• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سرد موسم دستک دے رہا ہے، اپنا خیال رکھئے

Updated: November 29, 2023, 12:33 PM IST | Agency | Mumbai

شہر میں اچانک بارش کے سبب موسم تبدیل ہوگیا ہے اور ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایسے موسم میں اکثر طبی مسائل کے پیدا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ بحیثیت خاتونِ خانہ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنا اور گھر والوں کا خاص خیال رکھیں۔ چند احتیاطی تدابیر اپنا کر آپ صحتمند رہتے ہوئے موسم کا لطف اٹھا سکتی ہیں۔

During this season, one should avoid eating high fat foods. Photo: INN
اس موسم میں بہت زیادہ چکنائی والی غذائیں کھانے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ چند دنوں سے شہر و مضافات میں ہلکی ہلکی بارش ہو رہی ہے۔ اچانک بارش ہونے کی وجہ سے موسم بدل گیا ہے اور ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔ موسم بدلنے کی وجہ سے اکثر طبی مسائل کے پیدا ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔ بحیثیت خاتون خانہ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنا اور گھر والوں کا خاص خیال رکھیں ۔ چند احتیاطی تدابیر اپنا کر آپ صحت مند رہتے ہوئے موسم کا لطف اٹھا سکتی ہیں۔
صحت بخش غذا
سردی کے موسم میں کھانے پینے کا خاص خیال رکھنا کافی ضروری ہوجاتا ہے کیونکہ اس موسم میں جسم میں کئی قسم کی بیماریوں ہونے کا خدشہ بھی رہتا ہے۔ اگر آپ ثابت اناج، دلیہ وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں تو یہ وزن کم کرنے میں بھی معاون ہیں اور دل کے لئے بھی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ اس موسم میں سبزیوں اور پھلوں کا بھرپور استعمال کرنا چاہئے۔ پھلوں اور سبزیوں میں موجود وٹامن اور منرلز سردیوں میں بیماریوں سے لڑنے کیلئے مفید ثابت ہوتے ہیں ۔ اس موسم میں فرائیڈ اور سیچوریٹیڈ فوڈز کا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔
مناسب مقدار میں پانی پئیں 
ویسے تو گرمیوں کی نسبت سردی کے موسم میں کم پانی پیا جاتا ہے لیکن اس موسم میں مناسب مقدار میں پانی پینا چاہئے۔ وہیں اگر آپ اس موسم میں ہربل ٹی پیتے ہیں تو اس سے ایل ڈی ایل کولیسٹرول اور ٹرائیوگلیسرائیڈ کا لیول بھی کم ہوتا ہے۔
ورزش کریں 
اگر آپ فٹ رہنا چاہتی ہیں تو اس کے لئے سردیوں سے اچھا موسم اور کوئی نہیں ہوسکتا۔ اس دوران آپ اپنے وزن کو کنٹرول کریں۔ خود کو چست و درست رکھنے کیلئے روزانہ ورزش کیجئے۔ اگر آپ جم جاکر ورزش نہیں کر پا رہی ہیں تو روزانہ چہل قدمی کریں۔ چلنے سے خون کا دوران بڑھتا ہے۔ سردی کے موسم میں بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنا چاہئے۔ اس موسم میں نمک کا کم مقدار میں استعمال کرنا چاہئے۔ نمک کی زیادتی امراضِ قلب کا سبب بن سکتا ہے۔
خشک جلد کی دیکھ بھال
بعض افراد کو سردی سے سخت نفرت ہوتی ہے کیونکہ ان کا جسم سردی میں خشک ہوجاتا ہے، اس وجہ سے ان کے جسم میں ہلکی سے خارش ہونے لگتی ہے۔ ماہرین جلد کے مطابق اگر سردی میں غسل کے بعد بکری کے دودھ سے حاصل شدہ مکھن سے مساج کیا جائے تو قدرتی نمی جلد میں موجود رہتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بکری کے دودھ سے تیار مکھن میں موجود یوریا انسانی جلد سے مردہ خلیوں کو اتارنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور اس سے انسانی جسم سے خشکی دور ہوجاتی ہے۔
ہونٹوں کی حفاظت
 سردی میں جہاں پانی کے کم استعمال کی وجہ سے انسان کے جسم کے دیگر حصے متاثر ہوتے ہیں ، وہیں ہونٹ بھی اس کا نشانہ بنتے ہیں ، زیادہ تر افراد اور خاص طور پر خواتین کے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں اور ان کی رنگت پھیکی پڑجاتی ہے۔ تاہم، اگر کاٹن کے کپڑے کو بھگو کر اس سے ہونٹوں کا مساج کیا جائے تو ان کی نزاکت برقرار رہے گی اور اگر کاٹن کا کپڑا گلابی لیا جائے تو اس سے ہونٹوں پر گلابی رنگت بھی نمایاں ہوگی۔ لہٰذا موسم سرما کی شروعات ہی سے اپنی صحت اور جلد کا خاص خیال رکھیں۔
بھرپور نیند لیں 
 انسانی جسم کو درکار مناسب نیند کئی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق بالغ افراد جو دو ہفتوں تک روزانہ کم سے کم ۷؍ سے ۸؍ گھنٹے سوتے تھے، ان میں بیماریوں والے وائرس سے لڑنے کی طاقت زیادہ ہوتی ہے۔ وہ لوگ جو ۷؍ گھنٹے یا اس سے کم سوتے ہیں ان میں وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ ۳؍ فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ اس لئے ۷؍ سے ۸؍ گھنٹہ سوئیں۔
پُرسکون رہیں 
 سردی کے موسم میں اکثر ڈپریشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس لئے بہتر یہ ہے کہ خود کو پُرسکون رکھیں اور خود کو کسی نہ کسی سرگرمی میں مصروف رکھیں ۔ موسم کے اعتبار سے اپنے معمولات میں تبدیلی لائیں ۔ شام کے وقت کچھ ہلکا پھلکا ناشتہ بنا کر کھائیں۔
گرین ٹی پئیں 
 گرین ٹی میں فلیونائڈز ہوتے ہیں ، ان سے ہائی لیول اینٹی آکسیڈنٹس ملتے ہیں جو صحت کے لئے بہت ضروری ہوتے ہیں۔ اس لئے اس موسم میں دن میں ایک بار گرین ٹی پئیں۔ آپ خود کو ہشاش بشاش محسوس کریں گی۔
شہد کو اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنائیں 
شہد میں بہت سے منرل اور وٹامنز کے ساتھ اینٹی آکسیڈنٹ کی خوبیاں شامل ہیں ۔ شہد کی یہ اینٹی آکسیڈنٹ خوبیاں آپ کے جسم میں موسمی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہیں اور سردی کے موسم میں عام طور پر ہونے والی بیماریوں سے بچا کر رکھتی ہیں۔ ان عام بیماریوں میں نزلہ زکام اور بخار شامل ہیں۔ آپ چائے میں چینی کی جگہ شہد استعمال کرسکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK