Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

عید کے خاص موقع پر میک اَپ بھی بے حد خاص ہونا چاہئے

Updated: March 27, 2025, 11:22 AM IST | Mumbai

عید کے اس موقع پر ضرروی ہے کہ دیگر تیاریوں کے ساتھ اپنے چہرے اور میک اپ کو بالکل نظر انداز نہ کیا جائے۔

Apply makeup that makes your face look fresh. Photo: INN.
میک اَپ ایسا کریں جس سے چہرہ تروتازہ نظر آئے۔ تصویر: آئی این این۔

عید کے موقع پر خواتین کی تیاری عروج پر ہوتی ہے کیونکہ خوشیوں بھرے اس تہوار کے موقع پر ایک دوسرے کے گھر وں میں دعوتوں اور ملنے جلنےکا سلسلہ بڑے زور و شور سے جاری رہتا ہے اور یہ سلسلہ عید کے پہلے دن سے شروع ہوتا ہے اور کئی دنوں تک چلتا ہے۔ عید کے اس موقع پر ضرروی ہے کہ دیگر تیاریوں کے ساتھ اپنے چہرے اور میک اپ کو بالکل نظر انداز نہ کیا جائے۔ عید کی دعوتوں میں چہرے کو پر کشش اور حسین بنانے کے لئے اِن باتوں پر لازمی عمل کریں:
چہرے کی صفائی: میک اپ سے پہلے چہرے کی کلینزنگ ضروری ہے۔ کسی بھی معیاری فیس واش سے ایک منٹ تک نرمی سے چہرے کا مساج کرنے کے بعد پانی سے چہرہ دھو لیں۔ اب کلینزنگ لوشن نقطوں کی صورت میں چہرے پر لگا کر اچھے سے ملیں اور تھوڑی دیر بعد روئی سے صاف کرلیں، اس طر ح چہرے کا میل صاف ہو جائے گا اور رنگت بھی دمک اٹھے گی۔ خشک جلد کی حامل خواتین میک اپ کرنے سے پہلے کسی اچھی کریم کا استعمال ضرورکریں۔
بیس: اپنی رنگت کی مناسبت سے فاؤنڈیشن بیس بنائیں۔ اگر آپ گردن کی رنگت سے ملتا کریمی یا اسٹک فاؤنڈیشن کا انتخاب کریں گی تو زیادہ بہتر ہوگا۔ اسٹک لگاتے وقت اس بات کاخاص خیال رکھیں کہ اسے ایک تہہ میں نہیں لگایا جاتا، بیس کو لگانے کے لئے انگلیوں کی پوروں یا اسفنج کو ہلکا سا گیلا کرکے پھیلا کر لگائیں، اس کو گالوں کے تھوڑا اوپر سے لے جاکر پھیلائیں۔ یاد رکھیں کہ کانوں اور گردن پر بھی فاؤنڈیشن لگانا ضروری ہے۔ 
کنسیلر: جن خواتین کے آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے ہوں، وہ وہاں لازمی کنسیلر لگائیں۔ چہرے کی جھائیوں اور داغ دھبوں کو کنسیلر کی مدد سے چھپایا جا سکتا ہے۔
فیس پاؤڈر: ان سب کے بعد چہرے پر برش کی مدد سے لوز پاؤڈر لگائیں۔ پاؤڈر کا استعمال چہرے کی رنگت کے مطابق بھی کیا جاسکتا ہے۔ میک اپ پر دھبوں سے بچنے کے لئے برش کی مدد سے چہرے کا فالتو پاؤڈر صاف کرلیں۔ لوز پاؤدر کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وہ بیس کو دیر تک خراب نہیں ہونے دیتا۔
بلش آن: بلش آن ہمیشہ گالوں کی ہڈی سے اوپر کی طرف لگائیں۔ بہت زیادہ پھیلا کر لگانے سے چہرہ بھدا لگنے لگتا ہے، اس لئے اسے لگاتے ہوئے ذرا احتیاط کیجئے۔ بلش آن کا انتخاب کرتے ہوئے قدرتی رنگوں کو اہمیت دیجئے۔
آنکھوں کا میک اپ: آپ گہرے یا اسموکی رنگوں کا استعمال کرسکتی ہیں۔ کپڑوں کی رنگت کی مناسبت سے بھی آئی شیڈز کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ جو ایک رنگ یا دو رنگوں پر بھی مشتمل ہوسکتا ہے۔ آنکھوں پر اپنی پسند کا شیڈ لگانے کے بعد کافی دیر تک بلینڈ کریں۔ بھنوؤں کے نچلے حصے پر ہلکا رنگ استعمال کریں۔ اگر آپ نیچرل لُک ہی رکھنا چا ہتی ہیں تو زرد اور سنہری رنگت کا استعمال زیادہ اچھا رہے گا۔ اب آئی لائنر لگائیں۔
مسکارا: اس کے بغیر آنکھوں کا میک اپ کچھ ادھورا سا لگتا ہے۔ ایک بار لگانے کے بعد جب مسکارا سوکھ جائے تو برش کو اوپر کی جانب خم دیتے ہوئے دوسرا کوٹ لگائیں۔ اس طر ح پلکیں گھنی لگیں گی۔
لپ اسٹک: اس کا انتخاب اگر کپڑوں کی مناسبت سے کیا جائے تو زیادہ اچھا ہوتا ہے۔ اگر میچنگ رنگ نہیں ہے تو ہلکا براؤن یا ہلکا گلابی بھی لگایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK