• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالیگاؤں کے حبیب الرحمٰن نے وقف بورڈ بھرتی امتحان میں ۹؍ ہزارامیدواروں میں اول مقام حاصل کیا

Updated: February 29, 2024, 9:39 AM IST | malegaon

مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے اس امتحان میں بطور جونیئر کلرک پورے مہاراشٹر میں اوّل مقام ملا ۔اسی طرح ڈسٹرکٹ آفیسر کی پوسٹ کیلئے ۹۷؍ویں رینک حاصل ہوئی ہے

Habib-ur-Rahman Ameer Ahmed
حبیب الرحمٰن امیر احمد

مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ میں افسران وملازمین کی تقرری کیلئے ہوئے ایگزام میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مالیگائوں کے حبیب الرحمٰن امیر احمد نے اوّل مقام حاصل کیاہے۔اس امتحان میں پوری ریاست سے ۹؍ہزارامیدوارشریک تھے۔ امیدواروں نے ڈسٹرکٹ وقف آفیسر اور جونیئر کلرک کے عہدوں کیلئے امتحانات دیئے تھے۔ 
 ریاستی حکومت کے  ذریعے اس امتحان کاانعقاد گزشتہ ۴؍جنوری کوعمل میںآیا تھا۔ نتائج کااعلان ۱۶؍ فروری کوکئے جانے کے ساتھ ۲۷؍فروری کو کامیاب امیدواروںکے ناموں کی تصدیق مع دستایزات کی چھان بین کے کی گئی ۔ عیاں رہے کہ حبیب الرحمٰن مالیگائوں کے دوسری شہری جنہیں وقف بورڈمیںملازمت ملی اس سے قبل سیّد اعجاز حسین (موجودہ جج ،ناگپور ٹربیونل کورٹ)مہاراشٹروقف بورڈکے چیف ایگزیکٹیوآفیسرکے طور پر کام کرچکے ہیں۔
 حبیب الرحمٰن نے انقلاب سے گفتگو کے دوران کہا کہ مہاراشٹر گورنمنٹ نے وقف بورڈ کے ضلعی افسر کیلئے ۲۵؍اور جونیئر کلرک کیلئے ۳۱؍نشستیں مکمل کرنے کیلئے مقابلہ جاتی امتحان منعقد کیا تھا۔ ۹؍ہزارامیدواروں میں سے سولہ  سو (۱۶۰۰)  امیدواروں نے ۹۰؍سے زائد مارکس حاصل کئے ۔۲۰۰؍ مارکس پر مشتمل سوالیہ پرچہ تھا۔مجھے خوشی ہے کہ بطور جونیئر کلرک پورے مہاراشٹر میں اوّل مقام ملا ۔اسی طرح ڈسٹرکٹ آفیسر کی پوسٹ کیلئے ۹۷؍ویں رینک حاصل ہوئی ۔نتائج کو دیکھتے ہوئے میں نے جونیئر کلرک کے عہدے کیلئے رضامندی روانہ کردی جسے حکومت اور امتحانی کمیٹی نے قبول کیا۔ انہوںنے کہا کہ جونیئر کلرک پوسٹ پر تقرری کا پروانہ ملنے کے ساتھ مہاراشٹر اسٹیٹ وقف بورڈ ہیڈ آفس اورنگ آباد میںدستاویزات کی چھان بین کی گئی ۔اگلے ہفتے پونے میں ٹریننگ کا مرحلہ شروع ہوگا ۔اسکے بعدڈسٹرکٹ وائز پوسٹنگ کی ترتیب پر عمل آوری ہوگی ۔
 مختلف سوالوں کے جواب میں حبیب الرحمٰن نے کہا کہ ’’یونین پبلک سروس کمیشن ایگزام کی تیاری کیلئے ممبئی (حج ہائوس) ، حیدرآباد(مولاناآزاداوپن نیشنل یونیورسٹی)اور دہلی میںمصروف رہا۔ اسی کے ساتھ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن(ایم پی ایس سی) ایگزام میں قسمت آزمائی  کی۔۲۰۲۲ء اور ۲۰۲۳ء کے ایم پی ایس سی ایگزام مینس کے پرچے بھی میں نے دئیے۔ اِس دوران مہاراشٹرگورنمنٹ نے اسٹیٹ وقف بورڈمیںافسران وملازمین کی تقرری کیلئے اشتہار جاری کیا۔متعلقہ عہدے پر کام کرنے کیلئے عرضی روانہ کی۔اس کے بعد مالیگائوں کے اُردو گھر میںاسٹڈی کرنے کیلئے جانے لگا۔وہاں کے ایڈمنسٹریٹرشیخ قمر الدین نے مقابلہ جاتی امتحانات کیلئے درکار اسٹڈی مٹیریل فراہم کرنے میں وسعت القلبی کا مظاہرہ کیا۔اس طرح اُردوگھرمالیگائوںمسابقتی امتحانات کی تیاری کامیرے لئے بہترین مرکز ثابت ہوا۔‘‘
 واضح رہے کہ حبیب الرحمٰن کی تعلیم (اول تا دوازدہم )شیخ عبدالودودپرائمری اسکول اور اے ٹی ٹی ہائی اسکول اینڈجونیئر کالج ،مالیگائوں میں ہوئی۔احمد نگرضلع کے لونی میں پرورارُورل انجینئرنگ کالج سے ڈگری لینے کے بعد پونے اور ممبئی میں ملازمت کرتے ہوئے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاریاں بھی جاری رکھیں۔وقف بورڈ بھرتی امتحان میں کامیابی پر انہوں نے اللہ رب العزت کے شکریہ کے ساتھ اساتذہ ، والدین،اہل خانہ،احباب اور تعلیمی سفرکے مددگاروںکااعتراف بھی کیاہے۔

education Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK