• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سفر میں کفایت شعاری اپنانے کے ۵؍ ’نسخے‘

Updated: June 11, 2024, 1:18 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

   کچھ عرصہ پہلے تک کسی جگہ سفر کے لئے چھٹیوں کا انتظار کیا جاتا تھا اور اس کے تعلق سے قابل عمل اور ناقابل عمل، دونوں ہی طرح کے منصوبے بنانے کی تیاریاں شروع ہوجاتی تھیں۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

کچھ عرصہ پہلے تک کسی جگہ سفر کے لئے چھٹیوں کا انتظار کیا جاتا تھا اور اس کے تعلق سے قابل عمل اور ناقابل عمل، دونوں ہی طرح کے منصوبے بنانے کی تیاریاں شروع ہوجاتی تھیں۔ یہ منصوبے یہ ہوتے تھے کہ فلاں رشتے دار کے ہاں جائیں گے، فلاں گارڈن میں گھومیں گے وغیرہ۔  بدلتے وقت کے ساتھ اب کسی جگہ سفر کے لئے چھٹیوں کا انتظار نہیں کیا جاتا، بلکہ اب تو یہ اکثر ’’موڈ ‘‘ پر بھی منحصر ہونے لگا ہے … بہرحال، اگر آپ کہیں سفر کی تیاری یا منصوبہ بندی کر رہی ہیں تو  مذکورہ منصوبوں کے ساتھ  سفر کے اخراجات وغیرہ کو بھی دھیان میں رکھنا ضروری ہے۔ ذیل میں سفری اخراجات میں مناسب اقدامات اور کفایت شعاری اپنانے کے پانچ  خاص ’نسخے‘ پیش ہیں:
سفر کے لئے عام دنوں کا انتخاب
 سفر کے لئے عام دنوں کا انتخاب ہمیشہ سے زیادہ کفایتی ثابت ہوتا ہے کیونکہ سیزن کے لحاظ سے عام دنوں میں ہر جگہ پر مصارف کم ہوتے ہیں۔ جب کبھی آپ تعطیلات کے لئے پروگرام بنائیں تو سیزن کے تہوار پر ضرور توجہ مرکوز رکھیں جیسے آنے والی عیدالاضحی کے موقع پر تعطیلات کے دوران اگر آپ سفر کے لئے نکلیں گے تو ہر جگہ آپ کو بھیڑ ملے گی ۔ اس لئے کچھ دن رک کر سفر کا پروگرام بنائیں۔
اولین فرصت میں سفر کی بکنگ
 ایڈوانس بکنگ کرانے سے آپ کو ہوائی جہاز کی ٹکٹ کم نرخ  پر دستیاب ہو سکتے ہیں،اپنی نشست اولین فرصت میں محفوظ کرا لیں۔اکثر ایئرلائنز روانگی کی تاریخ سے مہینوں قبل بکنگ کرانے پر ارزاں ٹکٹ جاری کرتی ہے۔  اس کے علاوہ اگر ٹرین سے سفر کرنا ہے تو اس کی بکنگ بھی کروالینا ضروری ہے۔
 مختلف رہائشی مقامات آزمائیں
تعطیلات گزارنے کے لئے منزل کے تعین کے وقت رہائش کی تلاش میں روایتی ہوٹلوں کے متبادل پر غور کریں، اکثر چھٹیوں کے دوران تفریحی مقامات پر کرائے بڑھ جاتے ہیں جو  قیام کی  سہولت حاصل کرنے کیلئے اقتصادی بوجھ لگتے ہیں۔ مختلف ویب سائٹس کی مدد سے آپ کفایتی جائے قیام تلاش کرسکتے ہیں۔
سوٹ کیس کو ہلکا رکھیں
 بہت سی خواتین کی عادت ہوتی ہے کہ سفر کے بارے میں زیادہ سوچتی ہیں چنانچہ ان کے سوٹ کیس میں غیرضروری چیزیں بھی بھرتی رہتی ہیں۔ دوران سفر اپنے ہمراہ وہی سامان رکھیں جو آپ کی ضرورت کے مطابق ہو۔  کم اور ضرورت کی چیزیں ہونے کی وجہ سے آپ ائیرلائنز کو اضافی چارجز کی ادائیگی سے بچ سکتے ہیں اور دوسرا یہ کہ زیادہ سامان کی وجہ سے بوجھ کی زحمت بھی نہیں اٹھانا پڑے گی اور اس طرح پیسے اور پریشانی دونوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
سفر میں دوستوں سے اشتراک
 اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ایک خاندان اپنے کسی بہت اچھے پڑوسی خاندان کے ساتھ سفر پر نکلتا  ہے۔ دوستوں کے ساتھ سفر کرنے کا عمل ہمیشہ اخراجات کم رکھتا ہے۔ خاص طور پر رہائش اور کھانے پینے کے اخراجات یکساں طور پر حصے میں آتے ہیں جس سے بچت کا پہلو نکلتا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK