• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کونٹینٹ رائٹنگ کی صلاحیت آمدنی کا ذریعہ بن سکتی ہے

Updated: May 19, 2021, 5:01 PM IST | M.A.Ahmed

وہ نوجوان جو انگریزی ،ہندی اور دیگر زبانوں میں بھی ماہر ہیں اور انہیں مضمون نگاری کا شوق ہے تو وہ اسے اپنے لئے روزگار کا ذریعہ بھی بناسکتے ہیں

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

اگرآپ کو لکھنے کا شوق ہے اورانگریزی ،اردو سمیت کئی اور زبانیں جانتے ہوں تو آپ ’کونٹینٹ رائٹر ‘ بن کر گھر بیٹھے آمدنی کا راستہ کھول سکتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر مختلف نوعیت کی ایسی کئی ویب سائٹس موجود ہیں جن پر ہر روز لاکھوں کی تعداد میں قارئین آتے ہیں۔ ان ویب سائٹس میں منفرد و عجیب خبریں، صحت و فٹنس، کارآمد مشورے اور تراکیب سے آگاہ کرنے والی ویب سائٹس ایسی ہیں جنہیں اپنے قارئین کے سامنے پیش کرنے کیلئے ہر وقت نئی اور دلچسپ معلومات درکار ہوتی ہیں۔یہ اسلئے  ضروری ہے تاکہ وزیٹرز کی تعداد میں کمی نہ ہو، اور وہ اس ویب سائٹ پر زیادہ سے زیادہ وقت صرف کریں۔ لہٰذا تمام ہی ویب سائٹس کو ایسے افراد کی تلاش ہوتی ہے جو ان کے لئے  معیاری مواد تیار کر سکیں۔ایسے دلچسپ مضامین تحریر کرنے کو ’کونٹینٹ رائٹنگ‘کہا جاتا ہے۔ ایسے افراد کو ویب سائٹس چلانے والوں کی جانب سے  اچھا معاوضہ دیتے ہیں۔ کونٹینٹ رائٹنگ کا کام فل ٹائم نوکری اور بطور فری لانسر، دونوں طرح سے ہوتا ہے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ کونٹینٹ رائٹر کیا ہوتا ہے تو جان لیجئے کہ  ایسے شخص کو کہتے ہیں جو کسی ویب سائٹ کے تھیم کے مطابق تحریریں تیار کرنے میں مہارت رکھتا ہو۔ ہر ویب سائٹ اپنا ایک مخصوص حلقہء قارئین رکھتی ہے، اسلئے کونٹینٹ رائٹر کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے قارئین کی دلچسپی اور فرمائش کے مطابق مواد تیار کریں۔ ویب سائٹس کے قارئین کی زیادہ تعداد سرچ انجنز (گوگل وغیرہ) سے آتی ہے، اسلئے  کونٹینٹ رائٹر کی کامیابی کیلئے  ضروری ہے کہ وہ مضمون/مواد کو اس طرح ترتیب دے، جس سے وہ سرچ انجن میں واضح طور پر نظر آئے تاکہ قارئین کی تعداد میں اضافہ ہو۔ اس مقصد کے لئے  مواد کے مطابق کی ورڈز  پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔
کونٹینٹ رائٹر کی آمدنی
 فل ٹائم جاب کی صورت میں اس کی ابتدائی تنخواہ۱۰؍ہزار سے ۲۰؍ہزار روپے  ماہانہ سے شروع ہوتی ہے۔ ایسے افراد جو انگریزی مضمون نگاری اور اس فن میں مہارت رکھتے ہوں، ان کے لیے مواقع ہر وقت موجود ہیں۔کونٹینٹ رائٹنگ کو پارٹ ٹائم یا گھر بیٹھے/فری لانسنگ کے طور پر بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس کا مشاہرہ ماہانہ کے بجائے فی لفظ یا فی مضمون ہوتا ہے۔ اس وقت بین الاقوامی کلائنٹس ایک مضمون کا معاوضہ ۵؍ ڈالر سے۱۵۰؍ ڈالر تک ادا کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ فری لانسرز کا زیادہ تر کام بیرون ممالک سے آتا ہے، اور فل ٹائم کام کرنے سے یہ کہیں زیادہ بہتر ہے۔  اخبارات اور میگزین میں مضمون نگاری، کالم نگاری، فیچر اسٹوری وغیرہ کے کام اور کونٹینٹ رائٹنگ ویسے تو تقریباً یکساں نوعیت کے ہی ہیں، لیکن چونکہ دونوں کا میڈیم مختلف ہیں، اسلئے ان دونوں میں کچھ فرق ہے۔ 
کونٹینٹ رائٹنگ میں کیا اہمیت رکھتا ہے؟
 وہ بنیادی نکات (زبان، طرزِ تحریر، گرامر وغیرہ) جو مضمون نویسی کیلئے ضروری ہیں، ان کا خیال لازمی کریں۔ سب سے زیادہ معاوضہ انہی مضامین کا ملتا ہے، جو زبان و بیان کی غلطیوں سے پاک ہوں۔ویب سائٹس پر لوگ چونکہ زیادہ تر ٹھہرتے نہیں، اسلئے بہت ضروری ہے کہ آپ کا مضمون مختصر اور جامع ہو۔ عموماً قارئین پانچ سو سے ایک ہزار تک کے الفاظ پر مشتمل مضمون زیادہ پڑھتے ہیں۔ اگر مضمون اس سے تھوڑا بھی زیادہ طویل ہوا تو عین ممکن ہے کہ اسے مکمل پڑھنے والے افراد انگلیوں پر گننے جتنے ہی ہوں گے۔
کونٹینٹ رائٹنگ کیلئے درکار مہارت
 یہ بنیادی طور پر دماغی و اختراعی کام ہے، اس کیلئے بہت زیادہ فنی مہارتوں کی ضرورت نہیں۔ اس شعبے میں کامیابی کیلئے  صرف اور صرف آپ کی تحریر میں جان ہونی چاہیے، جس کیلئے  وسیع مطالعہ اور فکر میں پختگی لازمی ہے۔کونٹینٹ رائٹنگ کے لئے  آپ کو کمپوزنگ آنی چاہے کیونکہ ہاتھ سے لکھی تحریریں آن لائن قبول نہیں کی جاتیں۔اس کے علاوہ آپ کو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے بنیادی فنی امور سے آگاہی ہونی چاہئے، جس میں سرچ انجنز اور سوشل میڈیا کا مؤثر استعمال شامل ہے۔
کام کیسے ملے گا؟
 اگر آپ کو کونٹینٹ رائٹر کی جاب کی تلاش ہے تو اخبارات اور جاب ویب سائٹس کی طرف توجہ دیں۔ ویسے کونٹینٹ رائٹنگ کا زیادہ تر کام بطور فری لانسر ہوتا ہے، یعنی آپ گھر میں بیٹھ کر کام کرسکتے ہیں۔اس وقت نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین و حضرات اس شعبہ سے وابستہ ہیں اور اپنی صلاحیت اور تجربے کی بنیاد پر ہر ماہ سینکڑوں سے ہزاروں ڈالرز کما رہے ہیں۔ فری لانس کام کی تلاش کے دو طریقے ہیں۔ پہلا انفرادی، اس کیلئے  آپ اپنی پسند کا کچھ مواد تیار کریں اور اس کو کسی فری بلاگ سائٹ پر پوسٹ کر دیں۔ اس کے بعد آپ اپنے مطلب کی ویب سائٹس سے رابطہ کریں اور انہیں اپنے کام کا نمونہ اس بلاگ سائٹ کے لنک کی صورت میں پیش کریں۔اس کے علاوہ مڈل مین ویب سائٹس کے ذریعے بھی کام تلاش کیا جاسکتا ہے۔ یہ ویب سائٹس کام فراہم کرنے اور کام کرنے والے، دونوں ہی فریقوں سے کام مکمل ہونے کے بعد بل میں سے اپنا کمیشن وصول کرتی ہیں۔n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK