• Tue, 21 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایئر ہوسٹس کو فون پر باتوں میں الجھاکر۱۰؍لاکھ روپے کا پرسنل لون اپنے کھاتے میں ٹرانسفر کروالیا

Updated: January 05, 2025, 11:22 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

یہاں ایک ۲۴؍ سالہ ایئر ہوسٹس کیساتھ ۹ ؍لاکھ ۹۳؍ ہزار روپے کا آن لائن فریب دہی کا معاملہ پیش آیا ہے۔ اس معاملے میں متاثرہ خاتون نے مہاتما پھلے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔ 

Picture: INN
تصویر: آئی این این

یہاں ایک ۲۴؍ سالہ ایئر ہوسٹس کیساتھ ۹ ؍لاکھ ۹۳؍ ہزار روپے کا آن لائن فریب دہی کا معاملہ پیش آیا ہے۔ اس معاملے میں متاثرہ خاتون نے مہاتما پھلے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔ 
  اطلاعات کے مطابق کلیان مغرب میں رہنے والی ہنیدہ سید نام کی ایئر ہوسٹس کو پچھلے سال ۲۳؍ نومبر۲۰۲۴ ءکو ایک نامعلوم شخص کا شام ۶ ؍بجے فون آیا کہ ` آپ نے جو پارسل ایران بھیجا تھا وہ ابھی تک پہنچا نہیں ہے۔ تب خاتون نے کہا کہ انہوں نے ایسا کوئی پارسل کسی کو نہیں بھیجا ہے۔ بعد میں نامعلوم شخص نے خاتون سے اسکائپ ایپ انسٹال کرنے کی درخواست کی۔ پھر ایک لنک خاتون کے موبائل پر بھیجی گئی۔ لنک کو بھیجنے کے بعد نامعلوم شخص نے ویڈیو کالنگ کرکے بتایا کہ خاتون کا نام ایک مالیاتی گھوٹالہ میں آیا ہے۔ 
 ہنیدہ سید نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب اس نے کوئی مالیاتی لین دین نہیں کیا ہے تو آخر اس کا نام گھوٹالہ میں کیوں اور کیسے آیا؟نامعلوم شخص نے خاتون کو مسلسل بولنے میں مصروف رکھا۔ اس دوران نامعلوم شخص نے خاتون کے موبائل میں آئی سی آئی سی آئی بینک کا ایک لنک بھیجا اور اسے کھولنے کو کہا۔ اس درمیان نامعلوم شخص نے خاتون کو باتوں میں ایسے الجھائے رکھا کہ اسے کسی طرح کا کوئی شک نہ ہو اور اسے موصول ہونے والے او ٹی پی وغیرہ بھی حاصل کرلئے۔ اس گفتگو کے دوران ہی نامعلوم شخص نے آئی سی آئی سی آئی بینک کے اکاؤنٹ سے ۹ ؍لاکھ ۹۳؍ ہزار روپے کا پرسنل لون منظور کروالیا۔ بعد ازاں خاتون سے کہا کہ آپ کے اکاؤنٹ میں جو پیسہ ہے وہ مالیاتی اسکینڈل کی رقم ہے اسے فوراً یوکو بینک کے اکاونٹ میں ٹرانسفر کر دو۔ خاتون نےمارے ڈر کے پیسے فوراً بتائے گئے بینک اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کردئیے۔ بعد میں اس لین دین میں فریب دہی کا علم ہونے کے پرخاتون نے گزشتہ روز مہاتما پھلے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK