• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملازمت پیشہ خواتین اور دفتر کا ماحول

Updated: May 24, 2023, 10:38 AM IST | ODhni desk | Mumbai

بہت زیادہ دباؤ میں کام کرنا جسمانی و ذہنی صحت کیلئے مضر ہے۔ ایسا ماحول خواتین کیلئے زیادہ نقصاندہ ہوتا ہے کیونکہ ان پر دہری ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ اگر دفتر کا ماحول تناؤ سے بھرپور ہوگا تو وہ گھر اور دفتر، دونوں جگہ اپنے کام کو بخوبی انجام نہیں دے پائیں گی۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے چند تدابیر اپنائیں

If you empathize with your co-worker, it will reduce your stress level.
اگر آپ اپنے ساتھی کارکن کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرتی ہیں تو یہ آپ کے تناؤ کی سطح کو کم کرے گا۔

ہر کسی کو خوشگوار دفتری ماحول میں کام کرنے کا موقع نہیں ملتا ہے۔ چند لوگوں کو بہت زیادہ دباؤ والے ماحول میں کام کرنا پڑتا ہے۔ ایسے ماحول میں کام کرنا جسمانی و ذہنی صحت کیلئے مضر ہے۔ ایسا ماحول خواتین کے لئے زیادہ نقصاندہ ہوتا ہے کیونکہ ان پر دہری ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ اگر دفتر کا ماحول تناؤ سے بھرپور ہوگا تو وہ گھر اور دفتر، دونوں جگہ اپنے کام کو بخوبی انجام نہیں دے پائیں گی۔ اس مسئلے کا بہترین حل یہ ہے کہ خواتین خود کوشش کریں۔ وہ ایسے کئی کام انجام دے سکتی ہیں جن سے دفتر کا ماحول خوشگوار ہوسکتا ہے اور وہ خود بھی ہشاش بشاش محسوس کریں گی۔ یہاں چند ایسے طریقے بتائے جا رہے ہیں جو ملازمت پیشہ خواتین کیلئے کارآمد ثابت ہوں گے۔
اپنی نیند پوری کریں
 کم سونے سے آپ کی صحت متاثر ہوتی ہے ساتھ ہی اس کا اثر آپ کی کارکردگی پر بھی پڑتا ہے۔ نیند پوری نہ ہونے کی وجہ سے آپ دفتر کے کاموں پر توجہ نہیں دے پائیں گی۔ اگر دفتر کا ماحول ناخوشگوار ہے تو آپ مزید چڑچڑے پن کا شکار ہوں گی۔ اچھی جسمانی اور ذہنی صحت کے لئے ضروری ہے کہ آپ کم از کم ۸؍ گھنٹے کی نیند لیں۔ اس سے آپ اپنے کام کی جانب بھرپور توجہ دے پائیں گی اور مزاج بھی خوشگوار ہوگا۔
دفتر کے ساتھی کی مدد لیں
 جب دفتر میں کسی بات کی وجہ سے ذہنی دباؤ ہوتا ہے تو لگتا ہے کہ کوئی ساتھی ہوتا تو اس سے اپنے دل کی بات کہہ کر سکون ملتا۔ دفتر میں کسی مخلص خاتون سے دوستی کرلیں تاکہ وہ مشکل وقت میں آپ کا ساتھ دے سکیں۔
اپنی کامیابی کا جشن منائیں
 کامیابی چھوٹی ہو یا بڑی، اس کا جشن منائیں۔ ہو سکتا ہے کہ دفتر میں آپ کی ہر کامیابی پر آپ کا حوصلہ نہ بڑھایا جائے البتہ خود کو حوصلہ دینے کی ذمہ داری اپنے سر لیں۔ دفتری کام کاج کے دوران آپ کو جب بھی محسوس ہوں کہ یہ کام مَیں نے اچھا کیا ہے، تو خود کی تعریف کریں اور خود ہی سے کہیں.... اسی طرح آگے بڑھتے رہو....، شاباش! آپ اپنے آپ کو کوئی اچھا سا تحفہ بھی دے سکتی ہیں۔
۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کا وقفہ لیں
 روزانہ دفتری اوقات میں ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ کا وقفہ ضرور لیں۔ مسلسل کام کرنے کی وجہ سے ذہن تھک جاتا ہے۔ چند منٹ کا وقفہ لینے سے آپ کا ذہن تروتازہ ہوجاتا ہے اور بہتر کام انجام دیتا ہے۔ اس دوران چہل قدمی کریں۔ ایک کپ کافی پی لیں یا کھڑکی سے باہر کے مناظر دیکھیں۔ ایسا کرکے دیکھئے، آپ خود میں تبدیلی محسوس کریں گی۔
صبر سے کام لیں
 اگر آپ اپنے ساتھی کارکن کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرتی ہیں تو یہ آپ کے تناؤ کی سطح کو کم کرے گا۔ اگر آپ اپنے ساتھیوں کو سمجھتی ہیں اور کام کے دوران صبر کا دامن تھامے رکھتی ہیں تو آپ اپنے کام کے دباؤ کو قبول کرنے کے قابل ہو جائیں گی اور اس سے مایوس بھی نہیں ہوں گی۔
بدگمانی نہ رکھیں
 کبھی کبھی دفتری اوقات میں لوگوں کو ایک دوسرے سے بدگمانی ہو جاتی ہے۔ بعض دفعہ آپسی بدگمانی کا اثر کام پر پڑتا ہے، ساتھ ہی دفتر کے ماحول میں تناؤ محسوس ہوتا ہے۔ اس لئے بہتر یہی ہے کہ کسی بھی قسم کی بدگمانی نہ رکھیں۔ اگر کسی ساتھی سے متعلق کوئی بات معلوم ہوئی ہے تو آپس میں بات کرکے غلط فہمی کو دور کرلیں۔
ذاتی اور دفتری زندگی علاحدہ علاحدہ رکھیں
 خواتین اکثر ذاتی اور دفتری زندگی کے معاملات آپس میں ملا دیتی ہیں۔ ایسا کرنے سے ان کی پریشانیاں بڑھ جاتی ہیں۔ گھر میں ہوئے کسی بھی معاملے کو دفتر تک نہ پہنچنے دیں۔ کبھی کبھی ایسا بھی دیکھا گیا ہے کہ خواتین کا ذہن خانگی مسائل میں الجھا رہتا ہے اور وہ دفتر میں کام کے دباؤ کی وجہ سے پریشان ہو جاتی ہیں۔ اس سے بچنے کا یہی طریقہ ہے کہ ذاتی اور دفتری معاملات کو علاحدہ علاحدہ رکھیں۔ دفتر آنےکے بعد گھریلو معاملات پر بہت زیادہ نہ سوچیں۔
ورزش کریں
 ورزش انسان کو چست و درست رکھتی ہے اور چیلنجز قبول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس لئے روزانہ ۳۰؍ منٹ ورزش کریں۔ اس سے آپ چاق و چوبند رہیں گی اور آپ کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔ اس طرح آپ دفتر کے دباؤ والے ماحول میں بھی خود کو خوش رکھنے میں کامیاب بھی ہوںگی۔
مثبت سوچیں
 خواتین اکثر منفی سوچ کر پریشان ہوجاتی ہیں۔ بہتر ہوگا کہ وہ منفی سوچ سے اپنا پیچھا چھڑا لیں اور مثبت سوچ کی حامل بن جائیں۔ ہر بات کا مثبت پہلو تلاش کریں۔ اس سے آپ کو دفتر کا ماحول خوشگوار محسوس ہوگا اور آپ کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ، آپ اپنے ذہن پر کسی بھی قسم کا دباؤ محسوس نہیں کریں گی۔

women Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK