دفتر اور گھر کے کام کاج کے درمیان توازن قائم نہ ہونے کی وجہ سے زندگی الجھ کر رہ جاتی ہے۔ اکثر کام کا دباؤ خواتین کی ذہنی و جسمانی صحت کو متاثر کرتا ہے۔ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے وہ اپنی زندگی کو آسان بنا سکتی ہیںلیکن صرف خواب دیکھنے سے نہیں ہوگا بلکہ اسے حقیقت کا روپ دینے کیلئے دل و جان سے محنت بھی کرنی ہوگی۔
پلاننگ کے ساتھ دن کا آغاز کیا جائے تو بہت سے کام آسان ہوسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔
یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اپنی زندگی مثبت اور منظم انداز میں گزارتے ہیں یا غیر منظم انداز میں۔ اسے اچھے کاموں میں گزارتے ہیں یا بیکار قسم کی مصروفیات میں۔ اگر ہم نے اسے منظم انداز میں نہیں گزارا تو مشکلوں میں پھنس کر رہ جائیں گے۔ جو لوگ زندگی کے اس قانون کو جانتے ہیں وہ ہمیشہ منظم اور بامقصد زندگی گزارتے ہیں۔
منظم انداز میں اپنی زندگی گزارنے کے لئے سب سے پہلے خود کو ذہنی طور پر تیار کریں۔ بعض دفعہ ہم صحیح اور غلط کے فرق کو سمجھ نہیں پاتے۔ اس کے لئے ہمیں اپنے ذہن کو تیار کرنا ہوگا۔ گزرتے وقت کے ساتھ انسان بے حد مصروف ہوگیا ہے۔ خاص طور پر خواتین پر ذمہ داریوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے۔ انہیں منظم منصوبہ بندی کے ساتھ اپنی زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ دفتر اور گھر کے کام کاج کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اکثر کام کا بہت زیادہ دباؤ ان کی ذہنی و جسمانی صحت کو بے حد متاثر کرتا ہے۔ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے آپ اپنی زندگی کو آسان بنا سکتی ہیں:
صبح جلدی اٹھنے کی عادت
زندگی کو منظم بنانے کے لئے صبح جلدی اٹھنے کی عادت ڈالیں۔ پلاننگ کے ساتھ دن کا آغاز کیا جائے تو بہت سے کام آسان ہوسکتے ہیں۔ طے شدہ جاگنے کے اوقات سے اپنے دن کا آغاز کریں اور مثبت سوچ کے ساتھ دن کا آغاز کریں۔
ناشتہ کبھی نہ چھوڑیں
روزانہ غذائیت سے بھرپور ناشتہ کریں۔ دن کی پہلی غذا آپ کو ہشاش بشاش رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ صحت بخش غذائیں آپ کو کئی بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہیں اور آپ کی جلد کی شادابی بھی برقرار رہتی ہے۔ لہٰذا رات بھر کے خالی پیٹ کو صبح ایک صحت بخش ناشتے سے بھریں اور دن بھر چست و درست رہیں۔
ورزش کریں
روزانہ کم سے کم ۳۰؍ منٹ ورزش کریں۔ ورزش آپ کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کے لئے بھی مفید ہے۔ ورزش آپ کو دن بھر توانا رکھنے میں مدد کرتی ہے، جس سے دن بھر کے بآسانی انجام پاسکتے ہیں۔
اولین ترجیحات
دن کے آغاز میں اپنی اولین ترجیحات کی فہرست مرتب کریں، مقاصد کا تعین آپ کی زندگی میں نظم و ضبط لائے گا۔ ماہرین کے مطابق، زندگی کو کسی مقصد کے تحت گزارنا آپ کو صحتمند رکھتا ہے، ایسے افراد طویل عمر پاتے ہیں۔
مثبت سوچ کے حامل افراد کا ساتھ
اگر آپ کے آس پاس مثبت سوچ رکھنے والے قابل افراد ہیں تو آپ بھی مثبت سوچیں گی۔ اس طرح آپ میں اچھا اور تعمیری کام کرنے کا جذبہ اور زیادہ پروان چڑھے گا۔
برقی آلات سے دوری
اکثر دیکھا گیا ہے کہ کچھ لوگوں کو صبح اٹھتے ہی پہلا کام موبائل فون یا سوشل میڈیا کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔ حالانکہ یہ نہ صرف آپ کا وقت ضائع کرتا ہے بلکہ ذہن کو بھی الجھا دیتا ہے۔ اس لئے کوشش کریں کہ ایسی مصروفیات سے خود کو جس حد تک ممکن ہوسکے دور رکھیں۔
ڈائری لکھنے کی عادت
اپنے پاس ہمیشہ ایک ڈائری رکھیں اور اس میں اپنے دن بھر کے معمولات یا اہم باتوں کو لکھیں۔ اس سے اپنے ہدف کی طرف بڑھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ ساتھ ہی آپ کا جو بھی ارادہ ہو اس کو لکھنے کی عادت ڈالیں اور اسے دن میں دو بار پڑھیں۔ یہ ایک آسان نسخہ ہے جس کے کوئی مضر اثرات بھی نہیں ہیں۔
مخلص شخص کی رائے
خاندان میں یا دفتر میں سے کسی مخلص شخص کو تلاش کریں جو آپ کی صحیح رہنمائی کرسکے اور آپ کو آپ کے ممکنہ فیصلے کے بارے میں فیڈ بیک دے سکے۔ کسی غیر جانبدار شخص کی تلاش اور اس سے فیڈبیک لینا کلیدی حیثیت کا حامل ہے کیونکہ ایسا شخص آپ کے ذہن میں موجود اہداف کے حصول میں کافی مددگار ہوسکتا ہے۔
بہتری کی کوشش
زندگی میں آگے بڑھنا چاہتی ہیں تو ہمیشہ خود میں بہتری لانے کی کوشش کریں۔ بدلتے دور کے ساتھ خود کو اَپ گریڈ کریں، اس طرح آپ اپنی زندگی میں ترقی کرسکے۔
منصوبہ بندی کرنا اور خواب دیکھنا انتہائی مثبت عمل ہے لیکن صرف خواب دیکھنے سے نہیں ہوگا بلکہ اسے حقیقت کا روپ دینے کیلئے دل و جان سے محنت بھی کرنی ہوگی۔ کسی بھی کام کو اس کے انجام تک پہنچانے کیلئے مستقل مزاجی انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس لئے اپنی زندگی کو آج ہی سے منظم بنانے کی کوشش کریں۔ چند چھوٹے چھوٹے اقدامات سے آپ اپنی زندگی کو منظم بنا سکتی ہیں اور اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں، یہی کامیاب زندگی کا راز ہے۔