Inquilab Logo Happiest Places to Work

رونے سے بھی آپ کی صحت پر مثبت اثر پڑتا ہے

Updated: December 26, 2022, 2:02 PM IST | Dr. Sherman Ansari | Mumbai

ماہرین کے مطابق، اوسطاً خواتین ہر ماہ ۵؍ مرتبہ روتی ہیں جبکہ مرد حضرات ڈیڑھ سے ۲؍ مرتبہ روتے ہیں۔ ہمارا معاشرہ اکثر خواتین کے رونے کو کمزوری اور جذباتی صلاحیت کی کمی کی علامت کے طور پر دیکھا جاتاہے جبکہ رونا گہرے صدمے اور غم سے لے کر انتہائی خوشی اور مسرت تک مختلف جذبات کا فطری ردعمل ہے

Crying releases stress hormones and other toxins from our body
رونے سے ہمارے جسم سے تناؤ کے ہارمونز اور دیگر زہریلے مادوّں کا اخراج ہوتا ہے

جب ہم بچے تھے تو ہم سب روتے تھے لیکن اب جبکہ ہم بالغ ہوچکے ہیں ہم میں سے اکثر اس یقین کے ساتھ اپنے آنسوؤں کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں کہ رونا خاص طور پر کام پر یا عوامی مقامات پر کمزوری کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے یا شرمندہ ہونے والا احساس کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ حالانکہ یہ صحیح نہیں ہے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ آنسو بہانے کا عمل درحقیقت اچھی صحت کی علامت ہے۔ جاپانی لوگ رونے کے صحتمند فوائد میں اس قدر یقین رکھتے ہیں کہ انہوں نے اس حکمت عملی کو ایک درجے آگے بڑھا دیا ہے۔ جاپان کے چند شہروں میں ’’رونے والے‘‘ کلب ہیں جنہیں ’’روئی کاتسو‘‘ (جس کا مطلب ہے آنسو تلاش کرنا) کہا جاتا ہے۔ جہاں لوگ اس کلب کا حصہ بنتے ہیں۔ دراصل رونا تناؤ کو دور کرتا ہے اس لئے جب ذہنی طور پر صحتمند رہنے کی بات آتی ہے تو یہ ایک بہترین عمل ہے۔
 ماہرین کے مطابق، اوسطاً خواتین ہر ماہ ۵؍ مرتبہ روتی ہیں جبکہ مرد حضرات ڈیڑھ سے ۲؍ مرتبہ روتے ہیں۔ ہمارا معاشرہ اکثر خواتین کے رونے کو کمزوری اور جذباتی صلاحیت کی کمی کی علامت کے طور پر دیکھا جاتا ہے جبکہ رونا گہرے صدمے اور غم سے لے کر انتہائی خوشی اور مسرت تک مختلف جذبات کا فطری ردعمل ہے۔ اور اس کے ذریعہ ہمارے جسم سے تناؤ کے ہارمونز اور دیگر زہریلے مادوّں کا اخراج ہوتا ہے۔ رونے سے آکسی ٹوسن اور انڈوجینوس اوپی اوئڈس جنہیں اینڈورفنس کہا جاتا ہے، خارج ہوتے ہیں جو ہر طرح کے درد کو کم کرتے ہیں اس لئے ضرورت کے وقت دل کھول کر رو لینا خواتین کی صحت کے لئے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
آنسوؤں کی قسمیں
 انسان کی آنکھ تین قسم کے آنسو پیدا کرتی ہیں۔ (۱) بیسل (۲) اضطراری اور (۳) جذباتی۔
بیسل: آنسو کی نالیاں مسلسل بیسل آنسو خارج کرتی ہیں جو کہ ایک پروٹین سے بھرپور اینٹی بیکٹیریل مائع ہے جو ہر بار آنکھ جھپکنے پر آنکھوں کو نم رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
اضطراری: یہ وہ آنسو ہیں جو ہوا، دھواں یا پیاز جیسے جلن پیدا کرنے والے اجزاء سے پیدا ہوتے ہیں۔ وہ ان جلن کو دور کرنے اور آنکھ کی حفاظت کے لئے خارج ہوتے ہیں۔
جذباتی: جب انسان بہت زیادہ جذباتی ہو جاتا ہے تو آنسو بہاتا ہے۔ اس قسم کے آنسو میں دیگر قسم کے آنسوؤں کے مقابلے میں تناؤ کے ہارمونز کی سطح زیادہ ہوتی ہے۔
رونے کے فوائد
تناؤ کو دور کرنا: رونے سے تناؤ دور ہوتا ہے۔ روتے وقت جو جذباتی آنسو نکلتے ہیں وہ تناؤ کے ہارمونز اور دیگر کیمیکلز پر مشتمل ہوتے ہیں۔ اس لئے تناؤ کو دور کرنے میں آنسو کافی کارگر ثابت ہوتے ہیں۔
درد سے نجات: رونا قدرتی طور پر درد کو کم کرنے میں کافی مدد کرتا ہے۔ بنیادی طور پر آنسو آکسی ٹوسن اور اینڈورفنس کو خارج کرتے ہیں جو قدرتی طور پر جسمانی درد کے ساتھ ساتھ جذباتی درد کو کم کرنے میں بھی کافی کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ آکسی ٹوسن نامی ہارمونز سکون اور تندرستی کا احساس دلاتے ہیں۔
غم دور کرنا: غم ایک مشکل جذبہ ہے جو ہمیں صحیح فیصلے کے حصول سے دور کرتا ہے۔ آسان کاموں کو مشکل اور ناممکن بناتا ہے۔ اس دوران انسان کئی احساسات سے جوجھتا ہے۔ رونے سے ہمیں اپنے غم پر قابو پانے اور زندگی میں ہونے والے نقصانات کو قبول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
جذباتی توازن بحال کرنا: تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ رونے سے آپ کے جذباتی توازن کو دوبارہ بحال کیا جاسکتا ہے۔ آنسو اس وقت نکلتے ہیں جب ہم پُرجوش، خوفزدہ، خوش یا انتہائی غمگین ہوتے ہیں۔ رونے سے آپ کو اس شدید جذبات سے باز آنے میں مدد ملتی ہے جن کا آپ تجربہ کرتے ہیں۔
بینائی کو بہتر کرنا: جی ہاں! ایک اچھا رونا آنکھوں سے بیکٹیریا کے اخراج میں بھی مدد کرتا ہے۔ ایک ریسرچ سے ثابت ہوا ہے کہ آنسوؤں میں لائسوزیم نامی مادہ ہوتا ہے جس میں طاقتور اینٹی مائیکروبیل خصوصیات ہوتی ہیں، یہ آنکھوں کو محفوظ اور درست رکھتا ہے۔
مزاج کو بہتر بنانا: رونے سے دل کا غبار نکل جاتا ہے کیونکہ جب آپ روتے ہیں تو آپ ٹھنڈی ہوا کو اپنے اندر تیز سانسوں کے ذریعے کھینچتے ہیں۔ ٹھنڈی ہوا میں سانس لینے سے آپ کے دماغ کا درجہ حرارت کنٹرول میں آجاتا ہے۔ ایک ٹھنڈا دماغ آپ کے جسم اور دماغ، دونوں کیلئے بہتر ثابت ہوتا ہے۔ اسکے نتیجے میں آپ کا موڈ بحال ہو جاتا ہے۔
دوسروں کا سہارا ملنا: اکثر ہم تنہا ہونے کی وجہ سے احساس کمتری میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور یہ احساس کمتری ہمیں الگ تھلک کرسکتی ہے۔ اکثر خواتین اپنے آس پاس اور قریبی لوگوں کو بھی اپنے اندرونی جذبات سے آگاہ نہیں کر پاتی ہیں۔ رونا ایک ایسا عمل ہے جو آپ کے قریبی لوگوں کو مطلع کرسکتا ہے کہ آپ کو مدد کی ضرورت ہے۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK