زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے مستقل مزاجی کا ہونا بہت ضروری ہے۔ کاروباری دنیا میں رہنما خواتین اپنی تمام تر دشواریوں کے باوجود جوش و جذبے اور مستقل مزاجی سے کام کرتی ہیں، جس کا نتیجہ آخر کار کامیابی کی صورت میں نکلتا ہے۔
EPAPER
Updated: December 17, 2024, 4:36 PM IST | Odhani Desk | Mumbai
زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے مستقل مزاجی کا ہونا بہت ضروری ہے۔ کاروباری دنیا میں رہنما خواتین اپنی تمام تر دشواریوں کے باوجود جوش و جذبے اور مستقل مزاجی سے کام کرتی ہیں، جس کا نتیجہ آخر کار کامیابی کی صورت میں نکلتا ہے۔
آج پوری دنیا میں خواتین اپنی صلاحیت کا لوہا منوا رہی ہیں۔ کئی کمپنیوں کی بھاگ دوڑ بھی سنبھال رہی ہیں۔ اگر ان کی کامیابی کا راز معلوم کیا جائے تو انکشاف ہوگا کہ ان کی چند خوبیاں انہیں دوسروں سے ممتاز کرتی ہیں۔ دراصل وہ اپنا موازنہ دوسروں سے نہیں کرتیں۔ اپنے کام میں قابلیت و لیاقت پر دھیان دیتی ہیں اور ان میں دوسروں کے معاملات میں بے جا مداخلت کرنے کی عادت نہیں ہوتی۔ وہ سنی سنائی باتوں پر توجہ نہیں دیتیں اور جو بھی فیصلہ کرنا ہوتا ہے، ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ کرتی ہیں۔ اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لئے زیادہ دلچسپی سے کام کرتی ہیں۔ بااثر خواتین بااعتماد ہوتی ہیں اور ان کے چہرے پر مسکان سجی رہتی ہے۔ وہ غصے پر قابو پاکر یا غلطی کو نظر انداز کرکے اپنے ماتحت افراد کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔ اس مضمون میں ان خوبیوں کے بارے میں تفصیل سے جانئے جو بااثر خواتین میں پائی جاتی ہیں:
خطرہ مول لینے کی صلاحیت
بااثر خواتین خطرہ مول لینے کی طاقت، ناکامی سے سیکھنے کی صلاحیت اور منفی تنقید سے نمٹنا جانتی ہیں۔ جس کام پر یقین ہوتا ہے، اس پر ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، خواہ چیلنج کتنا بھی مشکل ہو، اگر اسے قبول کیا ہے تو کر گزرتی ہیں۔ بااثر خواتین ہر قسم کی رکاوٹوں اور سیٹ بیکس کے لئے ذہنی طور پر تیار رہتی ہیں۔ حتیٰ کہ ناپسندیدہ لوگوں کے ساتھ بھی گزارا کرنا پڑتا ہے۔ غربت سے امارت کی طرف آنے میں جے کے رولنگ کی کہانی استقامت، حوصلے اور اعتماد کی عظیم مثال ہے۔
اپنی پہچان بنانا
بااثر خواتین میں ویژن، ثابت قدمی، ہمدردی وغیرہ جیسی خوبیاں پائی جاتی ہیں۔ وہ اپنے لئے آزادانہ بنیادوں پر کام کرنے کی جگہ بناتی ہیں، جہاں وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اس طرح کام کرسکیں جیسے گھر بیٹھے خواتین ای کامرس میں قائدانہ کردار ادا کرتی ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ورک کلچر کو تبدیل کیا جائے، جس میں سب سے بڑا محرک آن لائن بزنس ہے جس نے ہماری خواتین کو معاشرتی جبر سے آزاد کردیا ہے۔
بروقت فیصلہ کرنا
بااثر خواتین ماحول کے حساب سے خود کو ڈھال کر اپنے لئے کامیابیوں کے راستے کھولتی ہیں۔ اس لئے خواتین لیڈرز میں کام کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت ہوتی ہے اور یہی عادت ان کی کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے۔ ساتھ ہی اگر کوئی خراب مشورہ دے تو اسے برداشت اور نظر انداز کردیتی ہیں، جیسے کبھی کچھ ہوا ہی نہیں۔ ٹیکنالوجی کی دنیا میں کام کرنے والی خواتین اس ضمن میں بہت محتاط رہتی ہیں اور انہیں یہ ہنر بخوبی آتے ہیں کہ وہ بروقت فیصلہ سازی کی صلاحیت سے مالامال ہوتی ہیں۔
مستقل مزاجی
زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے مستقل مزاجی کا ہونا بہت ضروری ہے۔ کاروباری دنیا میں رہنما خواتین اپنی تمام تر دشواریوں کے باوجود جوش و جذبے اور مستقل مزاجی سے کام کرتی ہیں، جس کا نتیجہ آخر کار کامیابی کی صورت میں نکلتا ہے۔ ایسی سیکڑوں مثالیں موجود ہیں، جن میں پے در پے ناکامیوں کے بعد پائیدار کامیابیوں کا حصول ممکن ہوا۔
ڈٹ کر مقابلہ کرنا
کامیاب خواتین مشکل حالات میں ہمت نہیں ہارتیں۔ اگرمجبور ہوں تو کسی ناگزیر وجہ کے بغیر چھٹی نہیں کرتیں بلکہ اپنے کام مینج کرتی ہیں۔ کاروباری دنیا میں آنے کے بعد خواتین کو اعتماد اور حوصلے سے ڈٹ کر کام کرنے کی ضرورت پڑتی ہے اور یہی عادت اور خوبی تمام خواتین رہنماؤں میں پائی جاتی ہے۔
نظرانداز کرنے کا ہنر
کامیاب خواتین کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ وہ غیر ضروری باتوں کو بڑی آسانی سے نظرانداز کر دیتی ہیں۔ اس خوبی کے سبب انہیں آگے بڑھنے میں مدد ملتی ہے۔
دوسروں کو آگے بڑھنے کا موقع دینا
بااثر خواتین اپنے ساتھ کام کرنے والوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ اپنے ماتحت کے لئے راہیں ہموار کرتی ہیں۔ ان کی اچھی کارکردگی کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں۔
اپنی رائے پیش کرنا
کامیاب خواتین کام کاج کے دوران پورے اعتماد کے ساتھ اپنی رائے پیش کرتی ہیں۔ اور اپنے کولیگز کی رائے کا بھی احترام کرتی ہیں۔
ناکامی قبول کرنا
قائدانہ صلاحیت رکھنے والی خواتین گر کر سنبھلنے میں یقین رکھتی ہیں۔ وہ اپنی ہار قبول کرکے آگے بڑھنے کا ہنر بخوبی جانتی ہیں۔
اچھا سلوک
بااثر خواتین دوسروں کے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہیں۔ ان کے لہجے میں نرمی ہوتی ہے اور چہرے پر مسکراہٹ ہوتی ہے۔