• Tue, 11 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کامیاب ہونا چاہتی ہیں تو اِن باتوں کا خیال رکھیں

Updated: February 11, 2025, 12:53 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

ملازمت پیشہ خواتین کو اپنے کریئر میں آگے بڑھنے کیلئے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض دفعہ ناکامی کا خوف انہیں اہم فیصلہ کرنے سے روک دیتا ہے۔ البتہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے منفی خیالات اور خوف پر قابو پانا سیکھنا ہوگا۔ سب سے اہم بات مثبت سوچ اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، یقیناً وہ کامیاب ہوں گی۔

To fulfill your responsibilities at home and in the office, you need to use your time wisely. Photo: INN.
گھر اور دفتر کی ذمہ داریاں بخوبی نبھانے کے لئے آپ کو اپنے وقت کا درست استعمال کرنا ہوگا۔ تصویر: آئی این این۔

ہر ملازمت پیشہ خاتون اپنے کریئر میں کامیاب ہونا چاہتی ہے۔ آگے بڑھنے اور ترقی کے حصول کی سچی لگن ہو تو کامیابی قدم چوم لیتی ہے۔ اس کیلئے مستقل مزاجی کے ساتھ ساتھ چند دیگر باتیں پر بھی توجہ دینی ہوتی ہے:
ناکامی کے خوف پر قابو پائیں
ملازمت پیشہ خواتین کی کثیر تعداد ناکامی کے انجانے، ان دیکھے خوف کے زیر اثر صلاحیتوں کا بھرپور اظہار نہیں کرپاتی۔ منفی خیالات ذہن کو الجھا دیتے ہیں جو کامیابی کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہوتی ہے۔ اپنے خوف پر قابو نہ پایا جائے تو آگے بڑھنا مشکل ہوجاتا ہے اور ناکامی کے ان دیکھے خوف حقیقت کا روپ دھارتے نظر آتے ہیں۔ لہٰذا آگے بڑھنا ہو تو منفی خیالات اور خوف پر قابو پانا ازحد ضروری ہے مگر اس کے لئے اپنی صلاحیتوں اور توانائی کو ضائع نہ کریں بلکہ انہیں نظرانداز کردیں۔ کامیابی کے نت نئے طریقے سوچیں، مثبت سوچ اور جذبے کے ساتھ کامیابی کے حصول کو ممکن بنائیں۔
پورے اعتماد کے ساتھ اپنی بات کہیں
دفتری میٹنگز میں یا کولیگز کے درمیان کسی بھی معاملے میں ہونے والی گفتگو یا بحث کے دوران اپنی بات کا اظہار کرنے سے ہچکچائیں نہیں۔ کچھ خواتین لوگوں کے سامنے اپنی بات کہنے یا اپنا موقف بیان کرنے سے ہچکچاتی ہیں۔ یہ ہچکچاہٹ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہوسکتی ہے۔ اکثر و بیشتر کمپنی کی بہتری یا کسی بھی دفتری معاملے میں ملازمین سے آراء طلب کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر اپنی بات دلائل کے ساتھ پیش کرنا پراعتماد شخصیت کی نشانی ہے۔
تنقید سے گھبرائیں نہیں
بیشتر خواتین تنقید سے گھبراتی ہیں۔ بعض اوقات تو وہ ملازمت چھوڑنے کا بھی ارادہ کر لیتی ہیں۔ تنقید ہونے پر وہ مایوس ہوجاتی ہیں۔ اگر تنقید مثبت ہو تو اصلاح کی کوشش کرنی چاہئے۔ تنقید کو مثبت لیتے ہوئے کامیابی کی منزل کی جانب بڑھتے رہنا چاہئے۔ البتہ اگر تنقید برائے تنقید ہو تو بہتر یہی ہے کہ اپنے مثبت اور پراعتماد رویے سے تنقید کرنے والے کو مثبت جواب دیا جائے اور بہترین ردعمل یہ ہے کہ تنقید کا اثر نہ لیا جائے۔ اپنے ذہن و دل اور سوچوں کو اپنے قابو میں رکھنے اور خوش رہنے کا ہنر سیکھ لیں۔
سب اچھا ہونے کی توقع بیکار ہے
پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھنے والی خواتین ایسی ملازمت کی توقع رکھتی ہیں جہاں تنخواہ شاندار ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات مہیا ہوں اور اس دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے، تاہم، اکثر و بیشتر یہ توقعات پوری نہیں ہوتیں۔ مسائل اور زندگی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ اسی لئے عملی زندگی میں اکثر سب کچھ توقعات کے مطابق نہیں ہوتا۔ ترقی کی راہ میں اتار چڑھاؤ آگے رہتے ہیں۔ کامیاب وہی ہوتے ہیں جو توقعات کے پورا نہ ہونے پر گھبرانے کے بجائے ناموافق حالات کا ہمت سے مقابلہ کرتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ عملی زندگی میں قدم رکھتے ہوئے ناموافق حالات کے لئے خود کو ذہنی طور پر تیار رکھیں۔
غلطیوں سے سیکھیں
غلطیاں سبھی سے ہوتی ہیں۔ اکثر بہتر کارکردگی پیش کرنے کے لئے جلد بازی میں بھی کئی غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ اپنی ہر غلطی سے سبق سیکھنے اور اس کو دوبارہ نہ دہرانے کی عادت زندگی میں بہتری کی جانب گامزن کرتی ہے۔ اس کے برعکس غلطیوں کی نشاندہی پر احساس ِکمتری کا شکار ہوجانا یا غصے کا اظہار کرنا راہ کی رکاوٹ ثابت ہوتا ہے۔
اپنی شخصیت کو بہتر بنائیں
خواتین کسی بھی عہدے پر فائز ہوں اور ان پر کتنی ہی بڑی ذمے داریوں کا بوجھ کیوں نہ ہو، اپنی شخصیت کے نکھار کے لئے ہمیشہ کوشاں رہتی ہیں اور یہی کامیاب خواتین کی نشانی ہے۔ یہ بات جان لیں، اعتماد کے بغیر آپ کی شخصیت میں نکھار پیدا نہیں ہوگا۔ خود اعتمادی، سادگی میں بھی نکھار پیدا کردیتی ہے۔ لہٰذا اپنے اندر اعتماد پیدا کریں۔
ہمت نہ ہاریں
کوشش کریں کہ اپنے کام کو بہتر سے بہتر انداز میں انجام دیں۔ چاہے اس کے لئے مطالعہ درکار ہو یا تحقیق کرنی پڑے، محنت و لگن ہی کے ذریعہ آپ کامیاب ہوسکتی ہیں۔ پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار کے لئے اس سے متعلقہ کورسیز وغیرہ کرسکتی ہیں۔ اس سب کے باوجود بعض اوقات سخت مشکل کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔ ایسے میں ہمت ٹوٹتی محسوس ہوتی ہے۔ یاد رکھیں کہ مشکلات اور مسائل کامیابی کی کنجی ہوتے ہیں۔ ان سے شکست کھانے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنا سیکھیں۔
ورک لائف بیلنس کرنا
گھر اور دفتر کی ذمہ داریاں بخوبی نبھانے کے لئے آپ کو اپنے وقت کا درست استعمال کرنا ہوگا۔ گھر اور دفتر کے مابین توازن برقرار رکھیں گی تو پیشہ ورانہ کے ساتھ ساتھ گھریلو زندگی بھی ہمواری سے آگے بڑھتی رہے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK