• Mon, 03 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

خوش گفتاری: کامیاب تعلقات کا بنیادی ستون

Updated: February 03, 2025, 1:16 PM IST | Nikhat Anjum Nazimuddin | Mumbai

یہ ایسی خصوصیت ہے جو انسان کی شخصیت کو نکھارتی ہے اور اس کے دیگر افراد کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بناتی ہے۔ خوش گفتاری کے ذریعے ہم نہ صرف دوسروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ خود اپنی زندگی کو بھی خوشگوار بنا سکتے ہیں۔ اس کا آس پاس کے ماحول پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے۔

The biggest benefit of politeness is that it strengthens relationships. Photo: INN.
خوش گفتاری کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ تعلقات کو مضبوط بناتی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

خوش گفتاری انسان کی شخصیت کا وہ اہم وصف ہے جو نہ صرف انفرادی کامیابی میں معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ معاشرتی روابط قائم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ ایک ایسی خوبی ہے جو فرد کی ذہنی اور جذباتی پختگی کو استحکام بخشتی ہے۔ ہماری خوش کلامی اور عمدہ عادات و اطوار کی وجہ سے اطراف کا ماحول خوشگوار ہوجاتا ہے۔ خوش گفتاری محض شیریں بیانی یا خوبصورت باتیں کرنے پر موقوف نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے عمدہ آداب اور سلیقے کا مجموعہ ہے جس کے ذریعے ہم دیگر لوگوں کے ساتھ بات چیت کرتے وقت عزت، محبت اور احترام کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اس سے ہمارے گھر کے ماحول اور ہماری تربیت کا اندازہ بھی ہوتا ہے۔ خوش گفتاری محض خوبصورت الفاظ یا ہنر مندی سے بات کرنے تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسی عادت ہے جس میں ہمارے الفاظ اور ہمارا رویہ دونوں ہی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ ایک ایسی خصوصیت بھی ہے جس سے متعلقہ انسان کے ذہنی ارتقاء اور فکر کی گہرائی کا اندازہ ہوتا ہے۔ ایک خوش گفتار شخص نہ صرف دیگر لوگوں سے بہتر تعلقات استوار کرتا ہے بلکہ وہ اپنی ذات میں بھی پرسکون اور مطمئن ہوتا ہے۔ اس کے الفاظ لوگوں کے لئے تسلی، خوشی اور دلاسے سے بھرپور ہوتے ہیں۔ وہیں اسے اعتبار ذات بھی حاصل ہوتا ہے کیونکہ اس کی خوش گفتاری کی وجہ سے لوگ اس کی بات کو اہمیت دیتے ہیں، عزت واحترام سے پیش آتے ہیں اور اس کے عمدہ اخلاق سے متاثر ہوتے ہیں۔ ہمارے لئے اخلاق کا بلند رکھنا اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ ہمارے مذہب میں اچھے اخلاق، نرم رویے اور خوش کلامی کی بارہا تلقین کی گئی ہے۔ 
خوش گفتاری کے فوائد
خود اعتمادی میں اضافہ: خوش گفتاری ہماری شخصیت میں خوداعتمادی کا سبب بنتی ہے۔ جب ہم دوسروں کے ساتھ اچھے الفاظ میں بات کرتے ہیں تو یہ عمل نہ صرف ہماری شخصیت کو نکھارتا ہے بلکہ اس کی وجہ سے خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ دیگر افراد کے ساتھ ہم کلام ہوتے ہوئے نرمی اور محبت کا رویہ اپنانا ہماری اندرونی قوت اور بردباری کو ظاہر کرتا ہے۔ 
مضبوط اور خوشگوار تعلقات: خوش گفتاری کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ تعلقات کو مضبوط بناتی ہے۔ چاہے وہ خونی رشتے ہوں، دوستانہ تعلقات ہوں یا پیشہ ورانہ روابط۔ ہر جگہ ہماری خوش گفتاری ایک پل کی مانند کام کرتی ہے جو دوسروں کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مستحکم بنا دیتی ہے۔
مفاہمت اور مسائل کا حل: اس خوبی کو اپناکر اختلافات اور تنازعات کو بھی آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے۔ جب ہم نرم لہجہ اختیار کرتے ہیں اور سنجیدہ مسائل پر بھی خوش اخلاقی سے بات کرتے ہیں تو لوگ ہماری بات کو بہتر طور پر سمجھتے ہیں اور باہمی رضامندی سے مسئلے کا حل ڈھونڈا جاتا ہے۔ غلط فہمیوں کے بادل چھٹ جاتے ہیں۔ خوشگوار تعلقات کا ابر چھا جاتا ہے۔ 
ذہنی سکون: خوش گفتاری ذہن کو سکون بخشتی ہے۔ جب ہم نرم اور مثبت انداز میں بات کرتے ہیں تو ہمارے اندرون میں منفی جذبات اور رجحانات کی جگہ کم ہوتی ہے جس سے ذہنی سکون برقرار رہتا ہے۔ یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ خوش گفتاری سے ہماری اندرونی توانائی کو مثبت سمت مل جاتی ہے۔ 
خوش گفتاری کے مندرجہ ذیل اصول ہیں
مہذب زبان کا استعمال: مہذب زبان اور لفظوں کے انتخاب میں احتیاط خوش گفتاری کا اساس ہے۔ اسکی بنیادی شرط یہ ہے کہ ہم جو زبان استعمال کریں وہ مہذب ہو۔ مہذب زبان کا استعمال ہماری شخصیت میں وزن، عزت اور وقار پیدا کرتا ہے۔ 
اچھا سامع ہونا بھی ضروری ہے: خوش گفتاری محض گویائی تک محدود نہیں بلکہ سننے کی صلاحیت بھی اس کا حصہ ہوتی ہے۔ جب ہم دوسروں کی باتوں کو توجہ سے سنتے ہیں اور ان کی رائے کا احترام کرتے ہیں تو اس سے ہماری شخصیت کا اچھا تاثر قائم ہوتا ہے اور تعلقات میں بہتری آتی ہے۔
اگلے فریق کے خیالات کو اہمیت دینا: جب ہم خوش اخلاقی سے بات کرتے ہیں اور اگلے شخص کے خیالات اور رائے کو اہمیت دیتے ہیں تو متعلقہ شخص کو واضح طور پر سمجھ آتا ہے کہ ہم ان کی باتوں کو رد نہیں کرنا چاہتے بلکہ ان کے نقطۂ نظر کو سمجھنا چاہتے ہیں اور اس نقطۂ نظر کا احترام کرنا چاہتے ہیں۔ 
نرمی اور تحمل: اس عمل میں نرمی اور تحمل کی خاص اہمیت ہے۔ جب ہم نرمی سے بات کرتے ہیں تو نہ صرف خود کو بہتر طریقے سے پیش کرتے ہیں بلکہ دوسروں کے ساتھ بھی بہتر تعلقات قائم کرتے ہیں۔ نرمی سے بات کرنے سے ہمارا پیغام دوسروں تک بہتر طریقے سے پہنچتا ہے۔
غرض خوش گفتاری ایسی خصوصیت ہے جو انسان کی شخصیت کو نکھارتی ہے اور اس کے دیگر افراد کے ساتھ تعلقات کو مستحکم بناتی ہے۔ اس لئے خوش گفتاری کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK