کیونکہ وہ اپنی نیند، سکون اور خواہشات کو قربان کرکے بچوں کے لئے وہ سب کچھ کرتی ہے جو انہیں ان کے خوابوں کے قریب لے جاسکے۔ اس کا ہر عمل چاہے وہ کھانے کا انتظام ہو، شیڈول بنانے کی کوشش ہو یا بچوں کو حوصلہ دینا ہو، یہ سب ایک ماں کے بے لوث جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
ماؤں کو چاہئے کہ بچوں کے لئے پریکٹس ٹیسٹ کا اہتمام کریں تاکہ وہ امتحان کے ماحول سے واقف ہوسکیں۔ تصویر: آئی این این
ایس ایس سی اور ایچ ایس سی کے امتحانات بچوں کے تعلیمی سفر کا سب سے اہم موڑ ہوتے ہیں اور ماں اپنے بچوں کے ساتھ اس سفر میں ہر قدم پر کھڑی ہوتی ہے۔ وہ نہ صرف بچوں کی مشکلات کا سامنا کرتی ہے بلکہ انہیں اپنی دعاؤں اور محنت سے کامیابی کی راہ دکھاتی ہے۔ ماں وہ عظیم ہستی ہے جو بچے کی ناکامیوں کو اپنی کمزوری سمجھتی ہے اور اس کی کامیابی کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا انعام مانتی ہے۔
امتحان کا یہ وقت ماں کے لئے بھی آزمائش کا ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنی نیند، سکون اور خواہشات کو قربان کرکے بچوں کے لئے وہ سب کچھ کرتی ہے جو انہیں ان کے خوابوں کے قریب لے جاسکے۔ اس کا ہر عمل چاہے وہ کھانے کا انتظام ہو، شیڈول بنانے کی کوشش ہو یا بچوں کو حوصلہ دینا ہو، یہ سب ایک ماں کے بے لوث جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ ماں کے دل کی یہ لگن اور دعاؤں کا یہ اثر بچوں کے لئے کامیابی کے دروازے کھول دیتا ہے۔ ایس ایس سی اور ایچ ایس سی امتحانات کے دوران مائیں اپنے بچوں کی رہنمائی درج ذیل طریقوں سے کرسکتی ہیں:
بچوں کے شیڈول کی منصوبہ بندی کریں
ماں کو چاہئے کہ درج ذیل طریقے سے بچوں کیلئے ایک مؤثر اور متوازن شیڈول ترتیب دیں:
٭ہر مضمون کے لئے روزانہ وقت مختص کریں۔ خاص طور پر مشکل مضامین کیلئے زیادہ وقت دیں۔
٭پڑھائی کے دوران وقفے کا اہتمام کریں تاکہ بچے ذہنی طور پر تھکاوٹ کا شکار نہ ہوں۔
٭شیڈول میں سونے، کھانے اور تفریح کے لئے بھی وقت رکھیں تاکہ بچے بوریت کا شکار نہ ہوں۔
تعلیمی مواد فراہم کریں
٭ماں کو یہ بات یقینی بنانا چاہئے کہ بچوں کے پاس تمام ضروری تعلیمی مواد موجود ہوں۔
٭ماؤں کو چاہئے کہ وہ بچوں کو نصابی کتابیں، نوٹس اور پچھلے برسوں کے سوالنامے فراہم کریں۔
٭اگر بچوں کو کسی مضمون میں دشواری ہو تو ٹیوشن یا آن لائن مواد کا انتظام کریں۔
٭بچوں کو ایسے تعلیمی وسائل فراہم کریں جو ان کے امتحانات کی تیاری کو آسان بنائیں۔
پُرسکون اور سازگار ماحول فراہم کریں
٭گھر کا ماحول ایسا بنائیں کہ بچے سکون سے پڑھائی کرسکیں۔
٭مطالعے کے دوران کسی بھی غیر ضروری مداخلت سے بچوں کو بچائیں۔
٭موبائل فون اور ٹی وی جیسی چیزوں کو محدود کریں تاکہ بچوں کی توجہ نہ ہٹے۔
صحت کا خیال رکھیں
٭ماؤں کو چاہئے کہ امتحانات کے دوران بچوں کی صحت پر خاص توجہ دیں۔
٭ان خوراک میں دودھ، پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات شامل کریں۔
٭ان کی نیند کا خیال رکھیں تاکہ وہ تازہ دم رہیں اور ان کی یادداشت بہتر ہو۔
حوصلہ افزائی کریں
٭ماؤں کو چاہئے کہ بچوں کی ہر کامیابی کو سراہیں چاہے وہ چھوٹی ہو یا بڑی۔
٭بچوں کو حوصلہ دلائیں کہ ’’تم یہ کرسکتے ہو اور تم اپنے مقصد میں ضرور کامیاب ہو گے۔‘‘
٭بچوں کو ناکامی کے خوف سے آزاد کرائیں اور انہیں کامیابی کا سبق پڑھائیں۔
مشکل وقت میں جذباتی سہارا بنیں
٭امتحانات کے دنوں میں بچے دباؤ اور پریشانی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ان حالات میں ان کی مدد کریں۔
٭ان کے مسائل سنیں اور ان کا حل تلاش کریں۔
٭ایسی باتیں کہیں جس سے ان کا اعتماد بحال ہو۔
٭اگر بچے کسی مضمون میں کمزور ہیں تو انہیں حوصلہ دیں اور ان کی مدد کریں۔
پریکٹس ٹیسٹ کا اہتمام
٭ماؤں کو چاہئے کہ بچوں کے لئے پریکٹس ٹیسٹ کا اہتمام کریں تاکہ وہ امتحان کے ماحول سے واقف ہوسکیں۔
٭روزانہ کی بنیاد پر ہر مضمون کے چھوٹے چھوٹے ٹیسٹ لیں۔ اور ان کی غلطیوں کی نشاندہی کریں اور انہیں درست کروائیں۔
٭بچوں کو وقت کے مطابق پرچہ حل کرنے کی عادت ڈلوائیں۔
٭ان کے ہر ٹیسٹ کے نتائج پر ان کی رہنمائی کریں اور بہتری کے لئے تجاویز دیں۔
بچوں کی ذہنی صحت کا خیال رکھیں
٭اگر بچے ذہنی دباؤ یا پریشانی میں ہیں تو ان سے بات کریں اور ان کی پریشانی حل کریں۔
٭بچوں کے لئے تفریح کا وقت بھی مختص کریں۔ جیسے واک پر جانا، پسندیدہ کھانا تیار کرنا وغیرہ۔
٭بچوں کو مثبت رہنے کی ترغیب دیں اور انہیں بتائیں کہ ہر حال میں خوش رہنا ہے۔
مذکورہ بالا اقدامات بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور کامیابی حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔