور سفید مکھن میں  میرینیٹ کیاجاتا ہے۔ دہی اورادرک کاپیسٹ لگا کر اسے تندورپر بھون کر زیرہ پاؤڈرکے ساتھ پیش کیاجاتاہے۔یہ خوشبودار پکوان جب ٹرے میں سجاکر میز تک پہنچایا جاتا ہے تو آس پاس کے متعدد گاہکوں کی نظریں اس کی طرف اٹھ جاتی ہیں۔جب ہماری میز پر پیشاوری تکہ پہنچا تو متعدد گاہکوں نے منیجرسے اسی پکوان کا تقاضا کیا۔
 چکن انقرہ تکہ کو لبنانی ساس میں بنایا جاتا ہے لیکن مرمرا استنبول تکہ اوراس میں فرق کرنا مشکل ہے۔ دونوں ایک جیسے محسوس ہوتے ہیں لیکن انہیں کھانے میں لطف آتا ہے۔
 بھاپ اُڑاتے مرغ موروکن سزلر کو گرم گرم ہی پیش کیاجاتا ہے۔ یہ ڈش گرم یا نیم گرم ہو تبھی کھائی جانی چاہئے۔ ٹھنڈا کرکے کھانے پر پکوان کا ذائقہ کم ہوجاتا ہے۔


 سبز دم بریانی کو مٹی کی ہانڈی میں پیش کیا جاتا ہے۔ ٹرکی سینٹرل کےمنیجر کے مطابق اس ہانڈی کا منہ آٹے کی مدد سے بند کرکے اسے زمین دوز اوون میں دم دیاجاتاہے۔ اس طریقے سے خالص ترکی بریانی کی لذت کو محسوس کیا جاسکتا ہے۔
 ٹرکش پیٹا، تندوری روٹی کی طرح مگر لمبا ہوتا ہے۔ اس دبیز بریڈکو کاٹ کر اس میں سبزیاں اور چکن/مٹن بھرا جاتا ہے۔ ٹرکش پیٹاکو بغیر کسی شوربے کے کھایا جاسکتا ہے۔
 ہم نے اس ریستوراں میں جتنے پکوان آزمائے سبھی اپنے آپ میںمنفرد اور ذائقہ دارتھے۔ نوابی تھال، اودھی لہسن کی کھیر، کنافہ اور بقلاوہ جیسے ڈیزرٹس، ٹرکش کافی  اور خالص ترکی پکوانوں کو آزمانے کیلئےٹرکی سینٹرل کا دورہ ضرور کیجئے۔

ٹرکی سینٹرل کیوں جائیں؟
ویج اور نان ویج ریستوراں 
بجٹ فرینڈلی (مناسب دام)
خوش اخلاق عملہ 
ترکی، نوابی اور ہندوستانی پکوان


انقلاب نے یہ پکوان آزمائے
 مرمرا استنبول تکہ،چکن پیشاوری تکہ، چکن انقرہ تکہ، چکن زیتونی تکہ، مرغ موروکن سزلر، بخاری رائس، سبز دم بریانی، ترکش پیٹا، کنافہ، بقلاوہ۔
وہ پکوان جو آپ آزما سکتے ہیں
 انگلش گارڈن، فلافل، ہوموس چکن، راکٹ شاورما، دُجاج فلفل تکہ، تووک اناطالیہ تکہ، چکن شیش تووک،استنبول دُجاج فہم، اوزی پوٹ لحم،ملائی فیرنی۔ 
 وقت: دوپہر ۱۲؍ بجےسے رات ساڑھے بارہ بجے تک۔
پتہ: میرا ٹاور، نیو لنک روڈ، نزد میگا مال، اوشیوارہ، اندھیری (مغرب)، ممبئی۔
lانسٹاگرام
@turkeycentralindia

eating out Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK