• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

گھر صبر اور تحمل ہی سے چلتے ہیں

Updated: April 22, 2024, 11:04 AM IST | Rubina Qureshi | Mumbai

آج خاص طور پر میں لڑکوں کی بھی تربیت بہت ضروری ہوگئی ہے۔ والدین بیٹا اور بیٹی دونوں کو بتائیں کہ شادی شدہ زندگی میں صبر کی بے حد ضرورت ہوتی ہے۔ ایک دوسرے کو برداشت کرنا چاہئے۔ ایک دوسرے کی بات کو سمجھنا چاہئے۔ میاں بیوی میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر اختلاف ہونا فطری ہے۔ لیکن معمولی باتوں کو طول دینا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

For a peaceful life, it is important that husband and wife keep patience. Photo: INN.
پُرسکون زندگی کیلئے ضروری ہے کہ میاں بیوی صبر کا دامن تھامے رکھیں۔ تصویر: آئی این این۔

لڑکی کا رشتہ آیا۔ دادی نے کہا گھر بھی ہے، آمدنی بھی ہے، اپنے بھی ہیں ’ہاں ‘ کردو۔ شادی ہوگئی۔ زندگی نشیب و فراز کے ساتھ گزر گئی۔ چند دہائیاں مزید گزر گئیں، پھر لڑکی کا رشتہ آیا۔ دادی نے کہا کہ گھر بھی ہے، تعلیم بھی ہے، آمدنی بھی ہے ’ہاں ‘ کردیتے ہیں۔ لیکن لڑکی نے اپنی ماں سے کہا ان کا اور ہمارا ماحول بہت مختلف ہے، ’ہاں ‘ مت کیجئے گا۔ 
ماں سمجھدار خاتون تھی اس کی سمجھ میں بات آگئی۔ رشتے سے معذرت کر لی۔ کچھ عرصہ مزید گزر گیا۔ اب وقت کچھ اور بھی بدل گیا۔ یہ حقیقت ہے کہ ہر زمانے کی ترجیحات اور ضروریات الگ ہوتی ہیں۔ ایک محنتی شریف لیکن غریب بچے کا رشتہ آیا۔ ماں نے سوچا کہ جب میری شادی ہوئی تب میرے شوہر بھی زیادہ امیر نہیں تھے، مگر محنتی تھے تو میں نے کچھ عرصہ مشکل لیکن مجموعی طور پر ایک اچھی زندگی گزاری۔ اس رشتے پر غور کرتے ہیں۔ 
لیکن بیٹی نے کہا ’’ماں مجھے امیر لڑکے سے شادی کرنی ہے۔ میں اپنی آدھی زندگی آپ کی طرح ترس ترس کر نہیں گزار سکتی۔ مجھے زندگی بھر رونا دھونا نہیں ہے۔ ‘‘
’’جی رونا تو ہے ہی.... محل میں بیٹھ کر رونا جھوپڑی میں بیٹھ کر رونے سے کہیں بہتر ہے۔ ‘‘ ماں بیٹی کو سمجھانے لگی کہ، ’’پیسہ آنے جانے والی چیز ہے، امیر ہونے سے زیادہ اچھا انسان ہونا زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ ‘‘
اب لڑکیوں کی سوچ تبدیل ہوچکی ہے۔ اگرچہ اب بھی کچھ گھرانے ایسے ہیں جہاں بچیوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی توجہ دی جارہی ہے اس کے باوجود آج کل زیادہ تر دوقسم کی لڑکیاں نظر آرہی ہیں۔ ایک وہ جو اپنے پاؤں پر کھڑی ہیں ، خود کمارہی ہیں، خود اعتماد ہیں اور آرام دہ زندگی گزار رہی ہیں تو وہ اپنی آرام دہ اورپُر سکون زندگی میں کسی کو شامل نہیں کرنا چاہتی اور نہ کسی سے برداشت کرنا چاہتی ہیں ۔ دوسری قسم وہ ہے جن کی نظر میں شادی کا مقصد روپیہ، پیسہ، آزادی اور بہترین طرز ِزندگی ہے۔ 
یہ دونوں نظرئیے درست نہیں ہیں۔ ہم والدین کا فرض ہے کہ اپنے بچوں پر نظررکھیں، ان کی تربیت پر نظر رکھیں۔ یہی بچے کل کے والدین ہیں۔ انہیں شادیوں سے پہلے ذہنی طور پر آنے والی ذمہ داریوں کے لئے تیار کریں۔ یہ درست ہے کہ آج کے دور میں جب انٹر نیٹ نے ساری دنیا بچوں کے لئے کھول کر رکھ دی ہے۔ شادیوں میں زیادہ دیر نہیں کرنی چاہئے لیکن انہیں ذہنی طور پر آئندہ ذمہ داریوں کیلئے تیار کرنا بہت ضروری ہے۔ اُن کے اندر صبر و تحمل کا جذبہ پیدا کریں۔ 
آج خاص طور پر میں لڑکوں کی بھی تربیت بہت ضروری ہوگئی ہے۔ والدین بیٹا اور بیٹی دونوں کو بتائیں کہ شادی شدہ زندگی میں صبر کی بے حد ضرورت ہوتی ہے۔ ایک دوسرے کو برداشت کرنا چاہئے۔ ایک دوسرے کی بات کو سمجھنا چاہئے۔ میاں بیوی میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر اختلاف ہونا فطری ہے۔ لیکن معمولی باتوں کو طول دینا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ دونوں کو سمجھداری سے کام لینا چاہئے۔ بعض دفعہ غلط فہمی کی وجہ سے رشتے میں دوریاں پیدا ہوجاتی ہیں۔ اس لئے غلط فہمی کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ رشتے میں خاموشی کو آنے نہ دیں۔ اگر ایک فریق ناراض ہے تو سامنے والے کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ جاننے کی کوشش کریں اور ناراضی دور کریں۔ اس طرح زندگی آسان گزرے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK