کرناٹک کے وجے پور کی ۱۸؍ سالہ سمائرہ ہلور نے ہندوستان کی سب سے کم عمر کمرشیل پائلٹ کا اعزاز حاصل کر لیا۔
EPAPER
Updated: December 09, 2024, 3:46 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
کرناٹک کے وجے پور کی ۱۸؍ سالہ سمائرہ ہلور نے ہندوستان کی سب سے کم عمر کمرشیل پائلٹ کا اعزاز حاصل کر لیا۔
کرناٹک کے وجے پور کی ۱۸؍ سالہ سمائرہ ہلور نے ہندوستان کی سب سے کم عمر کمرشیل پائلٹ کا اعزاز حاصل کر لیا۔ سمائرہ، جو بزنس مین امین ہلور کی بیٹی ہیں، نے کمرشل پائلٹ لائسنس (سی پی ایل) حاصل کیا ہے۔ انہوں نے ونود ایوی ایشن اکیڈمی (نئی دہلی) میں ۶؍ ماہ کی سخت ٹریننگ مکمل کی۔
اکیڈمی کے بانی ونود یادو اور کیپٹن تپیش کمار کی رہنمائی میں سمائرہ نے پہلی کوشش میں سی پی ایل کے تمام امتحانات کامیابی سے پاس کئے۔ اس موقع پر سمائرہ نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے انسٹرکٹرز کو دیتے ہوئے کہا، ’’ٹریننگ مشکل تھی، لیکن کیپٹن کی رہنمائی نے سب کچھ آسان بنا دیا۔ مَیں اپنی کامیابی کا مکمل کریڈٹ کیپٹن تپیش کمار اور ونود یادو کو دیتی ہوں۔‘‘
سمائرہ ہلور نے پائلٹنگ سمیت ۶؍ لازمی کورسیز میں بھی حصہ لیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تحریری امتحان میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سمائرہ نے مہاراشٹر کے بارامتی میں ’کارور ایوی ایشن اکیڈمی‘ میں ۷؍ ماہ کی فلائٹ ٹریننگ لی جہاں ان کو کئی چیلنجز کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ان کے پاس ۲۰۰؍ گھنٹے ہوائی جہاز اڑانے کا تجربہ ہے۔
وہ کہتی ہیں، ’’کیپٹن تپیش کمار میرے آئیڈیل ہیں۔ انہوں نے صرف ۲۵؍ سال کی عمر میں پائلٹ بن کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اب مَیں ملک کی سب سے کم عمر کمرشیل پائلٹ ہوں۔‘‘
امین ہلور نے اپنی بیٹی کی کامیابی کے موقع پر اس خواب کے بارے میں بتایا جو سمائرہ نے بچپن میں دیکھا تھا۔ وہ کہتے ہیں، ’’بیجاپور اُتسو کے موقع پر وجے پور ضلع کی انتظامیہ ہیلی کوپٹر کی سیر کا انتظام کرتی ہے۔ ہم نے ٹکٹ خریدے اور ہیلی کوپٹر میں سوار ہوگئے۔ پائلٹ کی شخصیت سے متاثر ہو کر سمائرہ نے ان سے کئی سوالات کئے اور پائلٹ نے بڑی نرمی سے ہر سوال کا جواب دیا۔ اسی وقت سمائرہ نے طے کر لیا تھا کہ وہ پائلٹ بنے گی۔ ہم نے اس کا خواب پورے کرنے کے لئے بچت کی اور ایک اچھے اکیڈمی میں اس کا داخلہ کروایا۔‘‘
سمائرہ کافی ذہین ہیں۔ انہوں نے ۱۵؍ سال کی عمر میں ایس ایس ایل سی اور ۱۷؍ سال کی عمر میں بارہویں پاس کیا۔
سمائرہ کے والدین، اس کی کامیابی پر بے حد خوش ہے۔ اکیڈمی نے ان کی بیٹی کو ملک کی سب سے کم عمر کمرشیل پائلٹ ہونے کا اعلان کیا ہے، اس بات پر انہیں فخر ہے۔n