• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

خواتین میں قائدانہ صلاحیت کے فروغ کیلئے رہنما اصول

Updated: May 27, 2024, 11:39 AM IST | Nikhat Anjum Nazimuddin | Mumbai

کچھ خواتین انفرادی طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں تو کچھ قائدانہ کردار ادا کرکے بطور سربراہ اپنے ادارہ کی رہنمائی کر رہی ہیں۔ اگر ہم ان تمام خواتین کی زندگی کا مطالعہ کریں جو اپنے شعبہ جات میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں تو ہم محسوس کریں گے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کچھ منفرد عادتوں اور اصولوں کو اپنایا ہے۔

The ability to make timely decisions propels women forward. Photo: INN.
بروقت فیصلہ کرنے کی صلاحیت خواتین کو آگے بڑھاتی ہے۔تصویر: آئی این این۔

مختلف شعبہ جات میں خواتین کی کارکردگی میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے۔ سیاست، انتظامیہ، شعبہ صحت، درس و تدریس، سائنس اور ٹیکنالوجی غرض تمام شعبوں میں خواتین اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہی ہیں۔ کچھ خواتین انفرادی طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں تو کچھ قائدانہ کردار ادا کرکے بطور سربراہ اپنے ادارہ کی رہنمائی کر رہی ہیں۔ ڈولی پارٹن کہتی ہیں کہ، ’’اگر آپ کا عمل ایک ایسے ورثے کو جنم دیتا ہے، جو دوسروں کو مزید بڑھ کر خواب دیکھنے، مزید سیکھنے، مزید کام کرنے اور مزید بہتر بننے پر مائل کرے تو آپ ایک شاندار لیڈر ہیں۔‘‘
اگر ہم ان تمام خواتین کی زندگی کا مطالعہ کریں جو اپنے شعبہ جات میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں تو ہم محسوس کریں گے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کچھ منفرد عادتوں اور اصولوں کو اپنایا ہے۔ آئیے ہم خواتین میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے کچھ رہنما اصول ملاحظہ کریں:
مستقل مزاجی
مستقل مزاجی کے بغیر کامیابی ممکن نہیں۔ ابتدا میں اگر کسی شخص کو کام میں ناکامی ہاتھ آئے تو تھک کر بیٹھ نہ جائے بلکہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر اور اپنی کمزوریوں پر کام کرکے مستقل مزاجی کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھا جائے، بے شک کامیابی ضرور حاصل ہوگی۔ میری پی ایچ ڈی کی ریسرچ کا موضوع ’’بیگمات بھوپال‘‘ سے متعلق ہے۔ ان چاروں خواتین نے بالترتیب ۱۰۰؍ سال سے زائد بھوپال پر حکمرانی کی ہے۔ اپنے دور حکومت میں انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور ڈٹ کر حالات کا مقابلہ کیا۔ وہ استقامت، عظمت اور حوصلے کی عظیم مثال ثابت ہوئیں۔ چاروں خواتین کی اسٹڈی اور ریسرچ میں مَیں نے ایک بات مشترک پائی کہ ان سبھی نے مستقل مزاجی کے ساتھ بنا ڈرے، بنا رکے امور سلطنت اور ترقیاتی کام انجام دیئے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا نام تاریخ میں سنہرے لفظوں میں درج ہے۔
فیصلہ سازی
بروقت معقول فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والی خواتین اپنے لئے بہت جلد ترقی کے راستے ڈھونڈ لیتی ہیں۔ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، خود کو اَپڈیٹ رکھتے ہوئے اور اپنی معلومات میں اضافہ کرتے رہنے سے آپ میں یہ صلاحیت پروان چڑھتی ہے۔ بقول تانیہ ٹیلر، ’’آپ کے فیصلوں کا معیار آپ کی زندگی کا معیار طے کرتا ہے۔‘‘
ماحول اور حالات سے مطابقت
اپنے ارد گرد کے ماحول سے مطابقت پیدا کر لینا بہت سے مسائل کو ختم کر دیتا ہے اور اپنی راہ میں حائل جذباتی رکاوٹوں کو دور کرکے آگے بڑھا جاسکتا ہے۔ اس لئے ماحول کے مطابق خود کو ڈھالنا آپ کی کامیابی کی ضمانت ثابت ہوگا۔
قوت برداشت
اگر آپ کا مقصد عظیم ہے تو آپ میں قوت برداشت بھی زیادہ ہونی چاہئے کیونکہ اپنے مقصد کی تکمیل کیلئے ناسازگار حالات اور رکاوٹوں بھرے راستے سے گزرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کی منفی باتوں کو سننا اور تلخ رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر آپ ان تمام باتوں میں الجھ گئیں تو آگے بڑھنے کا مقصد فوت ہوجائے گا، اس لئے چیزوں، رویوں اور منفی تنقید کو برداشت کریں یا نظر انداز کریں۔
خود اعتمادی
پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھانے والی خواتین کبھی کبھی ’ڈی موٹیویٹ‘ ہوجاتی ہیں۔ ان حالات میں ہمارا خود پر اعتماد ہی ہوتا ہے جو ہمیں آگے بڑھنے کا راستہ اور مواقع فراہم کرتا ہے۔ خود پر اعتماد رکھیں۔ منفی باتوں اور خیالات سے خود کو دور رکھیں۔
ڈٹے رہنا
آپ جہاں کام کررہی ہیں وہاں آپ کو مشکل حالات اور مخالفت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ان حالات میں اپنے موقف پر استقامت سے ڈٹے رہنا بے حد ضروری ہے۔ اپنے کام کو اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں سے انجام دینا، ٹیم کو ساتھ لے کر چلنا آپ کو نیا عزم نیا حوصلہ دے گا۔
روز مرہ کی سرگرمیوں کی تنظیم
اگر ہم اپنے روزمرہ کے کاموں اور انجام دی جانے والی سرگرمیوں کا منظم نظم کر لیں تو طے شدہ کام بہت آسانی سے انجام پاتے ہیں اور ان کاموں میں ترتیب بھی ہوتی ہے۔ اسی طرح اگلی منصوبہ بندی کے لئے راہ ہموار ہوتی ہے۔ سازگار ماحول تیار ہوتا ہے اور تمام افراد کو اپنی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع فراہم ہوتا ہے۔
مثبت نقطۂ نظر
خواتین چاہے وہ کسی ادارہ کی سربراہ ہوں یا انفرادی طور پر اپنی خدمات انجام دے رہی ہوں ان کا نقطۂ نظر مثبت ہونا چاہئے۔ ان کا مثبت نقطۂ نظر ادارے اور ٹیم کو باہمی تعاون کے ساتھ مقابلے کی دوڑ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ مثبت نظریہ، خوشگوار ماحول اور معاشرے کے قیام میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK