آج کے دور میں انرجی ڈرنکس اور ہیلدی ڈائٹ کی اشیاء سے بازار بھرا پڑا ہے۔ لوگ گھر کی بنی صحتمند اور طاقت دینے والی اشیاء کو بالکل فراموش کرچکے ہیں۔ پرانے زمانے میں زچہ اور بچہ کی اچھی صحت کیلئے کئی جتن کئے جاتے تھے۔ ہمیں اس روایت کو برقرار رکھنا چاہئے تاکہ زچہ اور بچہ، دونوں چست و درست رہے۔
نئی ماں کی خوراک میں خشک میوہ جات سے بنی ہوئی اشیاء ضرور شامل کرنی چاہئیں، اس سے اس کا جسم توانا ہوتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔
ماں بننا بہت بلند مرتبہ ہے، اور اتنا بلند کہ اللہ نے جنت ہی ماں کے قدموں میں رکھ دی ہے۔ مگر یہ ایک بہت خوبصورت احساس بھی ہے۔ جب ماں بچے کو دنیا میں لاتی ہے، تو اسے دوسری زندگی عطا ہوتی ہے، ایک پل میں ساری توانائی کمزوری میں تبدیل ہو جاتی ہے، جسے پورا ہونے میں کافی وقت لگتا ہے۔ اُن دِنوں صحتمند غذا کا اہم کردار ہوتا ہے زچہ ( نئی ماں ) کی صحت میں۔
آج کے دور میں انرجی ڈرنکس اور ہیلدی ڈائٹ کی اشیاء سے بازار بھرا پڑا ہے۔ لوگ گھر کی بنی صحتمند اور طاقت دینے والی اشیاء کو بالکل فراموش کرچکے ہیں۔ کیونکہ بازار کی تیار شدہ اشیاء کو گھر میں پکانا آسان ہو جاتا ہے جس سے وقت تو ضرور بچتا ہے مگر وہ فائدہ مند بھی کم ہی ہوتی ہے اور اس میں برکت بھی نہیں ہوتی ہے۔
زچہ بچہ کے گھر میں داخل ہوتے ہی انہیں ہر طرح کی احتیاط کروائی جاتی ہے، جیسے ہر کسی کا سیدھے باہر سے آنے پر اُن کے کمرے میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا تھا، تاکہ باہر سے آنے والے جراثیم سے ماں بچہ محفوظ رہیں۔ بچّے کی پیدائش کے بعد ماں کا جوڑ جوڑ ہڈی ہڈی دکھتا ہے، یہی شروعاتی ہفتوں کا آرام اور غذا سے اسے بہت توانائی ملتی ہے۔ روزانہ سر اور جسم کی مالش سے اسے توانائی حاصل ہوتی ہے، اس میں اسے اپنے سر اور کانوں کے ذریعے جانے والی ہوا سے حفاظت کرنی چاہئے کیونکہ یہ ہوا نقصاندہ ہوتی ہے، اس سے سر میں درد بیٹھ جاتا ہے، یا آنکھوں پر زور دینے والے بھی کام نہیں کرنے چاہئے اس سے نگاہ کمزور ہو جاتی ہے۔ ماں کو اجوائن کا پانی دیا جاتا ہے، ٹھنڈک میں نیم گرم اور گرمیوں میں سادہ پانی۔ ٹھنڈے پانی کی بھی بہت احتیاط کی جاتی ہے۔ اور زچہ کے جو غسل ہوتے ہیں وہ بھی بہت خاص ہوتے ہیں، وہ پانی اتنا گرم ہو کہ برداشت کیا جاسکے اس میں بھی اجوائن اور بھی کافی دیسی چیزیں ڈالی جاتی ہیں جس سے ہڈیوں کے اندر تک خوب سینکائی ہو جائے۔ اس سے جسمانی توانائی حاصل ہوتی ہے۔
اُن دِنوں ماں کی غذا کا بھی خاص خیال رکھنا چاہئے۔ مکھانے ہر طرح سے بہت مفید ہوتے ہیں زچہ کے لئے۔ کبھی مکھانے کو دیسی گھی میں تل کے دیئے جاتے ہیں، کبھی ایسے ہی، کبھی دودھ میں اُبال کے جیسے بھی وہ آسانی سے لے سکے۔ نہار منہ زچہ کو ہریرہ (اچوانی) دی جاتی ہے، اس میں مکھانے، ناریل، کاجو، بادام، چھوہارا سب رات بھر بھگو کے صبح پیس کے دیسی گھی، زیرہ سے بگھار کے بھنی ہوئی سونٹھ کا پاؤڈر ملا کر دیا جاتا ہے۔
ایک چیز اور جو خاص زچہ کے لئے بنائی جاتی ہے اسے کچھ لوگ پنجیری کہتے ہیں، یا کچھ لوگ پگا میوہ کی شکل میں بناتے ہیں، کچھ لوگ گوند اور مکھانے کو دیسی گھی میں تل کے اس میں سوجی بھون کر پانچوں مغز خشک میوے پسی شکر سب ملا کر بناتے ہیں، اس میں سب فائدہ کی چیزیں ہوتی ہیں، اور کھانے میں بھی مزیدار ہوتا ہے، خاص کر گوند ہڈیوں کیلئے بہت مفید ہوتا ہے، کچھ لوگ سونٹھ اور گڑ کے لڈو بھی بناتے ہیں۔ بکرے کے پائے اُبال کر یخنی يا شوربہ کی شکل میں دیا جاتا ہے، یہ طاقت کے لحاظ سے بہت عمدہ ہوتا ہے۔ مگر آج کے مشینی دور میں نہ تو کسی کے پاس اتنا وقت ہے، اور نہ ہی کوئی اتنی محنت کرنا چاہتا ہے، یہ سب اہتمام اب چند ہی گھرانوں میں کئے جاتے ہیں۔ بات مختصر یہ ہے کہ اگر ہر قسم کی احتیاط کے ساتھ زچہ اور بچہ کی دیکھ بھال کی جائے تو دونوں صحتمند رہتے ہیں، اور بہت جلد زچہ اپنی جسمانی اور ذہنی کمزوری سے نجات حاصل کرکے اپنے شب و روز کے مشاغل کی طرف لوٹتی ہے، جہاں سے اسے اپنے نئے مہمان کے ساتھ نئی شروعات کرنی ہوتی ہے، جب ایک ماں صحتمند ہوتی ہے تبھی وہ خوش اسلوبی کے ساتھ اپنے شوہر، بچّے اور گھر کو سنبھالتی ہے۔
اچھی صحت کے لئے نئی ماؤں کو اپنی غذا میں اِن چیزوں کو شامل کرنا چاہئے:
زیرہ: نئی ماؤں کیلئے ایک مفید غذا ہے، اس سے بچے کا پیٹ بھی نہیں پھولتا اور اس کا دودھ بھی آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے، ساتھ ہی اس کے استعمال سے ماں کو بھی طاقت ملتی ہے۔
دلیہ: بچہ کی پیدائش کے بعد ماں کے لئے دلیہ ایک مکمل غذا ہے جس میں موجود فائبر قبض دور کرتا ہے۔ اگرچہ اس میں کیلوریز کم ہوتی ہیں۔ دلیہ فوراً توانائی بحال کرتا ہے اور شوگر ہونے سے بچاتا ہے۔
ہرے پتے والی سبزیاں : نئی مائیں خون کی کمی کا شکار ہو جاتی ہیں، ان کے لئے ہرے پتے والی سبزیاں بہت فائدمند غذا ئیں ہیں۔
سونف: اس کے استعمال سے بچے کا ہاضمہ ٹھیک رہتا ہے۔
میتھی دانہ: اس کے استعمال سے جسم کو توانائی ملتی ہے۔ اس لئے نئی ماں اس کا استعمال ضرور کریں۔
خشخاش: بچہ کی پیدائش کے بعد اکثر مائیں بے چینی، گھبراہٹ اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو جاتی ہیں ایسی خواتین کے لئے خشخاش کا استعمال مفید ہے۔