کمفرٹ زون سے باہر نکلنا آسان نہیں لیکن یہ کامیابی کیلئے بہت ناگزیر قدم ہے۔ اگر آپ اپنی زندگی میں تبدیلی، ترقی اور کامیابی چاہتی ہیں تو اپنے خوف کو پس پُشت ڈال دیں، چیلنجز کو قبول کریں اور نئی دنیا کا سامنا کریں۔ یاد رکھیں، کامیابی کا پہلا قدم کمفرٹ زون کے دروازے سے باہر قدم رکھنا ہے۔
کمفرٹ زون سے باہر نکلے بغیر آپ کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ تصویر: آئی این این
کامیابی کا خواب ہر شخص دیکھتا ہے لیکن اسے حقیقت میں بدلنا محض خواب دیکھنے پر منحصر نہیں۔ یہ عمل، محنت، لگن اور نئے چیلنجز کو قبول کرنے کا متقاضی ہے۔ اکثر لوگ کامیابی کے سفر پر نکلنے سے پہلے ہی رک جاتے ہیں کیونکہ وہ کمفرٹ زون میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ کمفرٹ زون وہ جگہ ہے جہاں زندگی آسان، متوقع اور محفوظ لگتی ہے۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ دنیا کی بڑی کامیابیاں کمفرٹ زون سے باہر نکل کر ہی حاصل کی جاتی ہیں۔ کمفرٹ زون کیا ہے؟کمفرٹ زون ایک نفسیاتی حالت ہے جہاں ایک فرد خود کو محفوظ اور بے خوف محسوس کرتا ہے۔ یہ وہ جگہ ہوتی ہے جہاں ہم اپنی روزمرہ کی عادات، رویے اور معمولات میں مگن رہتے ہیں اور کسی قسم کی تبدیلی یا غیر متوقع حالات کا سامنا کرنے سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کمفرٹ زون میں رہنا وقتی طور پر خوشی اور اطمینان تو دے سکتا ہے لیکن یہ ہماری ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ بن سکتا ہے۔ زندگی کے بڑے مواقع اور کامیابیاں اسی وقت ممکن ہوتی ہیں جب ہم اپنے کمفرٹ زون کی حدود کو توڑ کر آگے بڑھتے ہیں۔ بلاشبہ خواتین اپنے کمفرٹ زون سے باہر آکر ترقی کے کئی منازل طے کرسکتی ہیں۔ مسلسل اس زون میں رہنے سے یہ نقصانات ہوسکتے ہیں:
ذہنی جمود: کمفرٹ زون میں رہنے سے ہماری سوچ محدود ہو جاتی ہے۔ ہم نئی مہارتیں، خیالات اور تجربات سے محروم رہتے ہیں جو ہمیں آگے بڑھنے میں مدد دے سکتے ہیں اور ہماری آنے والی کامیابی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ آگے بڑھنا ہے، کامیابی حاصل کرنی ہے تو ذہنی جمود کو توڑنا بیحد ضروری ہے۔
خوف اور ہچکچاہٹ: جب ہم خود کو چیلنجز سے دور رکھتے ہیں تو نئی صورتحال کا سامنا کرنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ رویہ ہمیں کمزور اور زندگی کی سختیوں سے فرار حاصل کرنے پر اکساتا ہے۔ مجھے ان باتوں کا خود تجربہ بھی رہا ہے۔ کسی سمینار، ورکشاپ یا کسی بھی ایونٹ میں جانا، لمبا سفر کرنا وغیرہ سے مجھے خوف محسوس ہوتا تھا اور ہچکچاہٹ بھی۔ جب تک میں نے اپنے خوف کا دامن تھامے رکھا میں کوئی قدم نہیں بڑھا پائی۔
ناکامی کا خوف: کمفرٹ زون میں رہتے ہوئے ہم ہمیشہ ناکامی سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ ناکامی ہی سیکھنے کا اہم ذریعہ ہے۔ ناکامی کا خوف اتنا شدید ہوتا ہے کہ ہم کسی کام کی ابتدا ہی نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ جب تک آپ شروعات نہیں کریں گے ناکامی کا خوف غالب رہے گا۔
مواقع سے محرومی: کامیابی، تجربات اور نئی مہارتیں سیکھنے کے مواقع ہر فرد کی زندگی میں آتے ہیں۔ ہم انہیں چھوڑ دیتے ہیں یا ان سے فائدہ اٹھاتے ہیں یہ ہم پر منحصر ہوتا ہے۔ جب ہم اپنی حدود کو توڑنے سے ڈرتے ہیں تو وہ مواقع ضائع کر دیتے ہیں جو ہمیں زندگی میں آگے لے جا سکتے ہیں۔
کمفرٹ زون سے باہر نکلنے کے فوائد
ذاتی ترقی: کمفرٹ زون سے باہر نکلنے کے بعد ہم نئے تجربات حاصل کرتے ہیں، جو ہماری شخصیت کو مضبوط اور متحرک بناتے ہیں۔
اعتماد میں اضافہ: جب ہم چیلنجز کو قبول کرتے ہیں اور کامیابی حاصل کرتے ہیں، تو ہماری خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔
لچکدار رویہ: زندگی کے مختلف حالات کا سامنا کرنے سے ہم مشکلات کے لئے تیار ہو جاتے ہیں اور زیادہ لچکدار رویہ اختیار کرتے ہیں۔
نئی مہارتوں کا حصول: کمفرٹ زون سے باہر نکل کر ہم نئی مہارتیں سیکھتے ہیں جو ہمارے کریئر اور ذاتی زندگی میں کامیابی کے دروازے کھولتی ہیں۔
کمفرٹ زون سے باہر نکلنے کیلئے حکمت عملی
چھوٹے چھوٹے قدم: ہر بڑی تبدیلی چھوٹے اقدام سے شروع ہوتی ہے۔ اپنی زندگی میں معمولی تبدیلیاں کریں، جیسے نئی سرگرمیوں میں حصہ لینا یا نئی مہارتیں سیکھنا۔
خوف کا سامنا: آپ جن باتوں سے خوفزدہ ہیں ان کی فہرست تیار کریں اور آہستہ آہستہ ان کا سامنا کریں۔ یہ عمل آپ کو مضبوط اور بااعتماد بنائے گا۔
ناکامی سے دلبرداشتہ نہ ہوں: ناکامی کو ایک سبق سمجھیں اور اس سے سیکھنے کی کوشش کریں۔ یہ کامیابی کے سفر کا ایک حصہ ہے۔
اپنے مقاصد طے کریں: واضح اور قابل حصول مقاصد بنائیں۔ ان مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ جب ہم مقاصد طے کرکے اس کے حصول کے لئے مسلسل کوشش کرتے ہیں تو بہتر نتائج ضرور حاصل ہوتے ہیں۔
نئے تجربات حاصل کریں: اپنی زندگی میں تجربات کرتے رہیں۔ یہ آپ کی زندگی کو متنوع اور دلچسپ بناتے ہیں۔ نئی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
مثبت سوچ والوں کی صحبت: ایسے لوگوں کے ساتھ وقت گزاریں جو آپ کو چیلنجز کا سامنا کرنے کی ترغیب دیں اور آپ کی حوصلہ افزائی کریں۔