• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیا آپ جانتی ہیں ڈائٹ پلان کتنا ضروری ہے؟

Updated: July 30, 2024, 1:43 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

جو لوگ صحتمند ڈائٹ پلان پر عمل کرتے ہیں ان کی صحت اچھی رہتی ہے۔ اپنی صحت کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ اپنے کھانے پینے کا خاص خیال رکھیں۔ صحتمند کھانا نہ صرف آپ کا وزن برقرار رکھنے کے لئے مدد کرتا ہے بلکہ آپ کو کئی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔

When you think of healthy food, salad can be the best alternative. Photo: INN
جب آپ صحتمند کھانے کا سوچتی ہیں تو سلاد بہترین متبادل ہوسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

آپ نے دیکھا ہوگا کہ کچھ لوگ اکثر بیمار پڑتے ہیں جبکہ کچھ لوگ زیادہ تر ہشاش بشاش نظر آتے ہیں۔ اس کی وجہ ہماری کھانے پینے کی عادت ہوتی ہے۔ جو لوگ صحتمند ڈائٹ پلان پر عمل کرتے ہیں ان کی صحت اچھی رہتی ہے۔ اپنی صحت کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ اپنے کھانے پینے کا خاص خیال رکھیں۔ صحتمند کھانا نہ صرف آپ کا وزن برقرار رکھنے کے لئے مدد کرتا ہے بلکہ آپ کو کئی بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔
پروسیسڈ فوڈ ترک کردیں
 سب سے پہلی چیز، پروسیسڈ فوڈ کی جگہ ہول فوڈ (وہ کھانے جن کو کسی کیمیکل یا مصنوعی طریقے سے تیار نہ کیا گیا ہو) کو ترجیح دیں۔ پروسیسڈ فوڈ کے برعکس ایسی اشیاء کھانے کی کوشش کریں جن میں ضروری اجزاء جیسے پروٹین، فائبر، نشاستہ اور صحتمند چربی موجود ہوں۔ پیکٹ میں بند اور پروسیس شدہ کھانوں کے بجائے تازہ پھل اور سبزیاں کھانے کی کوشش کریں، فرق آپ کو خود نظر آئے گا۔
میٹھے مشروبات کی جگہ پانی پئیں
 بازار میں دستیاب مشروبات آپ کی صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان میٹھے مشروبات کے بجائے مناسب مقدار میں پانی پئیں۔ اس سے نہ صرف آپ اپنی صحت میں تبدیلی محسوس کریں گی بلکہ آپ کی جلد اور دماغی صحت میں بھی بہتری آئیگی۔ آپ قدرتی مشروبات کو بھی ترجیح دے سکتی ہیں۔
سلاد کھانا فائدہ مند
 جب آپ صحتمند کھانے کا سوچتی ہیں تو سلاد بہترین متبادل ہوسکتا ہے۔ اپنے کھانے میں ہری سبزیاں یا سلاد شامل کرنے کی کوشش کریں۔ سلاد کھانے سے آپ کا پیٹ بھی بھرا رہے گا اور بھوک محسوس نہیں ہوگی۔ ان میں صحتمند اور غذائیت سے بھرپور تمام اجزاء شامل ہوتے ہیں جس کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے۔
مچھلی زیادہ کھائیں
 صحتمند کھانوں کی طرف قدم بڑھانے کے لئے مچھلی کا گوشت بہترین ہے۔ کیونکہ یہ فیٹی ایسڈ اور اومیگا تھری سے بھرپور ہوتی ہے۔ جو آپ کے دماغ اور دل کی صحت کے لئے انتہائی مفید ہیں۔ اس کا ذائقہ بھی انتہائی لذیذ ہوتا ہے۔ تو آپ کے لئے اس میں فائدہ ہی ہے۔
تیل کا کم سے کم استعمال
 اعتدال کے ساتھ اچھے فیٹس، صحتمند زندگی اور متوازن غذا کا لازمی حصہ ہیں، لیکن ہم اپنی روز مرہ غذا میں تیل کی زیادہ مقدار کھانے کےعادی ہیں۔ جو کہیں نہ کہیں ہماری صحت کو نقصان پہنچا رہا ہوتا ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہےکہ اپنے تیل استعمال کرنے کے لیول کو جانچیں اورصحتمند متبادل کا انتخاب کریں۔
چینی کا استعمال کرتے وقت محتاط رہیں
 ضرورت سے زیادہ چینی کا استعمال آپ کےمیٹابولزم کو خراب کرتا ہے۔ درحقیقت چینی کے نتیجے میں آپ کے جسم کو ایسی کیلوریز ملتی ہیں، جس کے غذائی فوائد نہیں ہوتے۔ اس کے علاوہ چینی کا زیادہ استعمال وزن بڑھا سکتا ہے۔ چینی کو مکمل طور پر چھوڑ دینا تو یقیناً ممکن نہیں، لیکن اسے محدود ضرور کردینا چاہئے۔ کاربونیٹڈ ڈرنکس سے دوری اختیار کریں اور مٹھائی یا چاکلیٹ کے بجائے پھلوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
جب باہر کھانا کھائیں تو صفائی کا خیال رکھیں
 جب بھی باہر کھانے کا سوچیں تو صحتمند کھانا پسند کریں اور وہی کھائیں۔ ایسے کھانوں کا انتخاب کریں جو ہیلدی فیٹس اور پروٹینز سے بھرپور ہوں۔ گو کہ کبھی کبھی اپنی خواہش کے مطابق کھا لینا بھی ٹھیک ہے مگر پھر بھی اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب بھی باہر کھانا کھائیں تو جتنا ممکن ہوسکے ہلکے پھلکے پکوان کو ہی ترجیح دیں۔
فائبر سے بھرپور غذائیں
 اپنی ڈائٹ میں فائبر سے بھرپور چیزوں کو ضرور شامل کریں، اپنی غذا میں فائبر کا استعمال زیادہ رکھیں تاکہ آپ کی آنتیں حرکت میں رہیں اور آپ تندرست و توانا رہیں۔ فائبر کی وافر مقدار پرمشتمل کچھ کھانوں میں تازہ پھل اور سبزیاں شامل ہیں جو آپ کےجسم میں فائبرکی سطح کو برقرار رکھتی ہیں۔
خود کو بھوکا نہ رکھیں
 صحتمند کھانے سے مراد خود کو بھوکا رکھنا یا کم کھانا نہیں ہے۔ اس کا مطلب صرف صحتمندانہ متبادل کا انتخاب کرنا ہے۔ جن میں غذائی اجزاء اور ہیلدی کاربوہائیڈریٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہوں۔ جو آپ کا پیٹ بھی بھر دیں اور صحت کیلئے بھی بہترین ہوں۔ اپنے کھانوں کی منصوبہ بندی کریں اور اس پر سختی سے عمل کرنے کی کوشش کریں۔ لیکن کبھی بھی کھانا کھانا مت چھوڑیں۔ لنچ یا ڈنر ضرور کریں، کیونکہ ان کو چھوڑنا کبھی بھی آپ کی صحت اور جسم کیلئے اچھا نہیں۔
 ان ساری باتوں پر عمل کریں اور اپنی خوراک میں توازن برقرار رکھیں اور ہمیشہ صحت بخش کھانوں سے لطف اندوز ہوں۔ اس کے علاوہ روزانہ کم از کم ۳۰؍ منٹ ہلکی پھلکی ورزش کریں۔ نیز ۸؍ گھنٹہ سوئیں تاکہ آپ ہمیشہ ہشاش بشاش رہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK