Inquilab Logo

موسم ِ گرما کا خاص مشروب مع ترکیب جو اہل ِ خانہ کا پسندیدہ ہے

Updated: May 25, 2023, 12:27 PM IST | Saima Shaikh | Mumbai

گزشتہ ہفتے مذکورہ بالا عنوان دیتے ہوئے ہم نے ’’اوڑھنی‘‘ کی قارئین سے گزارش کی تھی کہ اِس موضوع پر اظہارِ خیال فرمائیں۔ باعث مسرت ہے کہ ہمیں کئی خواتین کی تحریریں موصول ہوئیں۔ ان میں سے چند حاضر خدمت ہیں

Summer is a season that tests patience, but in it a cold drink becomes a relief.
موسم ِ گرما صبر کا امتحان لینے والا موسم ہے مگر اس میں ٹھنڈا مشروب راحت ِ جاں بن جاتا ہے۔

کوکم اور خربوزے کا شربت


گرمی کے موسم میں ہم سب لوگوں کو ہر وقت کچھ نہ کچھ پینے کا دل ہوتا رہتا ہے لیکن میرے گھر میں سب سے زیادہ کوکم کا شربت پسند کیا جاتا ہے اور خربوزے کا شربت۔ سبزہ اور برف ڈال کر یہ دونوں شربت پینے سے بہت سکون ملتا ہے اور پیاس بھی بجھتی ہے۔ میرا بیٹا فراز کوکم کا شربت بہت پسند کرتا ہے وہ خود ہی فریج سے شربت نکال کر اس کو بڑے سے گلاس میں ڈال کر اور اس میں سبزہ ڈال کر مجھے بھی دیتا ہے اور خود بھی بہت شوق سے پیتا ہے۔ خربوزے کا شربت بھی ہم سب کو بہت پسند ہے۔ بس خربوزے کو چھوٹا چھوٹا کاٹ کر اس میں شکر اور دودھ ڈال کر اسے مکسر میں پیسنا ہوتا ہے۔ خربوزے کا شربت بہت ہی اچھا بنتا ہے اور گرمی کے اس موسم میں ہماری صحت کے لئے کو کم اور خربوزہ دونوں ہی بہت مفید ہیں۔
صدف الیاس شیخ (تلوجہ)
آم کا مشروب


گرمی کا موسم آ تے ہی بچوں سے لے کر بڑوں تک لذیذ کھانے اور مختلف طرح کے مزیدار ڈشیز چھوڑ کر اپنے پسندیدہ جوس سافٹ ڈرنکس اور مشروب پینے کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ جس سے ہمیں فوری طور کچھ دیر کیلئے سہی ٹھنڈک اور راحت کا احساس ہوتا ہے۔ ہمارے گھر میں میری پیاری امی جان مختلف طرح کے مشروبات بنا کر پورے گھر کو دیتی ہیں۔ جن میں سے آم کا مشروب ہم سب کا پسندیدہ ہے۔
آم کا مشروب: اسے بنانے کیلئے پکے رسیلے آموں کو اچھی طرح چھیل لیں۔ اس کے گودے کو کاٹ کر گرائنڈر یا جوسر بلینڈر میں ڈالیں حسب ذائقہ چینی ڈالیں پیلا رنگ اور حسب ضرورت ٹھنڈا دودھ شامل کریں ان سب کو اچھی طرح گرائنڈ کریں۔ مزیدار مشروب تیار ہے۔ اوپر سے خشک میوہ جات ڈال سکتی ہیں۔
صبیحہ عامر (بھیونڈی، تھانے)
گلابی رنگ کا ملک شیک


گرمی کے موسم میں شربت کا نام سنتے ہی دل کو ٹھنڈک پہنچنے لگتی ہے۔ گرمی سے نجات پانے کے لئے ہر گھر میں الگ الگ طرح کے شربت بنائے جاتے ہیں۔ مثلاً لیموں کا شربت، آم کا پنّا، مینگو شیک، بنانا شیک وغیرہ۔ میرے بچوں کو سب سے زیادہ پسند ہے ملک شیک جو بنانے میں بے حد آسان اور فائدے مند بھی ہے۔ بچے بھی اسے آسانی سے بنا سکتے ہیں۔ ملک شیک بنانے کا طریقہ: ایک گلاس میں دودھ لیجئے، اس میں دو چمچے شربت روح افزا اور شکر ڈال کر گھول لیں، اس میں برف ڈال دیں۔ ذائقہ بڑھانے کے لئے آپ اس میں آئس کریم بھی ڈال سکتی ہیں۔ گلابی رنگ کا ملک شیک تیار، دیکھنے میں بھی اچھا اور فائدے مند بھی، جسے پی کر آپ تروتازہ ہو جائیں گی، جو بچے دودھ نہیں پیتے وہ بھی خوشی خوشی پئیں گے۔
ہما انصاری ( مولوی گنج لکھنؤ)
آم کی لسّی


گرمی میں دل چاہتا ہے بس سارا کچھ ٹھنڈا ٹھنڈا کھاتے پیتے رہیں لیکن زیادہ ٹھنڈا صحت کیلئے نقصاندہ ہوتا ہے لہٰذا مَیں بناتی ہوں ایسا مشروب جو ہمارے جسم کو ٹھنڈک بھی فراہم کرتا ہے اور نقصان بھی نہیں دیتا۔ لسّی ایک ایسا مشروب ہے جو شاید ہی کسی کو پسند نہ ہو اور بالخصوص جب اس میں رسیلے آموں کی آمیزش کر دی جائے تو اس کا ذائقہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ بنانے کی ترکیب: دہی آدھا کلو، آم ۲؍ عدد اور چینی حسب ِ ذائقہ۔ آموں کو دھو کر ان کے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ بلینڈر میں آم، دہی اور چینی کو ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔
 کسی برتن میں خالی کر لیں اور فریج میں ٹھنڈا کرنے رکھ دیں۔ دو گھنٹوں کے بعد گلاسوں میں نکال کر پیش کریں۔ بہترین ذائقہ دار اور صحت بخش مشروب منٹوں میں تیار ہے۔
رضوی نگار (اندھیری، ممبئی)

پودینے کا شربت


گرمی کی شدت سے نڈھال جب میرے اہل خانہ گھر لوٹتے ہیں تو میں ہمیشہ انہیں پودینے کا شربت دیتی ہیں جو آج کل بہت مشہور ہے اور Virgin Mojito کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ویسے تو ٹھنڈے مشروبات صحت کیلئے مضر ہوتے ہیں مگر پودینہ ایک ایسی اشیاء ہے جس کے استعمال سے گرمی میں جسمانی اعضاء اندرونی طور پر ٹھنڈ ک محسوس کرتے ہیں جو ہاضمہ کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔
ترکیب: ایک گڈی پودینہ، نمک، کالا نمک، شکر اور پانی۔ پودینہ کو اچھی طرح صاف کرکے پانی سے دھو لیں۔ مکسر میں باریک پیسٹ بنا لیں اور اس کا عرق نکال لیں۔ عرق نکال کر اس میں نمک، کالا نمک اور شکر ملالیں۔ تیار کردہ آمیزے میں حسب ضرورت پانی ملائیں۔
مومن رضوانہ محمد شاہد (ممبرا تھانہ)
آم پنّا 
جوں جوں انسان قدرتی نظام میں دراندازی کرتا جا رہا ہے توں توں موسموں کا مزاج بدلتا جا رہا ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہر سال گرمی پچھلے سال کے مقابلے میں زیادہ شدید اور شدید تر ہوتی جا رہی ہے۔ آج کل کہیں کہیں درجہ حرارت۴۶؍ ڈگری سیلسیئس سے زیادہ ہے اور ایسے میں زندگی کافی دشوار اور پریشان کن ہو گئی ہے۔ کہیں کہیں تو پانی بھی دستیاب نہیں ہے۔ آدمی پسینے میں شرابور رہتا ہے اور اس کو نہانے کیلئے بھی پانی نہیں ملتا ہے۔ ایسے میں پیاس بجھانے کیلئے ہمارے یہاں کا پسندیدہ مشروب ہے آم پنّا۔ اس کے بنانے کی ترکیب حسب ذیل ہے:
 حسب ضرورت کچا آم اچھی طرح سے دھو لیں اور چھیل کر ابالنے کے بعد اسے میش کر لیں۔ پھر اس میں حسب ضرورت اور حسب تناسب پودینہ، زیرہ، کالا نمک اور شکر ڈال کر بلینڈ کر لیں اور فریج میں رکھ لیں۔ ضرورت پڑنے پر استعمال کریں اور گرمی سے نجات حاصل کریں۔
نجمہ طلعت  (جمال پور، علی گڑھ)
مینگو ملک شیک


میرے یہاں موسم گرما میں سبھی بوڑھے، بچے، جوان (مرد و خواتین) کا پسندیدہ مشروب مینگو ملک شیک ہے۔ بازاروں میں آم کے عام ہونے سے قبل ٹینگ مینگو فلیورڈ کا کثرت سے استعمال ہونا شروع ہو جاتا ہے لیکن آم کی آمد کے بعد سے اسی کا شیک روزانہ استعمال کیا جاتا ہے۔ ترکیب: آم کے گودے ۲؍ کپ، ونیلا آئس کریم ۸؍ اسکوپ، دودھ ایک کپ، شکر ۳؍ بڑے چمچے، بیکرز وھیپنگ کریم ونیلا حسب ِ ذائقہ۔ آم کے گودے، آئس کریم، شکر اور دودھ کو مکسر میں ڈال کر اسموتھ پیسٹ تیار کرلیں، پھر اسے ۲۰؍ سے ۲۵؍ منٹ تک فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کریں۔ اب اسے گلاس میں ڈال کر وھیپنگ کریم سے گلاس کو تھوڑا اوپر تک بھر لیں، مزیدار مینگو ملک شیک تیار ہے۔
ناز یاسمین سمن (پٹنه، بہار)
آم پنّا
یوں تو گرمیوں میں گھروں پر کئی طرح کے مشروب تیار کئے جاتے ہیں، جس میں آم پنّا اور بیل کا شربت تو کافی مشہور ہیں۔ لیکن آم پنّا گرمیوں کے دنوں میں ہمارے گھر میں کافی پسند کیا جاتا ہے اور بچے بھی اسے کافی شوق سے پیتے ہیں۔ اسے بنانا کا طریقہ بھی کافی آسان ہے، سب سے پہلے کچا آم لیں اور آم کو اچھی طرح دھو کر اُبال لیں۔ اس کے بعد اس کا چھلکا نکال کر اسے چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ مکسر کے جار میں ڈال دیں اور اس میں حسب ِ ذائقہ چینی بھی ڈال دیں اور پھر اسے پیس لیں۔ اگر اس میں ریشہ زیادہ ہو تو اسے چھان بھی سکتی ہیں۔ اس کے بعد اس میں پسا ہوا بھنا زیرہ، پسی ہوئی سونف اور تھوڑی مقدار میں پسا ہوا کالا نمک ڈال دیں اور اس میں اپنے حساب سے ٹھنڈا پانی ڈال کر اچھی طرح سے ملالیں۔ آم پنّا تیار ہے۔ اب اسے آپ مہمانوں کے لئے بھی گھر پر ہی فٹافٹ تیار کر سکتی ہیں۔
بشریٰ یاسمین (مئو یوپی)
شربت ِ محبّت


ہمارے گھر میں شربت ِ محبّت بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ چاہے وہ رمضان کے دن ہو یا عام دن۔ یہ شربت روح کے سکون کے ساتھ ساتھ جسم کو ٹھنڈک بھی پہنچاتا ہے۔ بچوں سے لیکر بڑے سبھی اسے پسند کرتے ہیں۔ اور یہ بہت ہی ذائقہ دار اور مفید بھی ہے۔ ترکیب: تربوز، روح افزاء، چینی، دودھ اور برف۔ سب سے پہلے حسب ِ ضرورت پانی میں چینی گھولیں اور اس کے بعد اس میں ٹھنڈا دودھ شامل کریں۔ ایک برتن لیں، اس میں تربوز کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں، اسے دودھ میں شامل کر دیں۔ اس کے بعد روح افزاء شامل کرکے اچھی ملا لیں۔ اپنی مرض کے مطابق برف ڈالیں۔ گلاب کی پنکھڑیوں کے ساتھ سجاوٹ کریں۔ لیجئے ذائقہ دار شربت ِ محبّت تیار ہے۔
نوشین رحمان (ہاپور، یوپی)

لیموں کا شربت
آج کل مختلف قسم کے مشروبات بازار میں دستیاب ہیں جو کہ ہم ماہ رمضان میں استعمال کرتے ہیں۔ موسم گرما میں بھی یہ مشروب استعمال کرتے ہیں۔ ایک بار مئی جون کی تعطیلات میں وطن جانا ہوا گھر کا دروازہ کھولتے ہی آنگن سے ایک خوشبو کا جھونکا جسم کو چھوتا ہوا گزر گیا۔ آنگن میں دادا کے ذریعے لگایا گیا لیموں کا جھاڑی نما درخت لیموؤں سے بھرا پڑا تھا۔ پھر کیا تھا موسم گرما کا لطف لیتے ہوئے اس کا رس ہمیشہ پیتے رہتے۔ آنگن میں لگا ہوا یہ لیموں کا جھاڑی نما پیڑ بارہ ماسی ہے جو ہر موسم میں پھل دیتاہے۔
 ہم جب ممبئی واپس آتے تو تھیلا بھر کے لیموں ساتھ میں لاتے اور کئی دنوں تک اس کے مشروب کا لطف اُٹھاتے۔ مہمان نوازی بھی اسی مشروب سے کی جاتی جس میں روح افزاء ملا دیا جاتا۔اہل خانہ کا یہ پسندیدہ مشروب ہے۔
ڈاکٹر شیخ ادیبہ شجاع الدین (مالونی، ملاڈ)
آم پنّا


 گرمی کے خاص مشروبات گھر میں شوق سے پئے جاتے ہیں۔ چونکہ موسم ِ گرما میں آم بڑی تعداد میں دستیاب ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ میرے گھر میں سبھی کو آم پنّا بے حد پسند ہے۔ ترکیب: دو کیریوں کو ۲؍ گلاس پانی کے ساتھ اُبالیں، ٹھنڈا ہونے پر گودے کو پانی میں مسل لیں۔ ۴؍ آموں کا گودا نکال کر کیری کے گودے کے ساتھ اچھی طرح ملا لیں، اس میں ۲۵۰؍ گرام شکر شامل کریں، پھر ۵۰۰ گرام برف ڈالیں۔ ۵۰؍ گرام سبزہ کی بیج کو ۱۰؍ منٹ کیلئے بھیگنے رکھیں، پھر اسے آمیزے میں شامل کر دیں۔ اپنی پسند کے مطابق شربت گاڑھا یا پتلا کر لیں۔ اس میں آم کے چھوٹے ٹکڑوں بھی کاٹ کر ڈالیں، لیجئے آم کا پنّا تیار ہے۔
شاہدہ وارثیہ (وسئی، پال گھر)
لیموں پانی


لیموں پانی ایسا مشروب ہے جو شدید گرمی میں نہ صرف پیاس بجھاتا ہے بلکہ جسم میں بھرپور توانائی بھی پیدا کرتا ہے جو پسینہ کے ذریعے ہمارے جسم سے خارج ہو جاتی ہے۔ اور تو اور یہ کم داموں میں تیار ہوتا ہے۔ ترکیب: ایک جگ میں ٹھنڈا پانی لیں۔ اس میں ایک لیموں کا رس نچوڑ لیں۔ حسب ِ ذائقہ شکر اس میں شامل کر دیں۔ ایک چٹکی نمک اور ایک چٹکی کالا نمک یا چاٹ مسالہ ڈالیں اور خوب اچھی طرح گھولیں۔ آپ کا رس تیار ہے۔
فائدے: لو بلڈ پریشر، ہاضمہ اور وزن کم کرنے والوں، کے علاوہ یہ جلدی امراض، یرقان، کڈنی اسٹون اور کینسر کے مریضوں کے لئے مفید ہے۔
قریشی فردوس (باندرہ، ممبئی)
جل زیرہ چھاچھ
گرمی کے موسم میں ٹھنڈے ٹھنڈے مشروبات سے لطف اندوز ہونے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ ہمارے گھر میں سبھی کو جل زیرہ چھانچھ بے حد پسند ہے کیونکہ اسے بنانے میں قیمت اور مشقت دونوں ہی کم خرچ ہوتے ہیں جبکہ تاثیر اس کی صحت بخش ہے۔
اس کی ترکیب ہے
 بازار سے حاصل شدہ چھاچھ کا پیکٹ، حسب ضرورت جل زیرہ کا پیکٹ، حسب ضرورت نمک اور چند پودینہ کی پتیاں۔
 سب سے پہلے صاف شفاف برتن میں چھاچھ ڈالیں اس میں جل زیرہ پیکٹ اور نمک ڈالیں پھر اچھی طرح سے ملالیں اور آخر میں پودینہ کی پتیاں اوپر ڈال کر چند گھنٹوں کےلئے فریج میں رکھ دیں۔ لیجئے مزے کا ٹھنڈہ ٹھار مشروب تیار ہے۔
خان شبنم فاروق (گونڈی، ممبئی)

آم کا ملک شیک


گرمی کا موسم اور ٹھنڈے مشروبات، مانئے جگری دوست ہیں۔ گرمی کا نام سنتے ہی الگ الگ قسم کے مشروبات نظروں کے سامنے آجاتے ہیں۔ جن میں سب سے اوپر میں تو ایک ہی نام لوں گی اور وہ ہے آم کا ملک شیک۔ یہ مجھے اور میرے اہل ِ خانہ سب کو بے حد پسند ہے۔ ترکیب: آم دو کلو، دودھ ایک لیٹر، شکر ایک چوتھائی کلو۔ آموں کو دھو کر چھیل لیں اور اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ ایک دیگچی میں دودھ اُبال کر اسے ٹھنڈا کر لیں۔ اب آم کے ٹکڑے اور شکر ایک برتن میں ڈال کر پیس لیں اور اسے دودھ میں شامل کر دیں۔ پھر اسے فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ گلاس میں نکال لیں، اوپر سے برف کے ٹکڑے ڈال کر نوش فرمائیں۔
ناہید رضوی (جوگیشوری، ممبئی)
آم پنّا
گرمی کا موسم چل رہا ہے اور اس موسم میں ٹھنڈ چیز کھانے اور پینے کا من ہوتا ہے تاکہ گرمی سے کچھ راحت ملے۔ اکثر لوگ بازار کے مشروبات پینا یا آئس کریم کھانا پسند کرتے ہیں مگر یہ صحت کے لئے نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ البتہ گھر پر بنے مشروبات صحت کے لئے مفید ہوتے ہیں اور یہ ذائقے دار بھی ہوتے ہیں۔ ہمارے گھر میں آم پنّا بنایا جاتا ہے۔ سب گھر والوں کی مشترکہ پسند ہے۔
 اس کی ترکیب یہ ہے: کچے آم کو پانی میں ڈال کر اُبال لیں، جب اُبل جائے تو اس کو اُتار لیں پھر اُس کو ٹھنڈے پانی میں ڈال کر آم کا چھلکا اتار لیں اور آم کے گودے کو میش کر لیں۔ حسب ضرورت ٹھنڈے پانی اس میں شامل کر لیں، پھر اس میں لال مرچ جو پہلے سے بھون کر پیس کر رکھا ہو ملا دیں۔ آخر میں حسب ِ ذائقہ نمک اور شکر ڈالیں۔ اس کو فریج میں رکھ کر ہفتوں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
آیت چودھری (موتی گنج، یوپی)
اِملی کا پنّا


گرمیوں کا موسم آتے ہی ہر گھر میں شربت، لسّی،پنّا کا چلن عام ہو جاتا ہے۔ ویسے تو بازاروں میں آج کل ہر قسم کے مشروب کی فراوانی ہے مگر جو مزہ گھر کے بنے مشروب میں ہے وہ بازار والے میں نہیں۔ جب ہم نے بھی پہلی مرتبہ املی کے پنّا کے بارے میں سنا تو بڑا تعجب ہوا کہ اس کا ذائقہ کیسا ہوگا؟ اس کا طریقہ میری خالہ نے بتایا جو بہت ہی آسان ہے۔ طریقہ: املی کو ۳؍ سے ۴؍ گھنٹے بھگونے کے بعد جب وہ نرم ہو جائے تو اس کو ہاتھ سے مسل کر گودا اور بیج الگ کر لیں، اور اس کو تھوڑی دیر کیلئے چھوڑ دیں جب اس کا گودا نیچے بیٹھ جائے تو اس کا پانی نتھار لیں۔ پھر اس میں شکر ڈال کر ملا لیں اور گلاسوں میں ڈال دیں، پھر برف کے ٹکڑوں کو گلاسوں میں ڈال کر سب کو پیش کریں۔
فرح حیدر (اندرا نگر، لکھنؤ)
روح افزاء
سب سے پہلے تو مَیں اللہ رب العزت کا شکر ادا کروں گی کہ اس نے ہمیں مختلف موسم اور ہر موسم میں مختلف نعمتیں عطا کی۔ اسی طرح موسم ِ گرما ہے۔ اس موسم میں مشروبات کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔ اس موسم میں دستیاب پھلوں کا رس ہمارے لئے نعمت ہے۔ گرمی کے موسم میں پیاس کی شدت بجھانے کے لئے سب سے اول تو پانی ہے۔ اور پھر اس کے بعد میں آتا ہے روح افزاء۔ یہ شربت میرے اہل ِ خانہ کا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا مشروب ہے۔
 روح افزاء کو پانی یا دودھ میں ملا کر عمدہ و لذیذ شربت بنا کر پیا جاتا ہے۔ یہ شربت پینے میں جتنا لذیذ ہے اتنا ہی ہمارے جسم کے لئے مفید ہے۔ یہ شربت ہمارے جسم کو ٹھنڈک فراہم کرتا ہے۔ خواتین کے لئے روح افزاء بہت اہم کردار رکھتا ہے۔ روح افزاء پینے والی خواتین اکثر اپنے آپ کو تروتازہ محسوس کرتی ہیں۔
رافعہ غوری (جودھپور، راجستھان)
کوکم کا شربت


گرمی کا نام سنتے ہی لوگ ٹھنڈک کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں کہ کہیں سے بھی ٹھنڈک حاصل کی جائے۔ باہری ٹھنڈک تو انسان فین یا اے سی لگا کر حاصل کر لیتا ہے مگر اصل ٹھنڈک تو اندرونی درکار ہوتی ہے جسے پا کر ذہنی و جسمانی سکون ملتا ہے۔ ویسے تو موسم ِ گرما میں لوگ طرح طرح کے مشروبات پی کر راحت حاصل کرتے ہیں مگر کوکم ایک ایسا قدرتی ذریعہ ہے جو نہ صرف ٹھنڈک پہنچتا ہے بلکہ اس کے کئی دیگر فوائد بھی ہیں اور کئی امراض کیلئے مفید بھی ہے۔ کوکم کا شربت بدہضمی کی شکایت دور کرتا ہے۔ اس کے علاوہ پیٹ کے دیگر امراض کے لئے بھی کارگر ہے۔ اس شربت سے جسم میں پانی کی کمی بھی دور ہوتی ہے۔ میرے اہل ِ خانہ کو کوکم کا شربت بے حد پسند ہے۔
فوزیہ پرویز شیخ (کھانڈیا اسٹریٹ، ممبئی)

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK