• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اس سے پہلے کہ سال ختم ہو، اپنا جائزہ لیجئے

Updated: December 31, 2024, 1:47 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

گزرے ہوئے سال کا جائزہ لیتے وقت خود پر صرف تنقیدی نگاہ نہ دوڑائیں بلکہ اپنی کامیابی کا بھی جشن منائیں۔ یہ جشن آپ کو ایک خوبصورت احساس سے سرشار کر دے گا۔ یہ عمل آپ کو آگے بڑھنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس کےعلاوہ اپنی خوبیوں کو بھی نوٹ کریں۔ اس کیلئے خود کو شاباشی دیں۔ اس خوشی میں آپ خود کو کوئی تحفہ بھی دے سکتی ہیں۔

Whenever we start something new we feel fear, next year overcome your fear and move forward. Photo: INN
جب بھی ہم کسی نئے کام کی شروعات کرتے ہیں تو ہمیں ڈر محسوس ہوتا ہے، آئندہ سال اپنے اس خوف پر قابو پائیں اور آگے بڑھیں۔ تصویر: آئی این این

آج ۳۶۶؍ واں دن ہے۔ سالِ رواں لیپ ایئر ہے اس لئے ۳۶۶؍ دن ہوئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ سال ختم ہونے آیا۔ اس سال ہم نے جو کچھ کیا اسے تبدیل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اس کو درست کیا جاسکتا ہے لیکن ماضی میں جو کچھ ہوا اس کا جائزہ لے کر ہم اپنے نئے سال کو بہتر بنانے کی کوشش ضرور کرسکتے ہیں۔ گزرے ہوئے سال میں ہم نے جو غلطیاں کی ہیں اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے مطابق نئے سال کے لئے تیاری کرنی چاہئے۔
کیوں رکاوٹ آئی؟
 فرض کریں آپ نے اس سال فرانسیسی زبان میں مہارت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا ایک مقصد طے کیا تھا اور دسویں لیول تک پہنچے تھے لیکن مکمل نہ کرسکے، آپ کو چاہئے کہ اس کی وجہ تلاش کریں۔ کیا اس کی وجہ کا تعلق آپ سے ہے یا آپ کے کنٹرول سے باہر، اگر دوسری صورت ہے تو آپ نے اس مقصد کا ۷۰؍ فیصد پورا کیا، اور اس سال میں باقی ۳۰؍ فیصد رہ گئے ہیں، جسے آپ کو حاصل کرنا ہے۔ اسے آئندہ سال مکمل کرلیں۔
اپنے آپ سے سوالات پوچھیں
 کیا حقیقت میں وہی ہوا جو آپ چاہتی تھیں یا حالات آپ کو کسی اور طرف لے گئے؟
 کیا آپ ہدف تک پہنچ گئی ہیں، جیسے آپ نے منصوبہ بنایا تھا ویسے ہی آگے بڑھیں یا آپ نے دوسری راہ اختیار کرلی؟
 کیا آپ اپنے آپ سے اور اپنے کارنامے سے مطمئن ہیں؟
 آپ کی راہ میں کون سی رکاوٹیں آئیں اور آپ نے ان پر کیسے قابو پایا؟
 کیا آپ اب بھی اس مقصد پر قائم ہیں یا آپ اس سے کنارہ کشی اختیار کر چکی ہیں؟
 درج بالا سوالات کے جوابات تلاش کریں۔ انہیں ایک کاغذ پر درج کریں۔ اس کے بعد غور کریں کہ کیا واقعی سب کچھ بہت آسان تھا؟ یا اپنے اندر تبدیلی لانے کی ضرورت ہے؟ اس طرح آپ کو آئندہ سال کی تیاری کرنے میں مدد ملے گی۔ اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے کیا کوشش ہوسکتی ہے، اس کے بارے میں غور کریں۔
حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے
 گزرے ہوئے سال کا جائزہ لیتے وقت خود پر صرف تنقیدی نگاہ نہ دوڑائیں بلکہ اپنی کامیابی کا بھی جشن منائیں۔ یہ جشن آپ کو ایک خوبصورت احساس سے سرشار کر دے گا۔ یہ عمل آپ کو آگے بڑھنے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ اپنی خوبیوں کو بھی نوٹ کریں۔ اس کے لئے خود کو شاباشی دیں۔ اس خوشی میں آپ خود کو کوئی تحفہ بھی دے سکتی ہیں۔
معافی مانگ لیں
 عین ممکن ہے کہ اس سال آپ کی کسی سے لڑائی ہوئی ہو یا کسی بات پر بحث ہوگئی ہو تو ان سے معافی مانگ لیں۔ اس سال کی کڑواہٹ کو اسی سال بھولنے کی کوشش کریں۔ نئے سال کی شروعات خوش دِلی سے کریں۔ ساتھ ہی اگر آپ کو کسی سے تکلیف پہنچے ہو تو اسے بھی معاف کر دیں۔
اپنے ڈر پر قابو پائیں
 جب بھی ہم کسی نئے کام کی شروعات کرتے ہیں تو ہمیں ڈر محسوس ہوتا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ اس ڈر کی وجہ سے آپ اپنی زندگی میں آگے نہیں بڑھ پا رہی ہوں۔ آئندہ سال اپنے اس خوف پر قابو پائیں اور آگے بڑھیں۔ ابتدا میں دقت ہوسکتی ہے لیکن کوشش کی جائے تو یقیناً کامیابی ملے گی۔
خاندان اہمیت رکھتا ہے
 مصروفیت کے سبب ہم اکثر اپنے اپنوں کو وقت نہیں دے پاتے ہیں۔ جب آپ اپنے گزرے ہوئے سال کا جائزہ لیں گی تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ آپ نے اپنوں کے ساتھ بہت کم وقت گزارا ہے۔ اس کا افسوس بھی آپ کو ہوگا۔ آئندہ سال کے منصوبے میں ‘فیملی ٹائم‘ کو ترجیح دیں۔
کیا نیا سیکھا؟
 اس سال آپ نے کیا سیکھا؟ اس سوال پر غور کریں۔ اس کا جواب کوئی نیا پکوان، زبان، کھیل وغیرہ ہوسکتا ہے۔ اگر اس کا جواب کچھ نہیں ہے تو آئندہ سال کیلئے ابھی سے تیاری کرلیں۔ کچھ نیا سیکھنے کی بھرپور کوشش کریں۔
آرام کرنا نہ بھولیں
 ہوسکتا ہے کہ آپ نے گزرے ہوئے سال سخت محنت کی ہو۔ اس وجہ سے آپ نے اپنا آرام ترک کر دیا ہو۔ اس روش پر قائم نہ رہیں۔ اپنی زندگی میں آرام کو بھی ترجیح دیں۔ آرام کسی بھی کام کا لازم حصہ ہے، مثلاً اگر رات کا آرام نہ ہو تو ہم شاید دوبارہ کام کے لئے تیار نہیں ہو سکتے تھے۔ نیند کی بدولت ہم صبح جو لطف اٹھاتے اور تازگی پاتے ہیں کچھ ایسی ہی توانائی کام کے دوران ذہن کو دیئے گئے وقفوں سے بھی ملتی ہے۔ وقتاً فوقتاً ہمارے ذہن کو آرام کی ضرورت ہے، جب ایسا کر رہے ہوں تو نہ کسی چیز کے بارے میں سوچیں نہ ہی کوئی منصوبہ بندی کریں، بس آرام کریں۔ اس دوران بالکل تازہ دم ہو جائیں تاکہ جب واپس کام کا رُخ کریں تو پوری یکسوئی کے ساتھ اس پر توجہ کر سکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK