• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

۲۰۲۵ء: خواتین اِن مقاصد کو ترجیح دیں

Updated: January 02, 2025, 12:21 PM IST | Dr Sharmin Ansari | Mumbai

عام خاتون کی زندگی مختلف کرداروں کا ایک حسین امتزاج ہوتی ہے۔ وہ اپنی خوشیوں اور خواہشات کو پیچھے رکھتے ہوئے اپنے خاندان کی بھلائی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ لیکن نیا سال ایک موقع لاتا ہے۔ ایسے لمحات جن میں وہ خود کو ترجیح دے سکتی ہے۔ وہ اپنی زندگی کے بارے میں نئے خواب دیکھ سکتی ہے اور ایسے اقدامات کرسکتی ہے جو اس کی اپنی خوشی اور ترقی کا سبب بنیں۔

The new year gives women an opportunity to push themselves from better to better. Photo: INN.
نیا سال خواتین کو موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ خود کو بہتر سے بہترین کی طرف گامزن کریں۔ تصویر: آئی این این۔

ہر سال کا آغاز بڑے خوابوں اور بلند عزائم کے ساتھ ہوتا ہے لیکن اکثر سب سے زیادہ اثر رکھنے والے عزائم سادگی اور مستقل مزاجی پر مبنی ہوتے ہیں۔ ایک عام اور سادہ عورت جو ماں، بہن، گھریلو اور ملازمت پیشہ خاتون ہوتی ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں نہایت خاموشی سے اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ ۲۰۲۵ء اس کے لئے ایک ایسا موقع ہے جہاں وہ اپنی زندگی چھوٹی لیکن طاقتور تبدیلیاں لا کر نہ صرف خود کو بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ اپنے خاندان اور معاشرہ کو بھی متاثر کرسکتی ہیں۔
عام خاتون کی زندگی مختلف کرداروں کا ایک حسین امتزاج ہوتی ہے۔ وہ اپنی خوشیوں اور خواہشات کو پیچھے رکھتے ہوئے اپنے خاندان کی بھلائی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ لیکن نیا سال ایک موقع لاتا ہے۔ ایسے لمحات جن میں وہ خود کو ترجیح دے سکتی ہے۔ وہ اپنی زندگی کے بارے میں نئے خواب دیکھ سکتی ہے اور ایسے اقدامات کرسکتی ہے جو اس کی اپنی خوشی اور ترقی کا سبب بنیں۔
عام خاتون کے عزائم
۲۰۲۵ء میں ایک عام خاتون کے عزائم قابل عمل ہوسکتے ہیں۔ جن میں چھوٹے چھوٹے قدم شامل ہوں لیکن وہ اس کی زندگی میں بڑے نتائج پیدا کرسکیں۔
صحت کو اولین ترجیح دینا: صحتمند زندگی کسی بھی کامیابی کی بنیاد ہوتی ہے۔ خواتین اپنی صحت کا بہتر خیال رکھنے کیلئے درج ذیل اقدامات کرسکتی ہیں:
روزانہ صبح ۳۰؍ منٹ ورزش کریں۔
متوازن غذا کھائیں۔
ذہنی سکون کیلئے مراقبہ یا تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
طبی جانچ کرواتی رہیں۔
تعلیم اور مہارتوں میں اضافہ: سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہنا چاہئے۔ خواتین اپنی تعلیمی اور عملی صلاحیتوں کو بڑھانے کیلئے درج ذیل اقدامات کرسکتی ہیں:
کتب بینی کی عادت ڈالیں۔
آن لائن کورسیز میں حصہ لیں جیسے کمپیوٹر، زبان دانی یا کوئی فن سیکھنا۔
ٹیکنالوجی کے استعمال میں ماہر بننے کی کوشش کریں۔
مالی آزادی کا حصول: مالی خودمختاری ہر عورت کے لئے ضروری ہے۔ مالی خودمختار بننے کئے یہ اقدامات کئے جاسکتے ہیں:
چھوٹے کاروبار جیسے دستکاری، جیولری میکنگ، بیکنگ یا ٹیوشن شروع کریں۔
اپنے اخراجات اور آمدنی کا بجٹ بنائیں۔
ماہانہ بچت کیلئے ایک منصوبہ تیار کریں۔
اس شعبے کی جدید معلومات حاصل کریں تاکہ بہتر فیصلے کرسکیں۔
تعلقات کو مضبوط بنانا: خاندانی اور سماجی رشتے خوشحال زندگی کیلئے اہمیت رکھتے ہیں۔ خواتین اِن طریقوں سے اپنے تعلقات کو مضبوط بنا سکتی ہیں:
اہل ِخانہ کے ساتھ معیاری وقت گزاریں۔
بزرگوں کی دیکھ بھال میں خصوصی توجہ دیں۔
دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے ان سے رابطہ میں رہیں۔
رضاکارانہ کام: معاشرہ میں بہتری لانے کیلئے خواتین یہ خدمات انجام دے سکتی ہیں:
صفائی مہم یا شجرکاری مہم کا حصہ بنیں۔
ضرورتمندوں کی مدد کریں۔ فلاحی یا رہنمائی تنظیموں کے ساتھ کام کریں۔
اپنے علاقے میں خواتین کی تعلیم اور ان کی فلاح و بہبود کی کوشش کریں۔
ماحولیاتی تحفظ کیلئے اقدامات: ماحولیاتی تحفظ کیلئے خواتین درج ذیل قدم اٹھا سکتی ہیں:
پلاسٹک کے بجائے کپڑے کی تھیلیوں کا استعمال کریں اور دوسروں کو اس جانب متوجہ کریں۔
پانی اور بجلی کے ضیاع کو حتی الامکان کم کرنے کی کوشش کریں۔
اپنے آس پاس درخت لگائیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں تعاون کریں۔
خود کی دیکھ بھال اور ذاتی وقت: اپنے لئے وقت نکالنا اور خود کی دیکھ بھال کرنا ہر خاتون کے لئے ضروری ہے۔ ۲۰۲۵ء میں خواتین اِن عادتوں کو اپنانے کا عزم کرسکتی ہیں:
روزانہ کچھ وقت ایسی سرگرمیوں میں گزاریں جن میں آپ کی دلچسپی ہوں جیسے کہ باغبانہ، کوکنگ، موسیقی یا پینٹنگ وغیرہ۔
اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے کیلئے تفریح کیلئے بھی وقت نکالیں۔
۲۰۲۵ء میں خواتین یہ ثابت کرسکتی ہیں کہ بڑے خواب دیکھنے کے لئے بڑے وسائل کی ضرورت نہیں ہوتی۔ چھوٹے لیکن مستقل اقدامات، صحت، تعلیم، مالی آزادی اور سماجی خدمات جیسے شعبوں میں بڑے اثرات ڈال سکتے ہیں۔
یہ عزائم نہ صرف خواتین کی زندگی کو بہتر بنائیں گے بلکہ یہ خواتین دوسروں کے لئے بھی مشعل راہ ثابت ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK