• Thu, 17 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملازمت پیشہ خواتین بھی مہارتیں بڑھائیں!

Updated: October 16, 2024, 1:20 PM IST | Firdous Anjum | Mumbai

خواتین چونکہ مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اس لئے موجودہ دور کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کیلئے بھی اپنے آپ کو تیار رکھنا ضروری ہے۔ یہ تو ممکن نہیں کہ وہ اُمورِ خانہ داری کو خیرباد کہہ دیں! انہیں دونوں جگہ توازن برقرار رکھنا چاہئے جو وقت کا تقاضا بھی ہے۔

Times are progressing a lot, so women should try to improve their skills day by day. Photo: INN
زمانہ کافی ترقی کر رہا ہے، اس کے مطابق خواتین اپنی صلاحیتوں کو روز بروز بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ تصویر : آئی این این

اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ آج خواتین کامیابی کی منزلوں کو عبور کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے وجود کو نہ صرف منوایا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ کسی سے کم‌ نہیں ہیں۔ دنیا کے ہر شعبے میں خواتین بہترین کارکردگی انجام دینےکی کوشش کر رہی ہیں۔ پھر چاہے وہ خاتون اسرو کی رکن ہو یا خلائی مہم پر جانے والی۔ خواتین چونکہ مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اس لئے موجودہ دور کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے بھی اپنے آپ کو تیار رکھنا ضروری ہے۔ یہ تو ممکن نہیں کہ وہ اُمورِ خانہ داری کو خیرباد کہہ دیں! انہیں دونوں جگہ توازن برقرار رکھنا چاہئے جو وقت کا تقاضا بھی ہے۔ اس لئے ملازمت پیشہ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی معلومات اور مہارتوں کو مسلسل فروغ دینے کی کوشش کریں۔ جس کیلئےانہیں ان باتوں کا خاص خیال رکھنا ہوگا:
اپنے مقاصد کا تعین کریں
 موجودہ دور میں خواتین مختلف شعبہ جات میں مختلف عہدوں پر اپنی بہترین کارکردگی انجام دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ایسے میں انہیں چاہئے کہ وہ اپنے مقاصد کا تعین کریں۔ وہ کیا کرنا چاہتی ہیں اور کیا نہیں اسے نوٹ کرکے رکھیں اور اس کی مناسبت سے اپنے کاموں کو ترجیح دیں۔
وقت کی پابندی
 کامیابی کا دار و مدار اس کام کی منصوبہ بندی پر منحصر ہوتا ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ اپنے وقت کی مناسب منصوبہ بندی کریں۔ جو مخصوص اور زیادہ وقت طلب کام ہیں ان کو پہلے ترجیح دیں۔ جس سے دوسرے کاموں کیلئے وقت نکالنا آسان ہو جائیگا۔
معلومات میں اضافہ
 اپنے شعبے کے متعلق معلومات میں اضافہ آپ کی ترقی کو آسان کرے گا۔ خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنے کام کی مکمل معلومات حاصل کریں۔ اَپ ڈیٹ رہیں۔ جو تبدیلیاں ہو رہی ہیں ان پر نظر رکھیں۔
مسلسل سیکھنا
 ملازمت کرنے والی خواتین مسلسل سیکھنے کی کوشش کریں۔ نئے نئے اسکلز کو سیکھیں اور اپنے کریئر میں مسلسل ترقی کی راہ کو تلاش کریں۔
 اپنے نیٹ ورک کو وسیع کریں
 کام کے ساتھ ساتھ اپنے اطراف کی معلومات بھی ہونی چاہئے۔ اپنے کام کی تشہیر اور لوگوں سے رشتہ مضبوط بنانے کی طرف توجہ دینا چاہئے۔
خود پر توجہ
 خواتین مسلسل کام کرتی ہیں، انہیں ذاتی اور دفتری زندگی، دونوں کے درمیان توازن قائم کرنا چاہئے۔ اس وجہ سے اکثر ان کی صحت متاثر ہوتی ہے۔ خواتین کو چاہئے کہ اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کا خیال رکھیں۔ ایسے معاملات سے دوری اختیار کریں جو آپ کی ذہنی صحت کیلئے مضر ہیں۔
 ملازمت پیشہ خواتین کو اپنے کام کے تئیں بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے آنا چاہئے۔ ذیل میں بتائی گئی باتیں آپ کی پروفیشنل لائف میں کام آئینگی:
مواصلاتی مہارت میں اضافہ
 خواتین کو کام کرتے ہوئے اپنی کمیونی کیشن اسکِل کو بااثر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اپنی بات کو پورے اعتماد کے ساتھ پیش کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔ جہاں ضرورت ہو اس کے اعتبارسے مختلف زبانوں کا علم حاصل کرنا چاہئے تاکہ آپ کی پروفیشنل لائف سازگار بن سکے۔
دفاتر کا نظام اور مینجمنٹ کا علم
 خواتین کو چاہئے کہ پروفیشن کے اور اداروں کے مختلف قوانین کا مطالعہ کریں۔ اکثر خواتین اس جانب توجہ نہیں دیتیں۔ اگر آپ حکومت کے بنائے قوانین اور اداروں کے، دفاتر کی قانونی معلومات رکھیں گی تو آپ کی راہیں ہموار ہوں گی۔
بینکنگ کی معلومات
 پروفیشنل خواتین کبھی دانستہ تو کبھی غیر دانستہ طور پر اس جانب دھیان نہیں دیتیں اور بینک میں جانے سے بچتی ہیں۔ اپنے اکاؤنٹ کی مکمل معلومات حاصل کریں۔ کتنی سیلری آتی ہے؟ سیلری کا کچھ حصہ کیوں کٹ جاتا ہے؟ ایسی چھوٹی چھوٹی معلومات کا ہونا بے حد ضروری ہے۔
 تبدیلی کیلئے تیار رہنا
 خواتین کو چاہئے کہ پروفیشن میں ہونے والی مختلف تبدیلیوں کیلئے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار رکھیں۔ وقت اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا پروفیشنل لائف کا لازمی حصہ ہے۔
قیادت
 اپنے کام کو سر انجام دینے کے لئے قیادت کرنا چاہئے۔ اپنے ساتھ کام کرنے والوں کی مناسب رہنمائی اور مدد کرنا ضروری ہے۔
مثبت رویہ
 خواتین کو چاہئے کہ ہر بات میں مثبت پہلو کو تلاش کریں۔ خاص کر کام کرنے کی جگہ پر مثبت سوچ اور رویہ کو ترجیح دیں۔ اس سے کام کرنے میں آسانی ہوگی اور آپ کا وقار بھی بڑھے گا۔ 
 حرفِ آخر، اپنی شناخت خود بنائیں۔ اسطرح آپ ایک بہترین پروفیشنلسٹ بن سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK