Inquilab Logo

وقت کا مؤثر استعمال کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے

Updated: November 23, 2022, 1:25 PM IST | Khan Shabnam Farooq | Mumbai

ایک سروے کے مطابق لوگوں سے جب سوال کیا گیا کہ آپ کا کام ایک دن میں کتنے فیصد مکمل ہوجاتا ہے تو ۸۰؍ فیصد افراد کا جواب تھا وقت کی قلت کی وجہ سے اکثر کام ملتوی رہ جاتے ہیں۔ اگر آپ بھی ان ۸۰؍ فیصد میں شامل ہیں تو اِن نکات پر عمل کرکے تمام کاموں کو انجام بھی دے سکتی ہیں اور وقت بھی بچا سکتی ہیں

Proper planning should be done to complete the work on time.Picture:INN
وقت پر کام انجام دینے کے لئے صحیح منصوبہ بندی ہونی چاہئے۔ تصویر :آئی این این

ہم سب مصروف ہیں کہیں امورِ خانہ داری کی مصروفیت ہے تو کہیں دفترخانہ کی، کوئی طویل مسافت پر گامزن ہے تو کوئی بیٹھے بیٹھے ہی مصروف ہے۔ ہمارے پاس کرنے کو بڑے بڑے کام ہیں انجام دہی کےلئے طویل منصوبہ اور مقاصد ہیں غرض کہ ہم انسانوں کے پاس خیالات سے ذرائع تک ہرچیز وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ اگر قلت ہے تو وقت کی! ایک سروے کے مطابق لوگوں سے جب سوال کیا گیا کہ آپ کا کام ایک دن میں کتنے فیصد مکمل ہوجاتا ہے تو ۸۰؍ فیصد افراد کا جواب تھا وقت کی قلت کی وجہ سے اکثر کام ملتوی رہ جاتے ہیں۔ _ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ جو ۲۰؍ فیصد افراد تھے جن کے کام وقت پر مکمل ہوجاتے تھے کیا ان کے لئے قدرت نے الگ نظام الاوقات طے کر رکھا ہے؟ ظاہر ہے پوری دنیا کیلئے ایک دن ۲۴؍ گھنٹے کا ہی ہے۔ پوری دنیا کے افراد کےلئے ایک سال میں ۳۶۵؍ دن ۵؍ گھنٹے، ۴۰؍ منٹ اور ۴۶۲۴ء۴۷؍ سیکنڈ دستیاب ہے۔ پھر اکثر لوگ اپنے کاموں کی تکمیل میں ناکام کیوں؟ تو نتیجہ یہ حاصل ہوا کہ انسان کے معمولات کی بے ترتیبی اسے کئی کاموں میں ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ زندگی میں بھی ناکام بناتی ہے۔ _ حضرت عبداﷲ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرمﷺ نے فرمایا: دو نعمتوں کے بارے میں اکثر لوگ خسارے میں رہتے ہیں: صحت اور فراغت۔ (صحیح بخاری) وقت کے ضیاع کا احساس اس کے گزر جانے کے بعد ہو تو ایسے شخص کو سوائے احمق کے اور کیا کہا جاسکتا ہے۔ انسان اگر وقت کا صحیح استعمال اور اس کی اہمیت و افادیت سے آگاہ ہوجائے تو وہ کبھی وقت کو ضائع نہیں کرے گا۔ وقت کا صحیح استعمال کرنے کے چند نکات تحریر کئے گئے ہیں جن سے استفادہ حاصل کرکے کامیاب زندگی گزاری جاسکتی ہے
مقصد سے واقفیت
 اوّل تو اپنے نظریات اور مقاصد واضح کیجئے۔ جب انسان بامقصد رویہ اختیار کرتا ہے تو غیر ضروری کام خود اس سے دور ہونے لگتا ہے کیونکہ ایک بامقصد شخص کی اولین چاہت مقصد کا حصول ہوتا ہے اور بامقصد شخص اپنی زندگی یوں ہی نہیں گزارا کرتے۔
ترجیحات کا تعین
 ترجیحات کے تعین کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی زندگی میں کیا، کتنا اور کیوں اہم ہے۔ جو قوم و افراد ناقص حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے درست ترجیحات کا تعین نہیں کرپاتے وہ ناکام و نامراد ہو جاتے ہیں اور تمام وسائل ہونے کے باوجود ناکامی ان‌ کا مقدر بن جاتی ہے۔ لہٰذا اپنی ترجیحات میں وہ شامل کریں جو مقصد کے حصول اور زندگی کیلئے ضروری ہے۔ جن کے بغیر زندگی گزاری جاسکتی ہے ان کاموں اور لوگوں سے دور رہیں تو بہتر ہے۔
منصوبہ بندی اور محاسبہ
 اپنے دن کا آغاز صحیح منصوبہ بندی کے ساتھ کیجئے۔ کم از کم آپ یہ ضرور طے کریں کہ آج کا دن‌کس طرح گزارنا ہے۔ ضروری کاموں کی فہرست تیار کریں اور انہیں وقت پر انجام دینے کی مکمل کوشش کریں۔ _ ساتھ ہی آپ کی منصوبہ بندی میں محاسبہ بھی ہونا چاہئے تاکہ آپ اپنی کارگزاری پر کڑی نظر رکھ سکے۔
کاموں کو نہ ٹالیں اور فیصلے کرنے سے نہ گھبرائیں
 ’’جو ہوا کا رُخ دیکھتا رہتا ہے وہ بوتا نہیں اور جو بادلوں کو دیکھتا ہے وہ کاٹتا نہیں۔‘‘‏ (‏واعظ ۱۱:۴)  اِس سے ہم کیا سیکھتے ہیں؟‏ اگر ہم ایک کام کو ٹالتے رہیں گے تو اِس سے نہ صرف ہمارا وقت ضائع ہوگا بلکہ وہ کام بھی اپنے انجام کو نہیں پہنچے گا۔‏ غور کریں کہ اگر ایک کسان موسم کے اچھا ہونے کا اِنتظار کرتا رہے گا تو وہ نہ تو بیج بو سکے گا اور نہ ہی فصل کاٹ سکے گا۔‏ لہٰذا حالات کے اعتبار سے تدبر کا استعمال کرتے ہوئے جو کام فوری کرنے والے اور اہم ہیں انہیں وقت پر ہی کرلیا جائے تاکہ چھوٹے چھوٹے کام آخر میں پہاڑ نہ ثابت ہو۔
سوشل میڈیا کیلئے مخصوص وقت متعین کرنا
 آج جہاں ہم سب سے زیادہ اپنا‌وقت صرف کرتے ہیں تو وہ سوشل میڈیا پر۔ اس نے ہمارے وقت کو ایسے قید کرلیا ہے کہ ہم گھنٹوں اس میں ضائع کردیتے ہیں اور ہمیں احساس تک نہیں ہوتا۔ لہٰذا سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کیلئے وقت مختص کریں کہ آپ کو صرف اتنا ہی وقت موبائل فون استعمال کرنا ہے۔ 
فرصت کے اوقات کا مؤثر استعمال
 مصروفیت ایک نعمت ہے۔ جب انسان اپنے کاموں میں مصروف رہتا ہے تو وہ غیر ضروری کاموں سے دور رہتا ہے۔ لہٰذا فرصت کے اوقات کا بھی صحیح استعمال کیجئے۔ خاتونِ خانہ فرصت کے اوقات میں گھر کے دیگر کام انجام دے سکتی ہے جیسے الماری کی صفائی یا گارڈن میں رکھے گملوں کی کانٹ چھانٹ وغیرہ۔ نیز وہ کوئی مشغلہ اپنا سکتی ہے۔ بچوں کے ساتھ بھی وقت گزار سکتی ہے۔
 اس طرح مندرجہ بالا نکات کو شامل کرکے ہم وقت کو مؤثر طریقے سے استعمال کرسکتی ہیں اور کامیاب زندگی گزار سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK