Inquilab Logo Happiest Places to Work

دفتر میں وقار بلند کرنےوالے آداب

Updated: December 13, 2019, 8:36 PM IST | Khusboo Agarwal

ملازمت کے دوران دفتری آداب اور اخلاقیات کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ خواتین کو معلوم ہونا چاہئے کہ دفاتر میں کام کرنے کے کیا آداب ہوتے ہیں تاکہ دفتر والوں کے درمیان بھی ان کا وقار قائم رہے اور وہاں آنے والے دیگر لوگوں پر بھی ان کی شخصیت کا مثبت اثر پڑے۔

دفتر میں فون پر لمبی اور گھریلو باتیں کرنے سے گریز کریں۔
دفتر میں فون پر لمبی اور گھریلو باتیں کرنے سے گریز کریں۔

آج کے دور میں خواتین کی ایک بڑی تعداد آفس ڈیسک جاب کرتی ہوئی نظر آتی ہے۔ ان کے دن کا زیادہ تر وقت گھر کے بجائے آفس میں ہی گزرتا ہے اور وہ اپنے آفس کو ہی گھر سمجھنے لگتی ہیں۔ ایسے میں خواتین کو یہ بات ضرور ذہن میں رکھنی چاہئے کہ وہ آفس کو گھر ضرور سمجھ رہی ہیں لیکن انہیں آفس کے آداب اور اخلاقیات کو ضرور یاد رکھنا چاہئے۔
 یہ بات تو سچ ہے کہ اس وقت کئی خواتین دفاتر اور مختلف اداروں میں اچھی پوسٹس پر کام تو کر رہی ہیں، لیکن ان میں سے اکثر خواتین کو یہ پتہ نہیں ہے کہ دفاتر میں کام کرنے کے کیا آداب ہوتے ہیں، اگر وہاں کسی کام کے سلسلے میں لوگ ان سے ملنے کے لئے آئیں تو ان کی مہمان نوازی کس طرح کی جانی چاہئے یا انہیں کس طرح خوش آمدید کہا جائے۔ وہ لڑکیاں جنہیں آفس جاب کرنے کا شوق ہے لیکن وہ وہاں کے آداب سے واقف نہیں ہیں، ذیل میں قیمتی مشورے دیئے جا رہے ہیں۔ آیئے آپ بھی جانئے کہ دفتر میں کام کرتے وقت کیا آداب ہونے چاہئیں۔

کمرے میں جانے کی اجازت لیں
 ویسے کئی لڑکیوں میں اجازت لینے کی عادت نہیں ہوتی، وہ بے دھڑک کسی کے بھی روم میں گھس جاتی ہیں۔ یاد رکھیں جب آپ آفس میں کام کرنا شروع کریں تو اپنے اندر اس عادت کو پروان چڑھا لیں کہ بغیر دروازہ کھٹکھٹائے، بغیر کسی کی اجازت لئے ان کے کمرے میں نہ جائیں، چاہے وہ آپ کی آفس کی ساتھی ہی کیوں نہ ہو۔

ڈیسک پر رکھے گئے کاغذات کو نہ دیکھیں
 جب بھی کسی کے کمرے میں جائیں تو اس کی میز پر موجود کاغذات وغیرہ کو بغور نہ دیکھیں اور انہیں بغیر اجازت پڑھنے کی کوشش نہ کریں۔

اپنا بیگ میزبان کی میز پر نہ رکھیں
 جب بھی کسی کے کمرے میں جائیں تو اپنا بیگ اس کی میز پر نہ رکھیں۔ اس کے ٹیبل پر بکھرے ہوئے کاغذات سے دور رہیں اور بیگ بھی ان اہم کاغذات پر نہ رکھیں۔

بد اخلاقی سے پیش نہ آئیں
 چاہے کوئی آپ کے آفس میں ملنے کیلئے آئے یا آپ کسی کے آفس میں ملنے کیلئے جائیں، دونوں صورتوں میں ہی اپنا طرز عمل ٹھیک رکھیں۔ آپ مہمان ہیں تو اپنے میزبان کے ساتھ اچھے انداز میں کام کے حوالے سے گفتگو کریں۔ اگر آپ میزبان ہیں تو اپنے مہمان کی عزت کریں اور ان سے اچھا رویہ رکھیں، ان کے ساتھ ہرگز بداخلاقی سے پیش نہ آئیں۔

زیادہ وقت نہ لیں
 جب بھی کسی کے روم میں جائیں یا کسی سے اہم معاملات پر گفتگو کریں تو اس گفتگو کا دورانیہ زیادہ طویل نہ کریں، ایسا وقت کبھی نہ آنے دیں کہ میزبان یا آفس کولیگ اپنی گھڑی کو بار بار دیکھنے میں مجبور ہو جائے یا آپ کو وقت بتانے لگے۔ کوشش کریں اپنی بات یا میٹنگ مختصر وقت میں مکمل کریں تاکہ میزبان آپ سے بور نہ ہو جائے۔ اگر کوئی میٹنگ اہم ہے اور اس کے طویل ہونے پر کسی میزبان کو بھی مسئلہ در پیش نہ ہو تو آپ اس گفتگو کو باہمی رضا مندی سے مزید کچھ دیر تک جاری رکھ سکتی ہیں۔

مہمان کا خیرمقدم کریں
 کام کے سلسلے میں جو بھی شخص آپ کے آفس میں آئے، یا آپ کسی بھی اہم شخصیت کا انٹرویو کرنا چاہتی ہیں اور آپ نے انہیں اس سلسلے میں اپنے آفس میں بلوایا ہے تو پھر آپ ان کی آنے کی تیاری وقت سے قبل ہی کریں۔ جب وہ آئیں تو انہیں کھانے، پینے اور بیٹھنے وغیرہ جیسی سہولتیں فراہم کریں۔ اگر کوئی خاتون دفتر میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں اور ان کے پاس کام زیادہ ہو اور وہ خود مہمان کو خوش آمدید کہنے یا ریسیو کرنے نہ جاسکتی ہوں تو انہیں چاہئے کہ اپنے قاصد یا کوئی اور دفتری ساتھی کی مدد لیں۔ جب بھی کسی مہمان کو بلوائیں تو انہیں دروازے سے خوش آمدید کہیں، جب مہمان دفتر میں داخل ہو تو اسے دروازے سے کوئی ریسیو کرے اور میٹنگ کے بعد اس مہمان کو دروازے تک چھوڑنے جائے۔ جب مہمان آئیں تو خوش آمدید کہنے کے بعد انہیں مناسب جگہ پر بٹھائیں۔ اگر آفس میں مہمانوں کے لئے کوئی کمرہ مخصوص ہے تو بہتر یہی ہے کہ انہیں اسی کمرے میں بٹھایا جائے۔ جب بھی میٹنگ ختم ہو، کوشش کریں کہ مہمان کے ساتھ سیڑھیوں یا لفٹ تک جائیں۔ ملاقاتی کو اکیلے ہرگز نہ جانے دیں۔

نجی فون کال
 جب بھی نجی فون کال کریں تو کوشش کریں کہ اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے کریں۔ آفس میں گھریلو باتیں یا لمبی کال کرنے سے گریز کریں۔ ساتھ ہی کوشش کریں کہ نجی کالز کو وقفہ (لنچ بریک) کے درمیان کرلیں۔ آفس میں کام کرنے کے دوران فون اٹھا کر کہہ دیں کہ آپ انہیں لنچ بریک میں خود فون کرلیں گی۔ اگر کمرہ نہیں ہے تو پھر آپ دروازے سے باہر کی جانب نکل کر بات کریں تاکہ آپ کی فون کال کی وجہ سے آفس کے دیگر افراد کا کام متاثر نہ ہو۔

کھانے کے آداب
 عام طور پر اکثر دفتروں میں کولیگز ایک ساتھ کھانا کھاتی ہیں، ایسے میں اگر کسی نے آپ سے کچھ کھانے کے لئے پوچھا ہے تو اس کا پورا کھانا نہ کھائیں، تھوڑا سا کھانا چکھیں اور شکریہ کے ساتھ اس کا بول/ پیالہ اسے واپس کر دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK