شادی کا دن بے حد خاص ہوتا ہے۔ اس موقع پر دلہن کا لُک خاصا اہمیت رکھتا ہے۔ اس مضمون میں برائیڈل میک اَپ کے ۴؍ انداز بتائے جا رہے ہیں۔ آپ اپنی شخصیت کے مطابق ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتی ہیں:
EPAPER
Updated: November 14, 2024, 2:18 PM IST | Mumbai
شادی کا دن بے حد خاص ہوتا ہے۔ اس موقع پر دلہن کا لُک خاصا اہمیت رکھتا ہے۔ اس مضمون میں برائیڈل میک اَپ کے ۴؍ انداز بتائے جا رہے ہیں۔ آپ اپنی شخصیت کے مطابق ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتی ہیں:
گلیٹر آئی والا میک اپ
گلیٹر آئی میک اَپ ان دنوں خواتین میں سب سے زیادہ مقبول ٹرینڈ ہے۔ میک اَپ آرٹسٹ برائیڈل میک اَپ کیلئے گلیٹر آئی میک اَپ کا استعمال کررہے ہیں۔ گلیٹر آئی میک اَپ کے لئے گولڈ یا سلور ہی نہیں بلکہ کلرڈ گلیٹر کا استعمال بھی کیا جاتا ہے، جو آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ سلور، پنک اور پرپل گلیٹر کلرز سے مزین برائیڈل آئی میک اَپ ایک منفرد اور خوبصورت انداز فراہم کرنے کے لئے بہترین انتخاب ہے۔ برائیڈل لک کے گلیٹر آئی میک اَپ کے لئے لائٹ اور ڈارک دونوں ہی ٹرینڈز اپنائے جاتے ہیں، جنہیں دلہن کے لباس اور جویلری کی مناسبت سے استعمال کیا جاتا ہے۔
اسموکی آئی
برائیڈل میک اَپ میں آنکھوں کو خاص اہمیت حاصل ہے، اسموکی آئی میک اَپ کچھ عرصہ قبل متعارف ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایک ایسا ٹرینڈ بن گیا جو پارٹی میک اَپ، انگیج مینٹ (منگنی) اور برائیڈل میک اَپ سمیت ہر اسٹائل کیلئے پرفیکٹ ثابت ہوا۔ دور جدید میں اسموکی آئی میک اَپ کیلئے کلرڈگلیٹر، چمکیلی ڈسٹ اور نت نئی اسموکی تکنیک کا استعمال کیا جارہا ہے۔ کچھ عرصہ اسموکی میک اپ کا سنتے ہی بلیک آئی شیڈو کاتصور آنے لگتا تھا۔ تاہم، اب ٹرینڈ بدل گیا ہے اس میں بلیک کے علاوہ نیلا، برگنڈی، کتھئی اور اودی رنگوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف رنگوں اور نت نئی تکنیک کا استعمال برائیڈل میک اَپ کو ایک خاص انفرادیت عطا کرتا ہے۔ اسموکی آئی میک اپ کے اس ٹرینڈ کے پیش نظر مختلف رنگوں کا امتزاج اس خوبصورتی سے کیا جاتا ہے کہ سب رنگ مل کر ایک شاندار تاثر ابھارنے کا سبب بنتے ہیں جس سے آنکھوں کی دلکشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
نیچرل میک اَپ
اِن دنوں خواتین میں ہیوی میک اَپ لک کم دیکھا جانے لگا ہے۔ آج کی خواتین سافٹ اور لائٹ میک اَپ کےذریعے شخصیت میں نکھار لانے کو زیادہ ترجیح دیتی ہیں۔ ہمارے یہاں نیچرل برائیڈل میک اَپ پہلے ٹرینڈ کا حصہ نہ تھا، تاہم، اب ہوگیا ہے۔ برطانوی شاہی خاندان کی بہو میگھن مارکل کا نیچرل برائیڈل میک اَپ دیکھنے کے بعد خواتین کی اکثریت اس ٹرینڈ کو اپنا رہی ہے لیکن کچھ منفرد انداز میں۔ اِن دنوں دلہنیں سرخ کے بجائے سفید یا دیگر ہلکے رنگ پسند کرتی ہیں، اسی طرح گہری لپ اسٹک اور آنکھوں کے گہرے رنگ کے بجائے سوفٹ اور لائٹ ٹچ برائیڈل میک اَپ کو اپنا رہی ہیں۔ نیچرل برائیڈل میک اَپ کی بات کی جائے تو اس لک کے لئے بیوٹیشن آنکھوں اور چہرے کا میک اَپ لائٹ اور سوفٹ رکھتی ہیں جبکہ لپ اسٹک کے لئے گہرے شیڈز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، اس میک اپ میں بلش کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔
ہیوی میک اَپ
برائیڈل میک اَپ کے لئے ہیوی میک اَپ سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ آج بھی خواتین کا ایک طبقہ ایسا ہے جو شادی جیسے خاص دن کے لئے ہیوی لُک اپنانا پسند کرتی ہے۔ اگر آپ بھی نیچرل لک کے بجائے ہیوی میک اَپ لک اپنانا چاہتی ہیں تو گولڈن اور بلیک آئی میک اَپ کی طرف جائیں۔ اس ٹرینڈ کے پیش نظر بیوٹی ایکسپرٹ دو خاص شیڈز (گولڈن اور بلیک ) کا استعمال زیادہ کرتی ہیں۔ برائیڈل لہنگے میں بلیک کا ٹچ ہو یا نہیں آنکھوں کے میک اَپ کے لئے بلیک اور گولڈن شیڈز کو منفرد انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔ برائیڈل آئی لائنر اسٹائل کی بات کی جائے تو عام طور پر ونگڈ اسٹائل، آنکھ کی ساخت کو پیش نظر رکھتے ہوئے زیادہ مناسب رہتا ہے۔ ہیوی میک اَپ میں جہاں آنکھیں گہرے اور ہلکے رنگوں کے ساتھ تیار کی جاتی ہیں، وہیں لپ اسٹک کیلئے ہلکے رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ ہیوی میک اَپ لُک کے ساتھ ہلکی پھلکی جویلری پہنی جاتی ہے۔