Inquilab Logo

علم کے شوق نے اس شخص کوییل، پرنسٹن اور کولمبیا یونیورسٹی پہنچایا

Updated: January 10, 2022, 12:59 PM IST

کیرالا کے شفی وِکرمن نامی شخص نے لاک ڈاؤن سے اب تک دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیوں سے آن لائن طریقےسے ۱۳۰؍ کورسیز مکمل کرلئے

Shafi-Vikeramanna.Picture:INN
شفی وِکرمن ۔ تصویر: آئی این این

کیرالا کے شفی وِکرمن نامی شخص نے علم کے شوق میں انوکھا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے ۲۰۲۰ء میں کورونا وباء کے باعث نافذ کئے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد سے اب تک دنیا بھر کی نامور یونیورسٹیوں سے تقریباً ۱۳۰؍ کورسیز مکمل کرلئے ہیں۔  ان میں آئیوی لیگ یونیورسٹیاں (امریکہ کی ٹاپ یونیورسٹیاں) بھی شامل ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب موذی وباء کے سبب  دنیا کے معمولات زندگی کی رفتار دھیمی ہورہی تھی ، شفی وِکرمن کا حصول علم کا جذبہ تیز ہورہا تھا۔  نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس وباء پھوٹنے کے بعد دنیا کے کئی ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ ہندوستان میں بھی لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا۔ اس دوران شفی وِکرمن نے گھر پر بے کار بیٹھنے کی بجائے حصول علم کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے آن لائن طریقے سے کورسیرا اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن جیسے پلیٹ فارمز کی مدد لی اور کئی کورسیز میں اپنا نام درج کروایا۔ شفی وِکرمن نے تب سے لے کر اب تک تقریباً ۱۴۵؍ کورسیز آن لائن طریقے سے مکمل کرلئے ہیں۔  ان میں سے بیشتر کورسیز میڈیکل سیکٹر کے ہیں۔  تھرواننت پورم کے رہنے والے شفی وِکرمن نے بتایا کہ ’’میں نے پہلے پہل مارکیٹنگ کے کورسیز کو ترجیح دی ، اور پھر اس کے بعد میڈیکل کورسیز کا رخ کیا۔ ییل جیسی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں ییل اور اس جیسی دیگر کئی نامور یونیورسٹیوں سے کئی آن لائن کورسیز مکمل کرچکا ہوں۔ ‘‘انہوں نے آگے یہ بھی کہا کہ ’’ آن لائن ذریعہ تعلیم سے میری لئے ایک نئی دنیا کا دروازہ کھلا۔ یہ کورسیز مکمل کرنے کی خوشی میں الفاظ میں بیان کرنے سے قاصر ہوں۔‘‘ ۵۰؍سالہ شفی وِکرمن نے پرنسٹن، ییل ، کولمبیااور وہارٹن جیسی عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں سے یہ کورسیز کئے ہیں۔ ان کورسیز کا دورانیہ دو دن سے لے کر دومہینے تک تھا۔ شروعات میں شفی وِکرم نے ایک ساتھ ۲۰؍ کورسیز کی پڑھائی کی ۔   انہوں نے اپنے ۱۴۵؍ کورسیز میں  میڈیکل ، فائنانس، روبوٹکس، آرٹی فیشیل انٹیلی جنس، فورینسک، بلاک چین، کرپٹوکرنسی، فوڈ اینڈ بیوریج مینجمنٹ، سائیکلولوجی  جیسے موضوعات کی پڑھائی کی ہے۔ شفی وِکرمن نے آن لائن پڑھائی کے لئے رات کے وقت کو ترجیح دی ۔ وہ روزانہ اپنا کام مکمل کرنے کے بعد پڑھائی کو بیٹھتے تھے۔  شام ۶؍ بجے سے لے کر صبح۴؍ بجے تک پڑھائی کرتے تھے۔  پھر کچھ دنوں بعد انہوں نے ملازمت چھوڑدی اور پڑھائی پر پوری توجہ دی۔  وہ اس سے ہلے تک ایک فارین ایکسچینج میں ڈپٹی جنرل منیجر کے طور پر ملازمت کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’میرے لئے صرف ٹائم زون کی تبدیلی اہم مسئلہ تھی۔ اس وجہ سے میری نیند ٹھیک طرح سے نہیں ہوپاتی تھی۔ کچھ مہینوں تک تو میں روزانہ صرف ۲؍ سے ۳؍گھنٹے ہی سوپایا ہوں۔‘‘ شفی وِکرمن نے تقریباً ۱۶؍ ممالک کی درجنوں یونیورسٹیوں سے سرٹیفکیٹ کورس مکمل کرلئے ہیںاور اب بھی وہ ۲۲؍ کورسیز کی پڑھائی ایک ساتھ کررہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK