• Mon, 27 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دنیاکی۱۰؍ تیز ترین ٹرینیں :رفتار،تکنیک اورڈیزائننگ کا عمدہ امتزاج

Updated: September 24, 2022, 12:02 PM IST | Mumbai

دنیا بھر میں ٹرین خدمات کو تیز سے تیز تر کرنے کی سمت کام ہورہا ہے۔ چین ، جاپان اس معاملے میں پہلے سے ہی کافی آگے بڑھ چکے ہیں ۔

Germain High Speed ​​Railway. .Picture:INN
جرمین ہائی اسپیڈ ریلوے ۔ تصویر:آئی این این

 دنیا بھر میں ٹرین خدمات کو تیز سے تیز تر کرنے کی سمت کام ہورہا ہے۔ چین ، جاپان اس معاملے میں پہلے سے ہی کافی آگے بڑھ چکے ہیں ۔جرمنی، اسپین، جنوبی کوریا اور دیگرنے بھی اس حوالے سے کافی کام کیا ہے۔ وطن عزیز میںحال ہی میں’وندے بھارت‘ ٹرین کا ٹرائل کامیاب رہا، یہ ٹرین ۱۱۰؍میل فی گھنٹے کی رفتار سے دوڑ تی ہے۔ آئیے جانتے ہیں دنیا بھر کی ۱۰؍ تیز رفتار ٹرینیں کون سی ہیں۔
شنگھائی ماگلیو: یہ دنیا کی تیز ترین ٹرین ہے۔یہ  منفرد بھی ہے جو روایتی ٹریک کی بجائے مقناخیزی نظام کے تحت سفر کرتی ہے یعنی ٹرین پٹری کے مقناطیسی میدان پر ہوا میں معلق ہوکر چلتی ہے۔یہ شنگھائی کے پوڈونگ ایئرپورٹ کو شہر کے مرکز سے ملاتی ہے جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار۲۸۶؍ میل فی گھنٹہ ہے۔۳۰؍ کلومیٹر کا سفر یہ ٹرین محض ۳۰:۷؍منٹ میں طے کرلیتی ہے۔
سی آر۴۰۰؍فیوکسنگ: یہ روایتی ٹریک پر سفر کرنے والی دنیا کی تیز ترین ٹرین ہے۔ چین کی یہ ٹرین۲۱۷؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہے  ۔روایتی ٹریک پر یہ دنیا کی تیز ترین ٹرین ہے جس میں۱۶؍ بوگیاں موجود ہیں اور۱۲۰۰؍ مسافر ایک وقت میں اس میں سفر کرسکتے ہیں۔ یہ دنیا کی اس وقت واحد خودکار ڈرائیونگ  ٹرین بھی ہے۔
آئس۳: جرمنی بھی ٹرینوں کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ہے اور آئس۳؍ اس کی تیز ترین ٹرین ہے جس کی حد رفتار۲۰۵؍ میل فی گھنٹہ ہے۔یہ۱۹۹۹ء سے دوڑرہی ہے جس کیلئے کلون اور فرینکفرٹ کے درمیان ۱۱۰؍ میل طویل ہائی اسپیڈ ٹریک بھی تعمیر کیا گیا۔
ٹی جی وی: یہ فرانس کی تیز ترین ٹرین ہے۔ فرانس کو ہائی اسپیڈ ریل ٹیکنالوجی کے بانیوں میں سے ایک خیال کیا جاتا ہے۔فرانس کی ٹی جی وی ٹرینیں اس وقت۱۹۸ء۵؍ میل گھنٹہ کی رفتار سے ملک کے اندرونی حصوں کے ساتھ ساتھ برسلز اور لندن کا سفر بھی کرسکتی ہیں۔
جے آر ایسٹ ای:جاپان نے دنیا میں۱۹۶۴ء  میں تیز ترین ریلوے سسٹم کا تصور متعارف کرایا تھا۔جاپان کی زیادہ تر ٹرینیں ۱۸۶؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں مگر ای۵؍ بلٹ ٹرین۲۰۰؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتی ہے۔ٹرین میں نصب۳۲؍ موٹریں۱۲؍ ہزار۹۰۰؍  ہارس پاور فراہم کرتی ہیں۔
البراق:یہ ٹرین سروس مراکش میں کام کررہی ہے۔ افریقہ کی پہلی بلکہ اب تک کی واحد تیز ترین بلٹ ٹرین کو عوام کے لئے  نومبر۲۰۱۸ء  میں کھولا گیا جو مراکش کے شہر کاسا بلانکا کو ساحلی شہر تنگیر سے ملاتی ہے۔یہ مراکش کے۱۵۰۰؍ کلو میٹر طویل ہائی اسپیڈ نیٹ ورک کے پہلے مرحلے میں متعارف کرائی گئی تھی جس کو فرانسیسی کمپنی نے تیار کیا اور یہ۱۹۸ء۵؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتی ہے۔
اے وی ای ایس۱۰۳: اسپین۱۹۹۲ء میں تیز رفتار ٹرینیں چلانے والے ممالک کی فہرست کا حصہ بنا تھا اور اس کے لئے  فرانس سے ٹی جی وی ٹیکنالوجی کو درآمد کیا گیا۔اب اس یورپی ملک نے اپنی سپر فاسٹ ٹرینیں تیار کرلی ہیں ، اے وی ای۱۹۳؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے
کے ٹی ایکس : جنوبی کورین ٹرین۱۹۰؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتی ہے ۔سیئول سے بوسان جانے والی یہ ٹرین زیادہ سے زیادہ۲۰۵؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکتی ہے مگر اسے۱۹۰؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہی دوڑایا جاتا ہے۔جنوبی کوریا میں ایسی ٹرینیں بھی تیار کی جارہی ہیں جو۲۶۰؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکیں گی مگر انہیں ابھی باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرایا گیا۔
 ٹرین اٹالیہ ای ٹی آر۱۰۰۰: اٹلی کی یہ ٹرین۱۸۶؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتی ہے حالانکہ اسے۲۵۰؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرنے کیلئے  ڈیزائن کیا گیا تھا۔اس ٹرین کا انجن۱۰؍ ہزار ہارس پاور فراہم کرتا ہے۔
حرمین ہائی اسپیڈ ریلوے: یہ ٹرین مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر کرتی ہے۔ اس کی رفتار۱۸۶؍ میل فی گھنٹہ  ہے۔اس مقصد کیلئے  اسپین کی تیار کردہ ٹالگو ٹرینوں کو صحرائی سفر کیلئے  تبدیل کیا گیا اور یہ ٹرین۵۰؍ سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی سفر کرسکتی ہے۔مکہ سے مدینہ کے درمیان ۲۷۹؍ میل کا فاصلہ یہ ٹرین۲؍ گھنٹے کے اندر طے کرسکتی ہے۔

auto news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK