اپنے بچوں کو سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال کاگر سکھائیے، اُس کیلئے اپنا قیمتی وقت نکالئے، ذاتی طور پر ضوابط بنایئے۔
EPAPER
Updated: February 21, 2024, 12:05 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
اپنے بچوں کو سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال کاگر سکھائیے، اُس کیلئے اپنا قیمتی وقت نکالئے، ذاتی طور پر ضوابط بنایئے۔
سوشل میڈیا کا استعمال ہر کوئی کر رہا ہے۔ بچے بھی کررہےہیں لیکن کچھ بچے اس کے محفوظ طریقے سے واقف نہیں ہیں جس سے وہ بیٹھے بٹھائے مصیبتوں کو د عوت دے دیتے ہیں۔ آج یہاں یہاں اہم کچھ تجاویز پیش کی جارہی ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنے بچوں کو سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال کا گر سکھاسکتی ہیں۔
(۱) سوشل میڈیا استعما ل کرنے والے اپنے بچوں سے بات چیت کیجئے کہ انہیں کسی قسم کی پریشانی تو نہیں ہورہی ہے۔ اگر آپ ایسا سمجھتی ہیں تو اپنے بچے کو اعتماد میں لیجئے اور انتہائی سکون سے غصے کے بغیر اس کی بات سنئے۔ اگر اسے کوئی تنگ کررہا ہے، اس پر طنز کرر ہاہے یا اس کا مذاق اُڑارہا ہے، اپنے تبصروں سے اسے احساس کمتری میں مبتلا کررہا ہے۔ یا اسے کوئی دھمکی آمیز پیغامات بھیج رہا ہے تو اس صورت میں آپ کو کیا کر نا چاہئے؟ فوری طور پر اس پہلو سے غور کیجئے اوران مسائل کا مناسب حل نکالئے۔
(۲) اپنے گھر میں ذاتی طورپر سوشل میڈیا کے استعمال کے چند ضوابط مقرر کرلیجئے جن سے گھر کا ہرفرد متفق ہو۔ یہ طے کیاجائے کہ کوئی بچہ کس حد تک، کن اوقات اور کن افراد کی موجودگی میں سوشل میڈیا کا استعمال کرسکتا ہے؟ یہ آپ اسی وقت طے کرلیجئے، جب آپ کا بچہ سوشل میڈیا استعمال کرنا شروع کردے۔ اپنے ضوابط پر سختی سے عمل کیجئے۔
(۳) کچھ سوشل میڈیا کےا ستعمال کیلئے عمر کی حد مقرر ہو تی ہے۔ اگر آپ کے بچے کی عمر کم ہو تو اسے غیرقانونی راستہ اپنانے کی اجازت نہ دیجئے۔
(۴) آپ کا بچہ سوشل میڈیا کا جو پلیٹ فارم استعمال کرنے کا خواہش مند ہے، آپ اس کی راز داری کی پالیسی اور ضابطہ اخلاق کے بارے میں مکمل طور پر معلوما ت حاصل کیجئے۔ یہ بھی دیکھئے کہ کیا متعلقہ پلیٹ فارم بچوں کی پوسٹ پر نظر رکھتا ہے۔ ساتھ ہی بچے کا صفحہ خود بھی وقفے وقفے سے دیکھتی رہئے۔
(۵) اپنے بچے کو اس کے ان آن لائن دوستوں سے رابطہ کرنے کی اجازت دیجئے جنہیں وہ پہلے سے جانتا ہے۔ اس سلسلے میں آپ اس کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیجئے، یادرکھئے کہ اپنے بچے کو اجنبیوں سے دور رکھنے کیلئے اس کے حقیقی دوستوں سے ملانا ضروری ہے۔
(۶) اپنے بچے کو مشورہ دیجئے کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال تعمیری سرگرمیوں کیلئے کرے۔ وہ اس پر اپنی پسند کی نظمیں اور کہانیاں پوسٹ کرے، کارآمد ویڈیوز دیکھے۔ جیسے جیسے اس کی عمر بڑھے، اسے مشورہ دیجئے کہ وہ اپنے کچے پکے خیالات بھی دوسروں تک پہنچائے۔ سوشل میڈیا پر لوگ تبصرے کرتےہیں، اصلاح کرتےہیں۔ آپ بھی ان تبصروں کو غور سے پڑھئے۔ خامیوں کی اصلاح کیجئے مگر زیادہ تعریف پر مطمئن نہ ہوجائیے بلکہ اسے مزید نکھاریئے۔