• Thu, 07 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیا آپ جانتی ہیں، آپ کا دماغ کیسے کام کرتا ہے؟

Updated: October 18, 2023, 12:26 PM IST | Dr. Sharmeen Ansari | Mumbai

ہمارے دماغ کے دو حصے ہوتے ہیں، ایک شعور اور دوسرا لاشعور۔ آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ دماغ کا ۱۰؍ فیصد حصہ شعور کا ہوتا ہے جبکہ ۹۰؍ فیصد لاشعور کا۔ یوں کہنا درست ہوگا کہ لاشعور ہمارے جسم کا بڑا خزانہ ہے۔ لاشعور کا درست استعمال کرکے ہم اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔

Bring positive change in your life by recognizing the power of the conscious and unconscious mind. Photo: INN
دماغ کے شعور اور لاشعور کی طاقت کو پہچان کر اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لائیں۔ تصویر:آئی این این

کچھ خواتین زندگی میں کامیاب ہوتی ہیں تو کچھ ناکام، اس کیلئے ہمارا دماغ ذمہ دار ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے ہمارے جسم کا اہم حصہ دماغ ہوتا ہے، اس کے دو حصے ہوتے ہیں شعور (Conscious) اور لاشعور (Subconscious)۔ ہم اس کا جس طرح استعمال کرتے ہیں اس طرح ہماری زندگی ہوتی ہے۔ یہاں ہم لاشعور دوسرے الفاظ میں تحت الشعور کی طاقت سے متعلق بات کریں گے۔ یہ لاشعور ہمارے جسم کا بہت بڑا خزانہ ہے۔ یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ دماغ کا ۱۰؍ فیصد حصہ شعور کا ہوتا ہے جبکہ ۹۰؍ فیصد لاشعور کا۔ جو خواتین کامیاب ہوتی ہیں وہ شعور اور لاشعور دونوں طاقتوں کا استعمال کرتی ہیں۔
آپ کا دماغ کیسے کام کرتا ہے؟
 شعور ہمارے پانچ حواس خمسہ سے معلومات حاصل کرتا ہے اور چیزوں کا تجربہ کرکے فیصلہ کرتا ہے لیکن ہمارا لاشعور کوئی فیصلہ نہیں کرتا۔ دراصل آپ کا لاشعور بہت حساس ہوتا ہے۔ شعور جو فیصلہ کرتا ہے، لاشعور اس کی تجویز کے مطابق کام کرنا شروع کر دیتا ہے۔ مثلاً ہم جو سوچتے ہیں لاشعور اس پر عمل کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اس تصور کو آپ اس طرح سمجھ سکتی ہیں کہ اگر لاشعور ایک بہت بڑا جہاز ہے تو آپ کا شعور ذہن اس کا کپتان ہے جو لاشعور کو حکم دیتا ہے کہ کہاں جانا ہے؟ ہم صبح سے رات تک کام کرتے ہیں اور رات کو گھر آکر سو جاتے ہیں مگر ہمارا لاشعور کبھی نہیں سوتا۔ یہ ۲۴؍ گھنٹے اور ۷؍ دن کام کرتا ہے۔ اگر آپ اپنے لاشعور کو اچھی طرح سمجھ لیں تو آپ اپنی زندگی میں انقلاب لاسکتی ہیں۔
لاشعور کو پروگرام کرنے کا طریقہ
 جس طرح آپ موبائل فون میں کرداروں کو ڈیزائن کرتے ہیں ۔ ٹھیک اسی طرح آپ خود کیلئے نیا کردار ڈیزائن کرسکتے ہیں ۔ وہ کردار جسے ہم جیسا چاہیں ویسا تراش سکتے ہیں اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ کے ذہن یعنی شعور اور لاشعور میں بہتر تال میل ہوں ۔ اگر ہم نے شعور اور لاشعور کو ایک ساتھ پوری طرح استعمال کرنا سیکھ لیا تو زندگی کے کئی مسائل حل کرسکتے ہیں لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ آپ اس میں محنت کریں ۔ اپنے لاشعور کو پروگرام کرنے کیلئے رات میں سونے سے پہلے اور صبح اٹھنے کے بعد اپنا پیغام بھیج سکتے ہیں کیونکہ سونے سے کچھ دیر قبل اور جاگنے کے فوراً بعد ہمارا دماغ ۹۵؍ فیصد متحرک ہوتا ہے جبکہ دن کے وقت میں محض ۷۵؍ فیصد۔ آپ اپنا پیغام ایک کاغذ پر نوٹ کر لیں جو آپ کرنا چاہتی ہیں اور پھر اسے اپنے فون میں ریکارڈ کر لیں اور اسے رپیٹ موڈ پر سیٹ کر دیں ۔ سونے سے قبل گہری سانسیں لیں اور خود کو پُرسکون کریں ، اس کے بعد یہ ریکارڈنگ سنیں ۔ سنتے وقت اس پیغام کو اپنے ذہن میں تصور کرنے کی کوشش کریں ۔ آپ دیکھیں گی کہ اگلے پورے دن آپ کے ذہن میں گزشتہ رات کا پروگرام گردش کرتا رہے گا۔
بچوں کے لئے بھی کارگر
 بچوں کی پڑھائی کے وقت ہم اس شعور کی طاقت کا استعمال کرکے اسے پڑھائی میں بہتر بنا سکتے ہیں ۔ بچے سے ہمیں مثبت جملے کہنا ہے جیسے آپ کا ذہن منفرد طاقتوں کا حامل ہے۔ آپ کے لاشعور میں یادداشت کا ذخیرہ ہے۔ جو کچھ بھی آپ پڑھتے اور سنتے ہیں وہ آپ کو بہت جلد ازبر ہو جاتا ہے۔ آپ کے پاس ایک کامل دماغ ہے اور آپ اس کا استعمال کرکے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس طرح لاشعور طاقت کا استعمال کرکے خواتین اپنے بچوں کو پڑھائی میں بہتر بنا سکتی ہیں۔
لاشعور کی طاقت اور آپ کی خوشی
 لاشعور کی طاقت کی مدد سے آپ اپنی زندگی میں کافی خوش رہ سکتی ہیں ۔ سبھی واقف ہیں کہ ایک آپ کے اندر اور باہر، دو الگ دنیا ہوتی ہے۔ اگر اندر کی دنیا میں خوشی ہوگی تو باہر کی دنیا اپنے آپ خوش باش ہو جاتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ یہ سوچ کر ناخوش ہیں کہ دوسروں کے بہت کچھ ہے اور میرے پاس بہت کم ہے، اس صورتحال میں آپ یہ سوچیں کہ بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کے پاس کچھ بھی نہیں ہے تب آپ اچھا محسوس کریں گی اور آپ خوش رہیں گی۔ اس لئے خواتین کو چاہئے کہ ہمیشہ مثبت سوچ ہی دماغ تک پہنچائیں۔
لاشعور کی طاقت اور منفی جذبات
 اگر ہم اپنی زندگی میں خوش اور پُرسکون رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں خود سے نفرت کرنے والوں کو معاف کرنا سیکھنا ہوگا کیونکہ ہم جب کسی کو معاف کرتے ہیں تو ہمارے منفی جذبات مثبت میں تبدیل ہوجاتے ہیں اور ہمیں سکون ملتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے لاشعور کا استعمال کرکے کہہ سکتے ہیں ، مَیں پُرسکون دماغ اور صاف دل کے ساتھ سب کو معاف کروں گی اور اگلی بار میں اس کے ساتھ اچھا سلوک کروں گی۔ یہ مثبت جملے آپ کو بہت حد تک پُرسکون کر دیں گے اور آپ اچھا محسوس کریں گی۔ اس لئے اپنے دماغ کے شعور اور لاشعور کی طاقت کو پہچانیں اور درست استعمال کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK