• Thu, 28 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

موسمِ سرما: بالوں کو خاص نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے

Updated: November 27, 2024, 9:21 PM IST | Mumbai

سردی کے موسم میں بال روکھے اور بے جان ہوجاتے ہیں۔ ساتھ ہی فضائی آلودگی کا شکار بھی ہوتے ہیں، جس سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ ایسے میں آپ کو اپنے بالوں کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔

Do not wash your hair with very hot water during this season as hot water can dry out your hair. Photo: INN
اس موسم میں بالوں کو زیادہ گرم پانی سے نہ دھوئیں کیونکہ گرم پانی سے بال روکھے ہوسکتے ہیں۔تصویر: آئی این این

سردی کے موسم میں بال روکھے اور بے جان ہوجاتے ہیں۔ ساتھ ہی فضائی آلودگی کا شکار بھی ہوتے ہیں، جس سے بالوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ ایسے میں آپ کو اپنے بالوں کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔ خواتین بالوں کو روکھے ہونے سے بچانے کے لئے کئی طرح کے ہیئر پروڈکٹ کا استعمال کرتی ہیں، مگر اس کے استعمال سے انہیں راحت بخش نتائج نہیں ملتے۔ ذیل میں چند ترکیبیں پیش کی جا رہی ہیں جن کی مدد سے آپ بالوں کے روکھے پن سے نجات پا سکتی ہیں:
خشکی کیلئے: اگر آپ کے بالوں میں خشکی ہے تو اس سے چھٹکارا پانے کیلئے ناریل کے تیل کو ہلکا سا گرم کیجئے اور اسے اپنے بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح سے لگا لیجئے اور رات بھر یوں ہی رہنے دیں۔ صبح اٹھ کر لیموں کے رس کو اپنے سر پر لگائیں اور ۱۰؍ سے ۱۵؍ منٹ تک رہنے دیں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھو لیں۔ ہفتے میں دو بار اس عمل کو کرنے سے آپ خشکی سے پوری طرح نجات حاصل کرسکتی ہیں۔
بالوں کو چمکدار بنانے کیلئے: انڈے، کافی پاؤڈر، لیموں کا رس، مہندی پاؤڈر، تیل اور تھوڑی سی دہی ملا کر پیسٹ بنالیں۔ اب اسے بالوں پر لگائیں۔ ایک گھنٹے بعد اپنے بالوں کو پانی سے دھو لیں۔ اس سے آپ کے بال چمکدار بن جائیں گے۔
بے جان بالوں کیلئے: روکھے اور بے جان بالوں کیلئے ایک چمچہ ناریل کا تیل اور ارنڈی کا تیل گرم کریں۔ دونوں کو اچھی طرح سے ملا کر اپنے سر اور بالوں پر لگائیں۔ اسکے بعد ایک گرم تولیے سے سر کو چاروں طرف ڈھانک دیں اور کچھ گھنٹوں تک ایسے ہی رہنے دیں۔ پھر گرم پانی سے دھو لیں۔
ہیئر کلینزر: اسے بنانے کیلئے خشک ریٹھا، شیکا کائی اور آملہ کو یکساں مقدار میں لیں اور اس میں ایک لیٹر پانی ملا کر رات بھر کیلئے رکھ دیں۔ صبح اسے دھیمی آنچ پر تب تک پکائیں جب تک کہ پانی آدھا نہ بچ جائے۔ اب اسے ٹھنڈا ہونے کیلئے رکھ دیں۔ بعد میں اسے ایک صاف کپڑے سے چھان لیں اور اس سے بال دھوئیں۔
ان باتوں کا بھی خیال رکھیں
سردی میں آپ بالوں کو زیادہ گرم پانی سے نہ دھوئیں کیونکہ گرم پانی سے بال دھونے سے ٹوٹ سکتے ہیں یا روکھے ہوسکتے ہیں، اس لئے آپ نیم گرم پانی کا استعمال کریں، ساتھ ہی شیمپو کے بعد کنڈیشنر کا استعمال ضرور کریں اس سے آپ کے بال ملائم رہیں گے۔
بالوں کو سکھانے کے لئے بلیو ڈرائر جیسے مصنوعی آلات کا استعمال نہ کریں۔ ان کے استعمال سے آپ کے بال کمزور ہوسکتے ہیں۔
بال سکھانے کے لئے بالوں کو تولیہ کَس کر نہ لپیٹیں۔ تولیہ سے بالوں کو تیزی سے نہ پونچھیں۔ اس سے آپ کے بال ٹوٹ سکتے ہیں۔
گھر سے باہر نکلتے وقت اسکاف باندھیں۔ کیونکہ کھلے بال ڈرائی ہوجاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK