• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایک سیارہ کرائے پر دستیاب ہے

Updated: September 24, 2023, 12:32 PM IST | Muhammad Faisal | Mumbai

عالمی ادب(کیوبا) سے ایک کہانی ایک سیارہ کرائے پر دستیاب ہے۔

Photo. INN
تصویر:آئی این این

یوس … ترجمہ:محمد فیصل 
’’اِدھر آئیےخواتین وحضرات! اس طرف۔‘‘
’’برا مت مانئے گا، مگر صرف زینائیڈز (Xenoids) ہی اس طرف آنے کی زحمت کریں ۔یہ پیش کش انسانوں کے لئے نہیں ہے۔ وہ ہم سے دور ہی رہیں تو بہتر ہے۔‘‘
’’ایک ایسا سنہری موقع جسے آپ ضائع نہیں کر سکتے۔‘‘
’’ایک ایسی پیشکش جسے آپ ٹھکر ا نہ پائینگے۔‘‘
’’ایک سیارہ کرائے پر حاصل کریں !‘‘
’’ایک مکمل سیارہ، سمندروں ، پہاڑوں ، گلیشیرز اور صحرائوں کے ساتھ۔ میدانوں اور جنگلوں سمیت۔‘‘
’’ایک سیارہ، اپنے موسموں ، نباتات و حیوانات ، معدنیات اور اپنے چاند کے ساتھ۔‘‘
’’اور سب سے بڑھ کر اپنی ذہین آبادی کے ہمراہ۔‘‘
’’ایک عمدہ موقع جسے آپ گنوا نہیں سکتے۔‘‘
’’کرائے پر دستیاب ، ایک سیارہ، اپنے تابناک ماضی کے ساتھ، یادگاروں اور عجائبات کے ہمراہ۔ اپنے نادر فنون لطیفہ اور بھرپور تہذیبی و ثقافتی ورثے سمیت۔‘‘
’’ایک سیارہ ، اپنی روح اور مستقبل پر بھروسے کے ساتھ۔‘‘
’’یہ سیارہ سب سے زیادہ بولی لگانے کو غیر معینہ مدت کیلئےکرائے پر دے دیا جائے گا۔ کوئی خفیہ شرائط نہیں ، کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ۔‘‘
’’آپ بلا شک و شبہ بولی میں حصہ لے سکتےہیں ۔‘‘
’’ہم آپ کو ایک اور پیشکش کرتے ہیں ۔ ایک سے زائد سرمایہ کار مل کر بھی اسے حاصل کر سکتے ہیں ۔ آپ کا تعلق کسی بھی سیارے سے ہو، الدیبران سے یا ریگولیس سے۔ آپ تائو سیتی سے ہوں یا پراگزیما گیلیکسی سے، آپ یہ موقع ہرگز نہیں گنوا سکتے۔ آپ کو یہ پیشکش ٹھکرانی نہیں چاہئے۔‘‘
’’ایک سیارہ ، جس نے ترقی کی راہ ترک کردی۔ ایک ایسا سیارہ جو اس وقت جوش میں آیا جب اسٹیڈیم میں سارے انعام بٹ چکے اوران کے پاس صرف اپنی بقا کی جنگ باقی رہ گئی۔‘‘
’’ایسا سیارہ جس نے پہلے تو معاشی ترقی کے اصول وضع کرنے میں زمانے لگا دیئے اور جب ان اصولوں پر عمل شروع کیا تو یہ قواعد و ضوابط تبدیل ہو چکے تھے۔‘‘
’’کرائے پر حاصل کریں ۔ وہاں پکنک منائیں یا پارٹی کریں ۔ ایک ایسی جگہ جہاں آپ بلا روک ٹوک اپنی مرضی چلاسکتے ہیں ۔‘‘
’’ایک سیارہ، جہاں کے مکینوں نے مستقبل اور اس کے ہونے پر یقین کرنا چھوڑ دیا تھا۔ اب وہ افراد اپنے تنہا ماضی میں جیتے ہیں اور دوسرے سیارے سے آنے والے ان پر حکومت کرتے ہیں ۔ ان کا ماضی انھیں کسی کی بھی غلامی کرنے سے نہیں روکتا۔‘‘
’’کرائے پر دستیاب، ایک سیارہ۔‘‘
’’انتہائی مناسب قیمت پر‘‘!
’’یہ موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں ۔‘‘
’’معاہدےکے کاغذات بالکل تیار ہیں ۔‘‘
’’آئیے اور ان کا بغور مطالعہ کریں ۔ کوئی غیر معمولی شرط یا شق نہیں ۔‘‘
’’بس ایک دوستانہ اطلاع کہ آپ دراصل یہ سیارہ صرف کرائے پر حاصل نہیں کریں گے بلکہ آپ اسے خرید رہے ہیں ، ہمیشہ کے لئے۔‘‘
’’مختلف کہکشائوں سے تعلق رکھنے والے زینائیڈز! اس کی قیمت آپ کی انتہائی محنت سے کمائی رقم نہیں بلکہ صرف آپ کی روح ہے۔‘‘
’’اگر آپ اس شق سے کوئی فرق نہیں پڑتا تو آئیے ! ہم تیار ہیں ‘‘!
’’بھولئے گا مت،’’اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو بھی آگاہ کیجئے!‘‘
’’ایک سیارہ کرائے پر دستیاب ہے۔‘‘ n
(مصنف’یوس‘ سائنس فکشن اور فنٹیسی لکھنے والے کیوبا کے اہم ترین ادیب ہیں ۔ ان کی تخلیقات کا کئی غیر ملکی زبانوں میں ترجمہ کیا گیا ہے۔ وہ سائنس فکشن کے متعدد ورک شاپس منعقد کر چکے ہیں اور انہیں بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مندوب بلایا جاتا ہے۔ ان کی کئی کتب شائع ہو چکی ہیں ۔ بشکریہ:عالمی ادب کے اردوتراجم)

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK