Inquilab Logo

موئسچرائزنگ آئل،اینٹی ایجنگ آئل اورکلینزنگ آئل:جانئےکس قسم کی جلد کیلئےکون سا تیل موزوں ہے؟

Updated: January 24, 2023, 11:14 AM IST | Mumbai

اگر آپ کا خیال ہے کہ چکنی جلد والی خواتین کے لئے فیس آئل غیر ضروری چیز ہے خاص طور پر کیل مہاسے اور دانوں والی جلد کے لئے مضر صحت ہیں تو آپ کو یہ جاننا ضروری ہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

اگر آپ کا خیال ہے کہ چکنی جلد والی خواتین کے لئے فیس آئل غیر ضروری چیز ہے خاص طور پر کیل مہاسے اور دانوں والی جلد کے لئے مضر صحت ہیں تو آپ کو یہ جاننا ضروری ہے کہ بین الاقوامی شہرت یافتہ متعدد ماہرین حسن اس خیال کو رد کرتے ہیں۔ حال ہی میں برطانوی اداکارہ باڈی کیمپ بیل اور امریکن گلوکارہ جینیفر ہڈسن حساس جلد اور رنگت سانولی ہونے کے باوجود فیس آئل روزانہ استعمال کر رہی ہیں۔ اس طرح ان کی جلد تابناک اور صحتمند نظر آتی ہے۔ آپ کو یہ بات جان کر حیرانی ہوگی کہ دنیا بھر کی شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات ۴۰؍ تا ۵۰؍ کی عمر میں بھی فیس آئل کا خاص طور پر استعمال کرتی ہیں۔ جس طرح فیشن کے ملبوسات نت نئے انداز سے سامنے آتے ہیں، وہیں حسن کے نکھار کے لئے مصنوعات بھی تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔ آج کل آئل بیسڈ مصنوعات کو فروغ مل رہا ہے ان میں فیس آئل سرفہرست ہے۔ 
فیس آئل کے فوائد
 یہ جلد کو شفاف رکھنے کے علاوہ نمی پہنچاتا ہے اور قبل از وقت بوڑھا ہونے سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ جھائیوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ ان کی مختلف اقسام متعارف کروائی گئی ہیں مثلاً موئسچرائزنگ آئل، اینٹی ایجنگ آئل اور کلینزنگ آئل وغیرہ وغیرہ۔ 
فیس موئسچرائزنگ آئل
ء ۲۰۱۶سے فیس آئل کی مانگ بڑھی اور لگتا ہے کہ آئندہ دس برس تک اس کی مقبولیت میں کمی نہیں آنے والی بہر حال اس کے فوائد پر نگاہ مرکوز رکھنی ضروری ہے۔ 
 اول تو یہ جلد کے خلیات کو گرد آلود ہونے سے بچاتا ہے اور جلد کو ضروری نمی پہنچا کر خوبصورت بناتا ہے۔ کئی نامور برانڈ کے آئلز بازار اور آن لائن ویب سائٹس پر بھی دستیاب ہیں۔ بہتر یہی ہے کہ آپ اپنی جلد کی مناسبت سے ان آئلز کا انتخاب کریں۔ 
اگر آپ کی جلد چکنی ہے تو
 آپ کے لئے جو جوبا آئل یا انگور کے بیجوں (Grape Seed Oil) کا انتخاب بہتر رہے گا۔ جو جوبا آئل ہلکا ہوتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کے بعد جلد کی گہری تہوں تک ہوا کا گزر ہوتا رہتا ہے اور خلیوں تک ہوا کی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ یہ چکنی جلد کی حامل لڑکیوں کے چہرے کے غیر ضروری تیل اور نمی کو کنٹرول کرتا ہے جس کی وجہ سے ان کا چہرہ زیادہ چمکتا ہوا نہیں لگتا۔ اسی طرح حساس اور چکنی جلد کے لئے انگور کے بیجوں والا آئل بھی بہترین ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس میں اسٹریجنٹ نامی کیمیائی جزو شامل کیا جاتا ہے جو جلد کے خلیوں کو سکڑنے میں مدد دیتاہے۔ جلد کے مسام بھی ہر وقت کھلے نہیں رہتے لہٰذا دھول مٹی سے آلودہ ہونے کا خدشہ بھی نہیں رہتا۔ 
 کیا آئل فری موئسچرائزر اور فیس آئل یکے بعد دیگرے استعمال کئے جاسکتے ہیں؟اسکن کیئر اسپیشلسٹ اپی رولے کہتی ہیں کہ بالکل کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ نے آئل فری موئسچرائزر لگایا ہے تو اس میں موجودہ غذائی اجزاء کو چہرے کے خلیات کو لیجئے اور دیر تک قائم رکھنے کے لئے اس پر فیس آئل لگائیں تاکہ یہ آئل چہرے کی جلد کے خلیات کو سکڑنے میں مدد فراہم کرے اور نمی بھی ایک لمبے عرصے تک برقرار رہ سکے۔ 
اگر آپ کی جلد خشک ہے تو
 آپ کو بادام یا مارولا آئل لگانا چاہئے۔ مارولا انرجی پھل ہے اور دنیا بھر میں بیوٹی کی مصنوعات میں شامل کیا جانے لگا ہے۔ بادام والا فیس آئل خشک جلد کو نم رکھتا ہے، ساتھ ہی ایگزیما اور جلد کی سوزش سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس میں وٹامن اے موجود ہے جو جلد کو نرم و ملائم رکھتا ہے۔ مارولا فیس آئل جلد میں فوری طور پر جذب ہونے والا آئل ہے۔ قدرتی نمی کے ساتھ ساتھ جلد کو مختلف فیٹی ایسڈز بھی مہیا کرتا ہے اس کے استعمال سے آپ کی جلد جواں نظر آتی ہے۔ 
اگر آپ کی جلد دانوں والی ہے تو
 آپ کے لئے انار والا یا روز ہپ آئل سے تیار کردہ فیس آئل موزوں رہے گا۔ انار والے فیس آئل میں اینٹی بیکٹیریل خاصیت موجود ہوتی ہے اور اس کے علاوہ یہ دانوں کے اطراف ہونے والی سوزش اور خارش سے بھی آرام دلاتا ہے۔ یہ بھی مائلڈ یعنی ہلکا ہوتا ہے اور اسے لگانے کے بعد جلد چکنی نہیں لگتی۔ 
 انار والے آئل میں بھی بڑھاپے کے اثرات زائل کرنے کی اضافی خوبی موجود ہے۔ روز ہپ آئل بھی دانوں والی جلد کے لئے موزوں ترین سمجھا جاتا ہے۔ یہ جلد کی اندرونی تہوں تک نمی پہنچاتا ہے اور ایکنی کے نشانات کو بھی ہلکا کرتا ہے جلد بھی شفاف ہوتی ہے۔ 
اگر آپ کی جلد ملی جلی ہے تو
 آپ کے لئے آرگن آئل یا ریٹی نول آئل بہترین رہیں گے۔ آرگن آئل میں وٹامن اے موجود ہے۔ علاوہ ازیں اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس چہرے کی جلد پر موجود داغ دھبوں کو دور کرتے ہیں صبح یا رات کسی بھی وقت اس کا استعمال موزوں ہے۔ اینٹی ایجنگ خصوصیت کا حامل ریٹی نول آئل رنگت کو بہتر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے رات کے وقت استعمال کیا جائے تو بہتر ہے۔ 
اگر آپ کی حساس جلد ہے تو
 مورینگا (سہانجنا ) آئل یا پھر ایلو ویرا آئل آپ کیلئے بہترین اور موزوں انتخاب ہو سکتے ہیں اس میں موجود فیٹی ایسڈز حساس جلد کو خطرات سے دور اور نم رکھتے ہیں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایلو ویرا سادہ انداز میں لگانے سے بھی فائدہ ملتا ہے اور یہ جراثیم کش فوائد پر مشتمل آئل ہے جو حساس جلد کی حامل لڑکیوں کیلئے نعمت سے کم نہیں۔ 
 اگر آپ بھی جھریوں سے پاک، نرم و ملائم اور چمکدار جلد کی خواہشمند ہیں تو اپنی جلد کی مناسبت سے فیس آئل خریدیں اور درج شدہ ہدایات کے مطابق مطلوبہ مقدار میں استعمال کریں اور نکھرنکھر جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK