• Thu, 12 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹھنڈ کا موسم بھلا لگتا ہے مگر اس میں اپنا تحفظ ضرور کریں

Updated: December 12, 2024, 4:50 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

موسم سرما میں لاحق ہونے والے طبی مسائل سے بچنے کیلئے کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں روزمرہ غذا میں شامل کرکے سردیوں میں کئی عارضوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ اس ضمن میں قابل ذکر چکن ہے سوپ یا مرغی کا شوربہ جو زکام کے بیکٹیریاز سے بچانے میں مدد کرتے ہیں اور توانائی بھی فراہم کرتے ہیں

Winter fruits are rich in vitamin C, which is great for immunity. Photo: INN
موسم ِ سرما کے پھل وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں جو مدافعت کے لئے بہترین ہیں ۔ تصویر: آئی این این


موسمِ سرما میں نزلہ، زکام، کھانسی اور فلو جیسی بیماریاں عام ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چکن سوپ، رس دار پھل، لہسن، پیاز، ادرک، مچھلی اور کالی مرچ کا کھانے میں استعمال مذکورہ بیماریوں سے بچنے کے لئے انتہائی مفید ہے۔ 
 ماہرین کے مطابق موسم سرما میں ہونے والی بیماریوں سے بچنے کیلئے کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں روزمرہ غذا میں شامل کرکے سردیوں میں ان بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ جن میں قابل ذکر چکن سوپ یا مرغی کا شوربہ ہے، یہ ویسے تو ہر موسم میں بہتر غذا ہے لیکن خاص سردی کے موسم میں اس کا استعمال زکام کے وائرس سے بچانے میں بڑی مدد کرتا ہے اور اگر اس میں اُبلی ہوئی سبزیاں (بروکلی، گوبھی، گاجر وغیرہ) بھی شامل کرلی جائیں یعنی سادہ چکن سوپ کی جگہ چکن ویجی ٹیبل سوپ پیا جائے تو اس کے مفید اثرات اور بھی نمایاں ہوجاتے ہیں۔ 
 موسم ِ سرما کے پھل مسمی، نارنگی، کینو وغیرہ اینٹی آکسیڈینٹ خوبیوں سے بھر پور ہوتے ہیں اور ان میں شامل وٹامن سی سردی میں ہماری صحت کے لئے انتہائی مفید ہے۔ لہٰذا ان پھلوں کو اپنی روزانہ کی خوراک کا حصہ بنائیں اور سٹرس فروٹس کے ساتھ ٹماٹر، سرخ مرچ، آلو اور شکرقندی کو بھی اپنی خوراک کا حصہ بنائیں۔ 
سبز پتوں والی سبزیاں 
 سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، ساگ، اجوائن کے پتے اور ہری پیاز بھی سرد موسم کی ایسی سوغات ہیں جو ہمیں اندر سے مضبوط بناتی ہیں اور بیماریوں سے لڑنے کی قوت عطا کرتی ہیں۔ سردیوں میں جب مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے تو ایسے کھانے جن میں زنک کی مقدار زیادہ ہو ہمارے لئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ زنک والے کھانوں میں کالے چنے، لوبیا، انڈے، گوشت امرود اور انار وغیرہ شامل ہیں۔ سردی کی آمد کے ساتھ ہی سرد موسم کی سبزیاں اور پھل بھی بازار میں ملنا شروع ہوجاتے ہیں، ان سبزیوں اور پھلوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں اور نیچے دیئے گئے کھانوں کو اپنی خوراک میں شامل کریں تاکہ آپ کی قوت مدافعت ٹھنڈ سے کمزور نہ ہو۔ 
مچھلی
 سردی کے موسم میں سی فوڈ یعنی مچھلی شوق سے کھائی جاتی ہیں۔ سردیوں میں مچھلی کھانے کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ طبی ماہرین موسم سرما میں اس کے بھرپور استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ مچھلی میں وافر مقدار میں سیلینیم پایا جاتا ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط کرکے موسم سرما کے دوران نزلہ زکام سے محفوظ رہنے میں مدد دیتا ہے۔ 
شہد میں شفا ہے
 شہد میں شفا ہے جس میں وٹامنز اور منرلز کے ساتھ بے شمار اینٹی آکسیڈینٹ خوبیاں شامل ہیں، جو آپ کے جسم میں موسمی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہیں اور سردی سے متاثر نہیں ہونے دیتی۔ 
خشک میوہ جات کا لطف اٹھائیں 
 خشک میوہ جات سردی میں کسی اکسیر سے کم نہیں لیکن ان کا استعمال صبح کے ناشتے میں کریں تاکہ یہ معدے پر بھاری نہ ہوں اور معدے کو ان کو ہضم کرنے میں آسانی ہو اور جسم سارا دن ان کی توانائی سے مستفید ہوسکے، خشک میوہ جات میں بادام، اخروٹ اور پستے کے علاوہ کشمش، انجیر اور خشک خوبانی کو بھی شامل کریں۔ 
دیسی گھی کا استعمال
 دیسی گھی سے متعلق عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ یہ چربی کی وجہ سے نقصاندہ ہے مگر بہت سی میڈیکل تحقیقات کے مطابق خالص دیسی گھی جسم سے بُری چکنائی کا خاتمہ کرتا ہے۔ دیسی گھی کا ایک چمچہ روازنہ صبح کو اپنی خوراک کا حصہ بنائیں تاکہ سردی کی خشکی آپ کو متاثر نہ کرے۔ 
کالی مرچ، اجوائن اور ہینگ
 ان تینوں چیزوں کو اپنی روزانہ کی خوراک میں شامل کریں۔ خاص طور پر اپنی چائے اور قہوے میں ان کا استعمال بڑھائیں تاکہ آپ کو ٹھنڈ نہ لگے۔ کالی مرچ، اجوائن اور ہینگ آپ کے جسم کے درجہ حرارت کو معتدل رکھتی ہیں۔ 
گُر کا استعمال
 گُڑ جہاں آپ کے نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے وہیں یہ جسم کی قوت مدافعت کو مضبوط بنانے میں بھی انتہائی مدد گار ہے۔ اس موسم میں قہوے اور میٹھے کھانے میں چینی کے بجائے گُڑ استعمال کریں۔ خاص طور پر چائے میں چینی کی جگہ گُڑ کے چند ٹکڑے شامل کریں۔ 
لہسن
 اپنی اینٹی بیکٹریا اور اینٹی وائرل خوبیوں کی وجہ سے لہسن سردی کی سب سے زبردست خوراک ہے، جو بے شمار خوبیوں کے ساتھ ساتھ سردی میں ہماری قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے اور ہمیں سردی کے اثرات سے محفوظ رکھتا ہے، ان کھانوں کے ساتھ ساتھ سردیوں میں دودھ، مچھلی اور پانی کا استعمال بھی کریں۔ n

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK