آپ نے کبھی محسوس کیا ہوگا کہ آپ کا کوئی اپنا پہلے ہنستا بولتا تھا لیکن اب اس کی مسکراہٹ پھیکی پڑ گئی ہے اور وہ افسردہ رہنے لگا ہے۔ عین ممکن ہے کہ ایسے شخص کے ذہن میں کوئی طوفان چل رہا ہو۔ اس کی جسمانی صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ اسے نیند نہ آنے کی شکایت ہوسکتی ہے ۔ یہ ضروری ہے کہ ایسے شخص کی مدد کی جائے۔
آپ کا کوئی قریبی اگر دفتری کام کاج کے سبب پریشان ہے تو آپ اس کے کام میں ہاتھ بٹا سکتی ہیں۔ تصویر: آئی این این۔
انسان کی زندگی میں غم اور خوشی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ کبھی ہم پریشان رہتی ہیں تو کبھی ہمارے اپنے۔ آپ نے کبھی محسوس کیا ہوگا کہ آپ کا کوئی اپنا پہلے ہنستا بولتا تھا لیکن اب اس کی مسکراہٹ پھیکی پڑ گئی ہے اور وہ افسردہ رہنے لگا ہے۔ عین ممکن ہے کہ ایسے شخص کے ذہن میں کوئی طوفان چل رہا ہو۔ اس کی جسمانی صحت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ اسے نیند نہ آنے کی شکایت ہوسکتی ہے ساتھ ہی ہر وقت سستی طاری رہتی ہوگی۔ وہ اکثر چھوٹی چھوٹی باتوں سے پریشان ہوسکتا ہے اور اعتماد کی کمی محسوس کرسکتا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ایسے شخص کی مدد کی جائے اور یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ آخر اس کے ذہن میں کیا چل رہا ہے۔ کئی مرتبہ ذہنی دباؤ، فیملی یا رشتوں میں مسائل، کام کا دباؤ یا صحت کی پیچیدگیاں کسی کو ذہنی طور پر پریشان کرسکتی ہیں۔ ان کے علاوہ کوئی ڈر یا مایوسی بھی اداسی کا سبب بن سکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں اس شخص کو ’اموشنل ہیلپ‘ کی ضرورت ہوتی ہے۔ جذباتی مدد کے ذریعہ وہ خود کو پُرسکون محسوس کرسکتا ہے۔ آپ کی مدد کسی اپنے کو دوبارہ خوشحال زندگی کی جانب گامزن کرسکتی ہے۔ وہ مدد کیسے کی جائے یہاں جانئے:
ہمیں کیا کرنا چاہئے؟
جب ہمارا کوئی قریبی کسی پریشانی میں مبتلا ہوتا ہے تو ممکن ہے کہ آپ اس کی پریشانی دور کرنا چاہتی ہوں گی لیکن اس سے قبل آپ کو مدد کے لئے درست طریقہ اپنانا ہوگا۔
سب سے پہلے یہ سمجھنا ہوگا کہ اس شخص کا موڈ خراب کیوں ہے اور اس کے رویے میں کون کون سی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ وہ پہلے کی طرح بات نہیں کر رہا، کھانا نہیں کھا رہا یا صرف اپنے فون میں مصروف رہتا ہے۔ یہ علامات ہوسکتی ہیں کہ اس شخص کی زندگی میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔
اس صورت میں آپ اُس کی جذباتی مدد کریں۔ اس کا حوصلہ بڑھائیں۔ مگر ایسی کوئی حرکت نہ کریں جس سے معاملہ بگڑ جائے۔ اس ضمن میں چند باتوں کا خیال رکھیں:
بغیر مانگے کوئی صلاح نہ دیں۔
اس شخص کی بات سنیں۔
اسے ذمہ دار ٹھہرانے کی غلطی نہ کریں۔
ہنسی مذاق میں بھی ایسی بات نہ کہیں جس سے اسے تکلیف پہنچے۔
اس کے بارے میں کوئی رائے قائم نہ کریں۔
گفتگو کے دوران کوئی منفی بات نہ کریں۔
اسے کمزور محسوس ہونے نہ دیں۔
پریشان شخص کی مدد اس طرح کریں
اُس کی بات سنیں: جب کوئی اداس ہو تو بغیر روک ٹوک کے اس کی باتیں سنیں۔ اس کے جذبات کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ اس سے وہ اچھا محسوس کرسکتا ہے۔ صرف گردن ہلا کر، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اور سوال پوچھ کر آپ یہ ظاہر کرسکتی ہیں کہ آپ سچ میں اس کے لئے فکرمند ہیں اور اس کی پریشانی دور کرنے میں اُس کی مدد کرنا چاہتی ہیں۔
حوصلہ دیں: جب کوئی شخص برے دور سے گزرتا ہے تو اس کا اعتماد کمزور ہوجاتا ہے۔ اس صورتحال میں اسے اس کی کامیابیوں کے بارے میں بتائیں۔ اس کی خوبیوں سے آگاہ کریں۔ اس نے جن مصائب کا ڈٹ کر سامنا کیا تھا، وہ یاد دلائیں اور اس کی حوصلہ افزائی کریں۔ اس سے اس کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور اچھا محسوس کرے گا۔
تعریف کریں: جب آپ اُس کی خوبیوں اور اچھے کاموں کے بارے میںبات کرتے ہیں تو اسے احساس ہوتا ہے کہ وہ آپ کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔ اس کی تعریف کریں۔ اس سے اسے ہمت ملے گی۔
اس کے نظریے کو سمجھیں: صورتحال کو اس کے نظریے کے مطابق سمجھنے کی کوشش کریں۔ یہ سمجھنے کی کوشش کریں کہ اسے کیسا محسوس ہو رہا ہے اور اسے اس وقت کس چیز کی ضرورت ہے۔ کبھی کبھی آپ کا ساتھ بھی اس کے لئے کافی ہوتا ہے۔
وقت گزاریں: ایک ساتھ وقت گزارنے سے وہ شخص اپنی پریشانی بھول سکتا ہے۔ وہ پُرسکون محسوس کرسکتا ہے۔ اس دوران مثبت باتیں کریں۔ کوئی پرانا قصہ یاد کریں۔ اس سے اس شخص کو اپنا غم یا پریشانی بھولنے میں مدد ملتی ہے۔
کسی کام میں مدد کریں: آپ کا کوئی قریبی اگر دفتری کام کاج کے سبب پریشان ہے تو آپ اس کے کام میں ہاتھ بٹا سکتی ہیں۔ اس طرح اس کا اسٹریس کم ہوگا۔ ساتھ ہی وہ ہلکا پھلکا محسوس کرے گا۔
ہنسی مذاق: ہلکے پھلکے انداز میں کی گئی مزاحیہ باتیں موڈ کو بہتر بناتی ہیں۔ حالانکہ اس دوران اس کے جذبات کا مذاق نہ اڑائیں۔ ایسی مزاحیہ باتیں کریں کہ اُس کے چہرے پر مسکراہٹ آجائے۔
سیلف کیئر کا مشورہ: اسے سمجھائیں کہ اپنا خیال رکھ کر وہ ذہنی و جسمانی طور پر صحتمند رہ سکتا ہے۔ اسے روزانہ ورزش یا یوگا کرنے کے لئے آمادہ کریں۔ اچھی کتابیں پڑھنے کا مشورہ دیں۔ انسان کی اچھی صحت کے لئے آرام ضروری ہوتا ہے یہ بات اسے سمجھائیں۔ اس سے وہ جلد ہی اپنی پریشانی سے باہر نکل سکتا ہے اور اپنی معمول کی زندگی پر دوبارہ گامزن ہوسکتا ہے۔