Inquilab Logo Happiest Places to Work

صبح اُٹھ کر بستر ٹھیک کرنے کی عادت سے ہمیں کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں

Updated: April 24, 2025, 3:35 PM IST | Mumbai

’میک یور بیڈ‘ نامی کتاب کے مصنف ولیم میک ریون کہتے ہیں، ’’بہت چھوٹی چھوٹی اچھی عادتیں ہی کامیابی کا راز ہیں۔ ہر چھوٹی عادت کا اثر ہمارے طرز زندگی پر پڑتا ہے۔‘‘

Picture: INN
تصویر: آئی این این

’میک یور بیڈ‘ نامی کتاب کے مصنف ولیم میک ریون کہتے ہیں، ’’بہت چھوٹی چھوٹی اچھی عادتیں ہی کامیابی کا راز ہیں۔ ہر چھوٹی عادت کا اثر ہمارے طرز زندگی پر پڑتا ہے۔‘‘
 ولیم اپنی کتاب میں لکھتے ہیں، ’’صبح اُٹھ کر سب سے پہلے اپنا بستر ٹھیک کرنا ایک عام مگر مؤثر عادت ہے۔ یہ نظم و ضبط، اعتماد اور ترقی کی جانب پہلا قدم ثابت ہوسکتا ہے۔‘‘
 وہ مزید کہتے ہیں کہ، ’’اگر آپ صبح بستر ٹھیک کرتے ہیں تو آپ اپنے دن کی شروعات میں ایک چھوٹا ہدف پورا کرلیتے ہیں۔ یہ آپ کو پورا دن منظم رہنے کا پیغام دیتا ہے۔‘‘
مصنف کی زندگی میں تبدیلی کیسے آئی؟
 امریکہ کے سابق ایڈمرل ولیم میک ریون نے نیوی میں SEAL ٹریننگ کے دوران سیکھا کہ اگر دن کی شروعات منظم انداز میں ہو تو زندگی کتنی بدل سکتی ہے۔ وہ اس سے اتنے متاثر ہوئے کہ انہوں نے ’میک یور بیڈ‘ نامی کتاب لکھ کر پوری دُنیا کو اس بارے میں بتانا چاہا۔
محض ۲۷؍ فیصد لوگ بستر خود ٹھیک کرتے ہیں
 امریکی سوشل میڈیا کمپنی ہنچ کے ایک سروے کے مطابق، دنیا کے صرف ۲۷؍ فیصد لوگ ہی روزانہ اپنا بستر خود ٹھیک کرتے ہیں جبکہ ۱۴؍ فیصد لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنا بستر ٹھیک کرنے کے لئے ملازم رکھتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ تر لوگ بستر ٹھیک کرنے کو اہم کام نہیں سمجھتے ہیں۔
اپنا بستر خود ٹھیک کرنے میں جاپانی آگے
 جاپان میں بستر ٹھیک کرنے کو اہم کام سمجھا جاتا ہے۔ جاپان میں سونے کے لئے ’فوٹن‘ کا استعمال ہوتا ہے۔ یہ صوفہ اور بیڈ دونوں کے کام آتا ہے۔ اسے رات کو بچھایا جاتا ہے اور صبح اٹھتے ہی لپیٹ کر رکھ دیا جاتا ہے۔

صبح بستر ٹھیک کرنے کے فائدے
 دن کی شروعات مثبت ہوتی ہے۔
 دل کو سکون ملتا ہے۔
 بستر ٹھیک کرنے پر ایسی خوشی محسوس ہوتی ہے جیسے کسی کام کو کامیابی سے انجام دینے کے بعد ملتی ہے۔
 صاف بستر پر نیند اچھی آتی ہے۔
 بستر ٹھیک کرنے سے توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔
 حیرت انگیز طور پر بستر ٹھیک کرنے سے ذہنی تناؤ میں کمی واقع ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK