Inquilab Logo

لمبے، گھنے اور چمکدار بال ہر خاتون کی پسند مگر

Updated: November 24, 2022, 1:26 PM IST | Mumbai

چمکتے ریشم جیسے بال ہر عورت کا خواب ہوتا ہے مگر اس کی تعبیر کے لئے کوشاں رہتے ہوئے ہم کچھ غلطیاں بھی کرتے ہیں۔

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر :آئی این این

چمکتے ریشم جیسے بال ہر عورت کا خواب ہوتا ہے مگر اس کی تعبیر کے لئے کوشاں رہتے ہوئے ہم کچھ غلطیاں بھی کرتے ہیں۔ دراصل ہر عورت اسٹائل چاہتی ہے۔ اسٹائلنگ کے لئے کی جانے والی کچھ ایسی غلطیاں نہ ہو اس ضمن میں کچھ معلومات حاصل کریں:
شیمپو معیاری ہونا کیوں ضروری ہے؟
 اگر اپنے بالوں کی قسم کے برخلاف صرف بال دھونے کی غرض سے شیمپو استعمال کیا جائے تو یہ زیادتی ہوگی۔ ماہرین کہتے ہیں کہ شیمپو بھی بار بار نہ کریں۔ بال بار بار دھونے سے ان کی خشکی بڑھتی ہے۔ ان کا قدرتی روغن ختم ہوتا ہے اور نتیجے میں چمک ماند پڑ جاتی ہے۔
گھنگھریالے بالوں کے لئے انہیں نرم و ملائم بنانے والا شیمپو بہتر ہوسکتا ہے تاکہ یہ بال سمٹ سکیں۔ پتلے اور روغنی بالوں کے لئے ہلکا شیمپو بہتر ہے۔ رنگے جانے والے بالوں کے ایمونو ایسڈ کے ساتھ ساتھ مختلف وٹامنز اور معدنیات کی آمیزش کے ساتھ تیار ہونے والے شیمپو بہتر ہوسکتے ہیں۔
شیمپو کا طریقہ:
 بالوں کو جڑوں، کھوپڑی اور گردن سے شیمپو مل کر بالوں کے آخری حصے تک جھاگ منتقل کیا جائے۔ میل اور گرد و غبار صرف جڑوں میں جمع ہوتا ہے۔ بالوں کے آخری سروں تک علاحدہ سے شیمپو کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نہ ہی زیادہ مقدار میں شیمپو استعمال کرنا موزوں ہوتا ہے۔
 کبھی کبھی بال دھونے کے لئے تیز گرم پانی استعمال نہ کریں۔ گرم پانی سے میل کچیل نرم ضرور پڑتا ہے مگر انسانی جلد لوہے کی نہیں بنی ہوتی۔ قابل برداشت گرم پانی سے بال دھونا بہتر ہے تاکہ بال دو شاخے نہ ہوجائیں اور خشک ہوکر اپنی چمک نہ کھو دیں۔ گرم پانی آپ کے جسم کے درجہ حرارت سے تھوڑا سا زیادہ گرم ہونا چاہئے۔
گیلے بالوں کو تولیے سے کم گڑیں
 خاص کر جب آپ کنڈیشنر استعمال کریں تو بالوں کی جڑوں سے یا آخری سروں تک رگڑیئے نہیں، اس طرح جو روغنیات آپ نے ان کی حالت سنوارنے کے لئے استعمال کئے ہوں وہ تمام زائل ہو جاتے ہیں۔ کھلے دندانوں والا کنگھا پھر کر الجھے بالوں کو سنوار لیں اور قدرتی ہوا میں بالوں کو خشک ہونے دیں۔ بلیو ڈرائی ہر وقت کے لئے ناموزوں ہوتا ہے۔ ایسا صرف کسی کے ہاں مہمان بن کر جاتے وقت ہی کریں تاکہ بالوں کا ٹیکسچر اچھا لگے۔ اگر بہت ہی ناگریز ہو تو انتہائی کم درجہ حرارت سے بالوں کو خشک کریں۔ ہفتے میں ایک بار بلیو ڈرائی کریں اس سے زیادہ نہیں۔
موائسچرائزنگ بھی ضروری
 بالوں کے لئے چھ قسم کے تیل بہترین سمجھے جاتے ہیں ان میں بادام سر ِ فہرست ہے اس کے بعد کیسٹر، آملہ، زیتون، ناریل اور لیونڈر آئل بتدریج بہتر نتائج دیتے ہیں۔ آپ چاہیں تو ان کی تھوڑی تھوڑی مقدار ملا کر بھی استعمال کرسکتی ہیں۔ غسل سے ۴؍ گھنٹے پہلے تیل لگانا بہتر ہے۔
صحیح برش کا استعمال
 گیلے بال ۳؍ گنا کمزور ہوجاتے ہیں اور آسانی سے ٹوٹتے ہیں لہٰذا اس وقت باریک کنگھی استعمال نہ کریں۔ کھلے دندانوں والی کنگھی زیادہ موزوں ہے تاکہ بال سلجھ بھی جائیں اور جڑوں کو قدرتی ہوا بھی لگے۔
دھوپ سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ
 آدھا کپ شہد، ایک سے دو چمچے زیتون کا تیل، ایک بڑا چمچہ انڈے کی زردی ملا کر ۲۵؍ منٹ تک بالوں میں لگا رہنے دیں اس کے بعد نیم گرم پانی اور ہلکے ہاتھوں سے بالوں کو رگڑیں۔ کوئی ہلکا شیمپو استعمال کرکے انہیں دھو لیں۔
عمومی صحت پر بھرپور توجہ دیں
 تازہ سبزیوں اور پھلوں کو خوراک کا حصہ بنائیں، بال پروٹین سے بنتے ہیں۔ تاہم، آپ کو چربی والے گوشت سے مکمل پرہیز کرنا ہے مگر گوشت کو ترک نہیں کرنا ہے۔
 اناج، پھل، سبزیاں ہر چیز کھائیں اور وٹامن سی پر زیادہ توجہ دیں، یہ بالوں کو مضبوط کرنے والا وٹامن ہے جو آپ کو سٹرس فروٹس سے مل سکتا ہے۔
 آئرن یعنی فولاد کا استعمال خون میں آکسیجن پیدا کرتا ہے۔
زنک یعنی جست ٹشوز (بافتوں) کو مضبوط کرتا ہے اور اومیگا ۳؍ فیٹی ایسڈ بالوں کو لمبا، گھنا اور خوبصورت بنا دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK